
اے آئی
امریکہ اور اسرائیل لگاتار حملوں کے ذریعہ ایران کو پوری طرح تباہ کرنے پر آمادہ ہے، لیکن ایران بھی اپنی پوری طاقت کے ساتھ اس جنگ کو لڑنے کا عزم ظاہر کر چکا ہے۔ دونوں طرف سے حملوں اور جوابی حملوں کا دور بھی جاری ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اسرائیل نے جہاں ایران کے پریسڈنٹ ہاؤس پر حملہ کر دیا ہے، وہیں ایران نے بھی یروشلم پر بیلسٹک میزائلیں داغی ہیں۔ اس جنگ نے خلیجی ممالک کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ فکر انگیز بات یہ ہے کہ امریکہ و اسرائیل کے حملوں میں تقریباً 800 افراد کی ہلاکت ہو چکی ہے اور سینکڑوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اسی طرح ایرانی حملوں میں بھی سینکڑوں ہلاکتوں کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ آئیے یہاں تازہ ترین اپڈیٹ پر سرسری نظر ڈالیں…
Published: undefined
اسرائیل نے ایران کے پریسیڈنٹ ہاؤس پر حملہ کر دیا ہے۔ جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، ان میں بتایا جا رہا ہے کہ ایران کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کی عمارت پر بھی اسرائیل نے فضائی حملہ کیا ہے۔
ایران کی جانب سے کیے گئے تازہ ترین بیلسٹک میزائل حملہ کے بعد یروشلم اور اطراف کے علاقوں میں سائرن بجنے لگے ہیں۔ جن علاقوں میں سائرن بج رہے ہیں وہاں کے شہریوں کو آئندہ اطلاع تک شیلٹر ہوم میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ آئی ڈی ایف کا کہنا ہے کہ وہ میزائلوں کو مار گرانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
ایرانی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کا کہنا ہے کہ امریکہ-اسرائیل کے فضائی حملوں میں اب تک ایران میں کم از کم 787 افراد مارے گئے ہیں۔ سینکڑوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن کا علاج مختلف اسپتالوں میں چل رہا ہے۔
مشرق وسطیٰ میں لڑائی تیز ہونے کے ساتھ ہی ریاست ہائے متحدہ امریکہ نے بیان جاری کر دیا ہے کہ وہ اسرائیل سے اپنے شہریوں کو نہیں نکال سکتا۔ یروشلم میں واقع امریکی سفارت خانہ نے تمام امریکی سرکاری ملازمین اور ان کے خاندانوں کو اگلے حکم تک اپنے گھروں میں اور اس کے آس پاس ہی پناہ لینے کو کہا ہے۔
ایران نے منگل کی علی الصبح ریاض میں واقع امریکی سفارت خانہ پر ڈرون سے حملہ کیا اور مشرقِ وسطیٰ میں کئی دیگر مقامات کو بھی نشانہ بنایا۔ سعودی عرب کی وزارت دفاع کے مطابق 2 ڈرون حملوں سے معمولی آگ لگنے اور نقصان کی اطلاع ہے۔ سفارت خانہ نے امریکیوں سے کمپاؤنڈ سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔
فاکس نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ عالمی تیل سپلائی کے لیے ایک اہم بحری گزرگاہ آبنائے ہرمز بند نہیں ہے۔ ایرانی حکام کے بیانات کے باوجود امریکہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کھلی ہے۔ دوسری جانب ایران کی اسلامک ریولوشنری گارڈ کور (IRGC) نے ایک بار پھر کہا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز کو بند کر دیا ہے۔
ایران میں زلزلہ کے بعد سوشل میڈیا پر سوال کیا جا رہا ہے کہ کہیں یہ ایران کا نیوکلیئر ٹیسٹ تو نہیں؟ کیونکہ جنگ میں ایران کے نیوکلیئر سائٹس پر حملے ہو رہے ہیں۔ حالانکہ ماہرین اور یو ایس جی ایس نے واضح کیا کہ 4.3 شدت کا زلزلہ نیوکلیئر ٹیسٹ جیسا نہیں ہوتا۔ نیوکلیئر ٹیسٹ میں عموماً زیادہ شدت اور مختلف پیٹرن ہوتا ہے۔ یہ بات بھی غور کرنے والی ہے کہ جہاں زلزلہ آیا ہے، وہ علاقہ ایران میں زلزلوں کے لیے جانا جاتا ہے۔ یہاں سال میں کئی چھوٹے موٹے جھٹکے آتے رہتے ہیں۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے ساتھ فون پر بات چیت کی ہے۔ چین نے کہا کہ وہ ایران کو اس کی خودمختاری، سلامتی، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے دفاع میں حمایت دیتا ہے۔ چین اس کے جائز و قانونی حقوق اور مفادات کو برقرار رکھنے میں بھی اس کا ساتھ دیتا ہے۔ چین نے امریکہ اور اسرائیل سے فوری طور پر فوجی کارروائی روکنے، کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے اور تنازعہ کو وسعت کے ساتھ مشرق وسطیٰ خطے کو اپنی زد میں لینے سے روکنے کی اپیل کی ہے۔
ہندوستان نے منگل کو ایران میں اپنے شہریوں کو انتہائی احتیاط برتنے اور جہاں تک ممکن ہو گھروں کے اندر رہنے کا مشورہ دیا، کیونکہ امریکہ و اسرائیل کے تازہ فوجی حملوں کے پیش نظر وہاں صورتحال بگڑ گئی ہے۔ تہران میں ہندوستانی سفارت خانہ نے کہا کہ ’’ہندوستانی خبروں پر نظر رکھیں، صورتحال کے مطابق بیداری برقرار رکھیں اور ہندوستانی سفارت خانہ کی آئندہ ہدایات کا انتظار کریں۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined