
نیپال کے مکوانپور ضلع میں جمعرات (12 نومبر) کو ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ بھیم پھیدی گاؤں پالیکا-6 میں واقع چساپانی گڑھی کے قریب مسافروں سے بھری ایک الیکٹرک وین (ای وی) بے قابو ہو کر سڑک سے تقریباً 500 میٹر نیچے کھائی میں جا گری۔ حادثہ میں 10 لوگوں کی موت ہو گئی ہے، جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے۔ حادثہ کے بعد جائے وقوعہ پر امدادی کارروائی چلائی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھیش پردیش 03-001 جے 0880 نمبر کی الیکٹرک گاڑی کاٹھمنڈو سے سرلاہی کی جانب جا رہی تھی۔ اسی دوران بھیم پھیدی-کولیکھنی-کاٹھمنڈو روڈ سیکشن پر چساپانی گڑھی کے پاس گاڑی بے قابو ہو کر کھائی میں گر گئی۔ حادثہ میں زخمی لوگوں کو علاج کے لیے اسپتال پہنچایا گیا۔ زخمیوں میں سرلاہی ضلع کے چکرگھٹا گاؤں پالیکا-4 سندرپور ٹول کے رہنے والے 33 سالہ مکیش یادو، 5 سالہ سکشم کمار یادو اور 3 سالہ سُدن یادو شامل ہیں۔ ہیٹونڈا اسپتال میں داخل مکیش یادو کے سر اور پیٹھ میں چوٹ آئی ہے، جبکہ سکشم کمار یادو کے جسم میں اندرونی چوٹیں آئی ہیں۔ دونوں کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ 3 سالہ سُدن یادو کے سر اور منہ میں چوٹ آئی ہے، اس کی حالت درمیانی بتائی گئی ہے۔
مسلح پولیس فورس نیپال کے شریک ترجمان شیلیندر تھاپا نے بتایا کہ حادثہ میں مجموعی طور پر 10 لوگوں کی موت ہوئی ہے اور 5 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا ہے۔ حادثہ کے بعد مقامی انتظامیہ اور سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے راحت اور امدادی کارروائی کی گئی۔ حادثہ کی وجوہات کی تفصیلی تحقیقات کی جا رہی ہے۔
نیپال پولیس کے مطابق 26-2025 مالی سال (جو جولائی کے وسط میں ختم ہوا) کے دوران سڑک حادثات میں 2707 لوگوں کی جانیں گئیں۔ پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں روزانہ اوسطاً 7 لوگوں کی سڑک حادثات میں موت ہوتی ہے اور 82 افراد زخمی ہوتے ہیں۔ عالمی بینک کے ایک مطالعہ سے پتہ چلتا ہے کہ نیپال میں سڑک حادثات کے باعث ہونے والا معاشی نقصان 2007 کے بعد سے 3 گنا بڑھ گیا ہے، جو ملک کی مجموعی قومی پیداوار (جی این پی) کے 1.5 فیصد کے برابر ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔