دیگر ممالک

امریکہ میں 2 ہندوستانیوں سمیت 28 افراد کے خلاف انتخابی دھوکہ دہی کا مقدمہ درج، 2024 کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا الزام

امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق ان افراد پر نومبر 2024 میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے دوران ووٹر کی حیثیت سے اندراج کرانے اور ووٹ ڈالنے کا الزام ہے۔

گرفتار، علامتی تصویر آئی اے این ایس
گرفتار، علامتی تصویر آئی اے این ایس 

امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا میں مبینہ انتخابی دھوکہ دہی کے الزام میں گرین کارڈ رکھنے والے 28 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان میں 2 ہندوستانی شہری بھی شامل ہیں۔ امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق ان افراد پر نومبر 2024 میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے دوران ووٹر کی حیثیت سے اندراج کرانے اور ووٹ ڈالنے کا الزام ہے۔ ہندوستانی ملزمین کی شناخت رینچو پالوس ورڈیس کی رہنے والی 30  سالہ امن دیپ کور اور سیکرامینٹو میں رہنے والے 67  سالہ کملیش نوینت لال شاہ کے طور پر ہوئی ہے۔ محکمۂ انصاف کے مطابق امریکی شہریت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی امن دیپ کور نے مبینہ طور پر دسمبر 2022  میں ووٹر کی حیثیت سے اپنا اندراج کرایا اور 2024  کے صدارتی انتخابات میں اپنا ووٹ ڈالا۔

وہیں کملیش نوینت لال شاہ نے مبینہ طور پر نومبر 2024  میں عام انتخابات کے دن ہی ووٹر کی حیثیت سے اپنا اندراج کرایا اور اسی دن ووٹ بھی ڈال دیا۔ ان کے خلاف ’انفارمیشن‘ نام کے ایک رسمی دستاویز کے ذریعے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ کیلیفورنیا میں صبح کے وقت کی گئی چھاپے ماری کی کارروائی کے دوران گرفتار کیے گئے 11 افراد میں یہ دونوں ہندوستانی بھی شامل ہیں یا نہیں۔ یہ الزامات ’آپریشن پروٹیکٹ دی ووٹ‘ کے تحت عائد کیے گئے ہیں۔ یہ ایک مشترکہ مہم ہے، جس میں کیلیفورنیا میں واقع امریکہ کے چاروں اٹارنی دفاتر شامل ہیں۔ اس کا مقصد انتخابی دھوکہ دہی کی تحقیقات کرنا اور انتخابات کی شفافیت و غیر جانب داری کا تحفظ کرنا ہے۔

محکمۂ انصاف نے بتایا کہ جن 28 غیر ملکی شہریوں پر الزامات عائد کیے گئے ہیں، وہ سبھی ’قانونی مستقل رہائشی‘ (ایل پی آر) یعنی ’گرین کارڈ‘ رکھنے والے ہیں۔ محکمے نے یہ بھی واضح کیا کہ جو لوگ امریکی شہری نہیں ہیں، انہیں امریکہ کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں ہے۔ قائم مقام ڈپٹی اٹارنی جنرل ٹرینٹ میک کاٹر نے بتایا کہ یہ تمام 28 ملزمین ان 20 ہزار سے زیادہ مشتبہ افراد کی فہرست میں شامل تھے، جو امریکی شہری نہ ہونے کے باوجود ووٹر کے طور پر رجسٹرڈ تھے۔ یہ فہرست گزشتہ ہفتے کیلیفورنیا کے انتخابی حکام کے حوالے کی گئی تھی۔

ملزمین کے خلاف شہریت حاصل کرنے کی درخواست میں غلط معلومات دینے اور دھوکہ دہی کے ذریعے ووٹر کے طور پر اندراج کرانے جیسے الزامات شامل ہیں۔ یہ دونوں ہی سنگین جرائم ہیں، جن کے لیے وفاقی جیل میں زیادہ سے زیادہ 5 برس کی سزا ہو سکتی ہے۔ حالانکہ زیادہ سے زیادہ سزا کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہر ملزم کو 5 برس قید کی سزا ہی ہوگی۔ سزا کیا ہوگی، اس کا انحصار الزامات، ثبوتوں اور عدالتی کارروائی کے نتائج پر ہوگا۔ پیر کے روز کیے گئے اعلان سے قبل محکمۂ انصاف نے اس سال تقریباً 90 افراد پر انتخابات سے متعلق مختلف قسم کی بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کیے تھے۔ ان میں 50 ایسے افراد بھی شامل ہیں، جن پر غیر شہری ہونے کے باوجود ووٹ ڈالنے کا الزام ہے۔ نومبر 2024 میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے دوران امریکہ میں 227 ملین (22 کروڑ 70 لاکھ) سے زیادہ رجسٹرڈ ووٹر تھے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔