
مارکو روبیو، ویڈیو گریب
امریکہ اور ہندوستان دو طرفہ تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کے بہت قریب ہیں اور جلد ہی اس پر فیصلہ ہو سکتا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔ پیر (19 اکتوبر) کے روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ ہم فی الحال ہندوستان کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم اس کے بہت قریب ہیں۔ روبیو کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے روسی ایندھن کی فروخت پر عائد کئی پابندیوں کو فی الحال مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے روس سے تیل اور گیس کی خریداری پر پابندیوں کے معاملے پر بھی اپنی بات رکھی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند مہینوں کے دوران ہمیں پابندیوں میں نرمی برتنی پڑی ہے، کیونکہ اس کا اثر عالمی سپلائی اور قیمتوں پر پڑ رہا تھا۔ ہمیں ان تمام چیزوں کو سنبھالنا پڑتا ہے۔ مارکو روبیو نے کہا کہ ہم فی الحال ہندوستان کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم اس کے بہت قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب صدر ڈونالڈ ٹرمپ قومی سلامتی سے متعلق چھوٹ یا اس طرح کے دیگر معاملات پر کوئی فیصلہ کرتے ہیں تو ہم ان باتوں کو بھی ذہن میں رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ملک کے سامنے کئی پیچیدہ عوامل ہوتے ہیں، جنہیں مدنظر رکھنا پڑتا ہے۔
مارکو روبیو نے مزید کہا کہ جغرافیائی صورتحال ایک حقیقت ہے۔ کچھ ممالک کے لیے توانائی کے متبادل ذرائع تلاش کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ یہ کوئی بہانہ نہیں ہے، لیکن خارجہ پالیسی بناتے وقت ان تمام باتوں کے درمیان توازن قائم کرنا پڑتا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو ہندوستان کے دورے پر آنے والے ہیں۔ فی الحال وہ ازبکستان میں ہیں اور منگل کے روز ممبئی پہنچیں گے، جہاں وہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات کریں گے۔
ہندوستان دورے کے دوران توانائی اور تجارتی تعلقات پر خاص طور پر بات چیت ہوگی۔ روبیو جام نگر بھی جائیں گے۔ روبیو سینئر سرکاری عہدیداروں سے ملاقات کریں گے، تاکہ امریکہ اور ہندوستان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط کیا جا سکے، علاقائی اور عالمی پیش رفت پر خیالات کا تبادلہ ہو سکے اور توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا جا سکے۔ روبیو کاروباری افسران سے بھی ملاقات کریں گے، تاکہ سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دیا جا سکے۔ روبیو کا جام نگر کا دورہ انتہائی اہم مانا جا رہا ہے۔ یہاں ریلائنس انڈسٹریز کے زیر انتظام دنیا کی سب سے بڑی ریفائنری واقع ہے۔ جام نگر کی ریفائنری روسی یورال خام تیل کو ریفائن کرنے والی دنیا کی 3 سرکردہ کمپنیوں میں شامل ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔