دیگر ممالک

آبنائے ہرمز کے قریب تجارتی جہاز پر حملہ، انجن روم میں آگ لگنے کے سبب عملے نے مانگی مدد

’شپ ٹو شپ ریڈیو کمیونیکیشن‘ کے مطابق جہاز عمانی ساحل کے قریب تھا جب اس پر حملہ ہوا، جس کی وجہ سے انجن روم میں آگ لگ گئی۔ عملے نے جہاز کا ’کاربن ڈائیآکسائیڈ فائر فائٹنگ سسٹم‘ فعال کر دیا۔

<div class="paragraphs"><p>آبنائے ہرمز / آئی اے این ایس</p></div>

آبنائے ہرمز / آئی اے این ایس

 

آبنائے ہرمز کے مشرقی داخلے کے قریب ایک تجارتی جہاز پر حملے کے بعد آگ لگ گئی۔ ’لندن ٹائمس‘ کے مطابق جمعہ کی شام ’شپ ٹو شپ ریڈیو کمیونیکیشن‘ نے یہ اطلاع دی۔ یہ ریکارڈنگ جو خاص طور پر نیوز ایجنسی ’سنہوا‘ کو ایک ملاح سے ملی تھی، ایک ’اوپن میری ٹائم ریڈیو چینل‘ پر بھیجی گئی تھی۔ اس میں عملے کے ارکان آگ پر قابو پانے کی کوشش کرتے اور مدد طلب کرتے ہوئے نظر آئے۔ کمیونیکیشن کے مطابق جہاز عمانی ساحل کے قریب تھا، جب اس پر حملہ ہوا، جس کی وجہ سے انجن روم میں آگ لگ گئی۔ عملے نے جہاز کا ’کاربن ڈائیآکسائیڈ فائر فائٹنگ سسٹم‘ فعال کر دیا اور بیلسٹ آپریشن کے ذریعے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔

ریکارڈنگ میں کہا گیا ہے کہ جہاز کے ہائیڈرولک سسٹم کی خرابی نے آگ بجھانے کی کوششوں کو مزید پیچیدہ بنا دیا۔ مواصلات کے دیگر حصے میں کئی قریبی جہازوں نے کہا کہ وہ امداد فراہم کرنے کے لیے جائے وقوعہ کی طرف جا رہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں آبنائے ہرمز کے قریب پانی کے جہازوں پر کئی حملے ہوئے ہیں، جس میں بیشتر حملے آبنائے ہرمز کے عمانی سائیڈ کے قریب شپنگ روٹ پر ہوئے۔ اس سے قبل جولائی کے آغاز میں عمان کے ساحل کے قریب آبنائے ہرمز میں ایک کمرشیل جہاں میں آگ لگ گئی تھی۔ امریکہ اور ایران کے مابین بڑھتی ہوئی کشیدگی کی وجہ سے اس اہم آبی گزرگاہ سے جہاز رانی میں خلل پڑ رہا تھا۔ ایسے میں برطانوی میری ٹائم حکام نے وارننگ جاری کی تھی۔

’یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز‘ (یو کے ایم ٹی او) نے کہا کہ انہیں عمان کے کمزار سے تقریباً 8 ناٹیکل میل شمال مغرب میں ایک واقعے کی اطلاع ملی ہے۔ فوجی حکام نے یو کے ایم ٹی او کو بتایا کہ ایک جہاز میں آگ لگ گئی تھی، حالانکہ آگ لگنے کی وجہ کا اب تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ امریکا-ایران جنگ کے درمیان آبنائے ہرمز سے کمرشل شپنگ کافی حد تک رک گئی ہے اور اس اہم بحری راستے سے گزرنے والے جہازوں کی حفاظت کو لے کر تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے۔ امریکی فوج نے پہلے جہازوں سے کہا تھا کہ وہ آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے عمان کے ’کوسٹ لائن‘ کے قریب والے راستے کا استعمال کریں۔ ایران نے ان راستوں سے گزرنے والے جہازوں پر حملہ کیا اور کہا ہے کہ پانی کے راستے سے نیویگیشن پر اس کا کنٹرول ہونا چاہیے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔