
فائل تصویر آئی اے این ایس
دبئی میں ایک ایسا راستہ تیار کیا جا رہا ہے جو مکمل طور پر سونے کا ہوگا۔ یعنی اب لوگ سونے کے راستے پر چل سکیں گے۔ دبئی میں رواں سال کے آخر تک 24 کیریٹ سونے سے بنا ایک پیدل راستہ کھول دیا جائے گا۔ ’گلف ٹوڈے‘ کی رپورٹ کے مطابق دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ نے کہا ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا اور دنیا کا سب سے بڑا سونے کا راستہ ہوگا۔ یہ ابھی سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
’دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ‘ کے کمرشیل سیکٹر کے سینئر ڈائریکٹر راشد الحرمودی نے بتایا ہے کہ سونے کے اس راستے کو آئندہ 2 ماہ میں کھولے جانے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کا مقصد سیاحوں کو ایک منفرد تجربہ فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان ایک تقریب کے دوران کیا، جس کا انعقاد دبئی کی جانب سے ہاتھ سے تیار کردہ روایتی سونے کے سب سے بھاری اور سب سے بڑے جھمکوں کے لیے گنیز ورلڈ ریکارڈ کے 2 نئے اعزاز حاصل کرنے کا جشن منانے کے لیے کیا گیا تھا۔
الحرمودی نے کہا کہ یہ ’گولڈ واک وے‘ دبئی کی اس شناخت کو مزید مضبوط کرنے کی ایک بڑی پہل کا حصہ ہے، جس کے تحت دبئی کو سیاحت اور سونے کی تجارت، دونوں کے لیے ایک اہم عالمی مرکز کے طور پر قائم کیا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ یہاں آنے والے لوگ اور سیاح اس سنہرے راستے پر چل سکیں گے، جو ان کے مطابق اس علاقے میں ایک منفرد تجربہ فراہم کرے گا۔ اس پیدل راستے کے علاوہ انہوں نے ایک نمائش کے منصوبے کے بارے میں بھی بتایا، جس کا مقصد اسے مشرق وسطیٰ میں سونے اور زیورات کی سب سے بڑی تجارتی تقریب بنانا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ میں جنوری 2026 سے کام شروع کرنے والے تھوک سونے کے تجارتی دفاتر کی تعداد میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سونے، زیورات، قیمتی پتھروں اور لگژری گھڑیوں کے خصوصی نئے اسٹورز کی تعداد میں بھی 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ الحرمودی نے کہا کہ ضلع میں توسیع کا کام جاری ہے تاکہ وہاں اپنی موجودگی درج کرانے کی خواہش مند کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کیا جا سکے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔