دیگر ممالک

کویت میں ڈرون حملہ سے 2 اطالوی شہریوں کی موت، ایران کو ٹھہرایا جا رہا ذمہ دار

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کویت اور اٹلی کے وزرائے خارجہ سے فون پر بات کی۔ انہوں نے اس حملہ میں ایران کا ہاتھ ہونے سے انکار کیا اور معاملے کی مشترکہ تحقیقات کرانے کی پیش کش کی۔

<div class="paragraphs"><p>ڈرون کی علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>

ڈرون کی علامتی تصویر / آئی اے این ایس

 

کویت میں 26 نومبر کو ہوئے ڈرون حملوں میں اٹلی کے 2 شہریوں کی موت ہو گئی ہے۔ اٹلی اور کویت نے اس حملے کے لیے ایران کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے، حالانکہ ایران نے اس سے انکار کیا ہے۔ ہلاک ہونے والے دونوں افراد جرمنی کی دفاعی کمپنی رائن میٹل کی اٹلی میں واقع ذیلی کمپنی ’رائن میٹل اٹالیہ‘ میں ٹیکنیشین تھے۔ وہ کویت میں فضائی حملوں کا پتہ لگانے والے ایک دفاعی مرکز میں کام کر رہے تھے۔

اٹلی کے وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے پارلیمنٹ میں بتایا کہ جمعرات کی دوپہر تقریباً 2 بجے ایران میں تیار کیے گئے کئی ڈرون نے کویت کے فوجی ٹھکانوں پر حملہ کیا۔ ان میں وہ مرکز بھی شامل تھا، جہاں دونوں اطالوی شہری کام کر رہے تھے۔ حملہ کے دوران زوردار دھماکہ ہوا اور دونوں ٹیکنیشینوں کی موت ہو گئی۔

کویت کی وزارت دفاع کے مطابق اس کی فوج نے فضائی حدود میں کئی ڈرونز دیکھے اور انہیں روکنے کی کوشش کی۔ اس دوران ایک فوجی ٹھکانے پر ڈرون کا ملبہ گرا، جس سے 4 افراد زخمی ہو گئے۔ ان میں 2 اطالوی، ایک کویتی اور ایک پاکستانی شہری شامل تھے۔ بعد میں دونوں اطالوی شہریوں کی موت ہو گئی۔ اس حملے میں املاک کو بھی کافی نقصان پہنچا۔ اٹلی کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اٹلی اس معاملے میں ایرانی سفارت خانہ میں شکایت درج کرائے گا۔ انہوں نے ایران سے ان عرب ممالک پر حملے روکنے کی اپیل بھی کی، جو اس جنگ میں شامل نہیں ہیں۔

دوسری طرف ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کویت اور اٹلی کے وزرائے خارجہ سے فون پر بات کی۔ انہوں نے اس حملہ میں ایران کا ہاتھ ہونے سے انکار کیا اور معاملے کی مشترکہ تحقیقات کرانے کی پیش کش کی۔ ایران کے فوجی ترجمان ابوالفضل شکارچی نے بھی کہا کہ ایرانی فوج نے اس علاقے میں کوئی حملہ نہیں کیا۔ ایران نے الزام لگایا کہ امریکہ اور اسرائیل اس واقعہ کے ذریعہ خطے میں کشیدگی بڑھانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ تاہم، اس نے اپنے اس دعوے کی حمایت میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔ روم میں واقع ایرانی سفارت خانہ نے بھی حملے میں ایران کے کردار سے انکار کیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔