ویتنام کشتی حادثہ، ویڈیو گریب
ویتنام کے فو کووک جزیرہ کے پاس 11 جولائی کو ایک اسپیڈبوٹ پلٹ گئی تھی، جس میں 15 ہندوستانی سیاح ہلاک ہو گئے تھے۔ مہلوکین میں تمل ناڈو کے 10، آندھرا پردیش کے 3 اور کیرالہ کے 2 لوگ شامل ہیں۔ آج ان سیاحوں کی لاشوں کو ہندوستان لایا جائے گا۔ ویتنام واقع ہندوستانی سفارتخانہ نے اس بارے میں جانکاری فراہم کی ہے۔
ویتنام میں موجود ہندوستانی سفارتخانہ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ لاشیں ویتنام ایئرلائنز کی فلائٹ ’وی این 979‘ کے ذریعہ ہو چی منھ سٹی سے ممبئی پہنچیں گی۔ فلائٹ آج شام 6 بجے مقامی وقت پر ہو چی منھ سٹی سے روانہ ہوگی اور ہندوستانی وقت کے مطابق رات 9.35 بجے ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچے گی۔
سفارتخانہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’11 جولائی کے کشتی حادثہ میں افسوسناک طریقے سے جان گنوانے والے 15 ہندوستانی شہریوں کا جسد خاکی آج ویتنام ایئرلائنز سے ہو چی منھ سٹی سے ہندوستان بھیجے جائیں گے۔‘‘ اس بارے میں تفصیلی جانکاری سفارتخانہ نے متعلقہ ریاستی حکومتوں کو دے دی ہے اور گزارش کی ہے کہ وہ متاثرہ کنبوں کے ساتھ رابطہ کریں تاکہ لاشوں کو ان کی منزل تک پہنچایا جا سکے۔ سفارتخانہ نے کہا کہ ’’ہنوئی میں سفارتخانہ اور ہو چی منھ سٹی میں قونصلیٹ مہلوکین کے کنبوں کے لیے دعا کرتے ہیں۔ ہم کسی بھی مدد کے لیے دستیاب ہیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا تھا جب 32 ہندوستانی سیاحوں اور 4 مقامی عملہ کے اہلکاروں کو لے کر جا رہی اسپیڈ بوٹ فو کووک جزیرہ کے پاس تقریباً 400 میٹر دوری پر پلٹ گئی تھی۔ حادثہ میں 15 ہندوستانی سیاحوں کی موت ہو گئی، جبکہ 17 کو بچا لیا گیا تھا۔ سفارتخانہ نے بتایا کہ 17 زخمی ہندوستانیوں میں 16 زخمیوں کو اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے اور وہ ہندوستان لوٹ رہے ہیں۔ ایک زخمی کی حالت اب بھی سنگین بنی ہوئی ہے اور اس کا فو کووک کے ایک اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔