خبریں

قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کے انتقال پر وزیر اعظم مودی کا اظہار تعزیت

پی ایم مودی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ہم قطر کے سابق امیر شیخ حمد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔ وہ ایک دور اندیش رہنما تھے جنہوں نے قطر کو ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>وزیر اعظم نریندر مودی / آئی اے این ایس</p></div>

وزیر اعظم نریندر مودی / آئی اے این ایس

 
IANS

وزیر اعظم نریندر مودی نے قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ہم ریاست قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔ وہ ایک دور اندیش رہنما تھے جنہوں نے قطر کو ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ میں انہیں ایک سچے دوست کے طور پر بھی یاد کرتا ہوں، جن سے مجھے فروری 2024 میں قطر کے اپنے آخری دورے کے دوران ملاقات کا شرف حاصل ہوا تھا۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی، شاہی خاندان اور قطر کے عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ دعا ہے کہ مرحوم کی روح کو ابدی سکون حاصل ہو۔‘‘

واضح رہے کہ شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کے انتقال کا اعلان قطر کے اعلیٰ ترین سرکاری ادارے (امیری دیوان) نے اتوار کے روز کیا۔ امیری دیوان نے کہا کہ ’’اللہ کے فیصلے اور تقدیر پر کامل یقین کے ساتھ، امیری دیوان قوم کے اس عظیم نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے۔ باری تعالیٰ مرحوم امیر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے، جن کا آج صبح انتقال ہو گیا۔‘‘

شیخ حمد بن خلیفہ الثانی نے 1995 سے 2013 تک قطر پر حکومت کی۔ انہیں ملک کی جدید ترقی کا معمار مانا جاتا ہے۔ ان کے دور حکومت میں قطر نے اقتصادی، سماجی اور ثقافتی شعبوں میں غیر معمولی ترقی کی، جس سے بین الاقوامی سطح پر ملک کی پہچان اور اثر و رسوخ میں بلاشبہ اضافہ ہوا۔ ان کی قیادت میں خلیج کا یہ ملک دنیا کے امیر ترین اور بااثر ترین ممالک میں سے ایک بن گیا۔ اپنے 18 سالہ دور حکومت (1995–2013) کے دوران انہوں نے قطر کی قدرتی گیس کی وسیع پیداوار میں ریکارڈ اضافہ کیا۔ اس کے نتیجے میں قطر ’فی کس آمدنی‘ کے لحاظ سے دنیا کے امیر ترین ممالک میں شامل ہو گیا۔ ساتھ ہی انہوں نے قطر کی خارجہ پالیسی کو بھی مزید فعال اور بااثر بنایا، جس سے عالمی سطح پر ملک کی سیاسی اور سفارتی پہچان مضبوط ہوئی۔

قابل ذکر ہے کہ شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کے دور حکومت میں قطر میں 2006 کے ایشیائی کھیلوں کا انعقاد، 2012 کی اقوام متحدہ کی ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس کی میزبانی، دوحہ معاہدہ، فتح-حماس دوحہ معاہدہ اور 2022 فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کا حق بھی قطر کو ملا۔ جون 2013 میں انہوں نے اپنی مرضی سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے کر اقتدار اپنے چوتھے بیٹے، شیخ تمیم بن حمد الثانی کے سپرد کر دیا، جو فی الحال قطر کے امیر ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔