خبریں

وزیر اعظم مودی نے نومنتخب برطانوی ہم منصب اینڈی برنہیم کو مبارکباد دی

وزیراعظم مودی نے کہا کہ وہ ہندوستان اور برطانیہ کی جامع شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ ویژن-2035 کو آگے بڑھانے کے لیے برنہیم کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>وزیر اعظم نریندر مودی / آئی اے این ایس</p></div>

وزیر اعظم نریندر مودی / آئی اے این ایس

 

برطانیہ کے وزیراعظم اینڈی برنہیم نے پیر کے روز اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ اس موقع کی مناسبت سے وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں نئی ذمہ داری کے لیے مبارکباد دی۔ وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’’برطانیہ کے وزیراعظم کی حیثیت سے عہدہ سنبھالنے پر اینڈی برنہیم کو دلی مبارکباد۔ ہندوستان اور برطانیہ مشترکہ جمہوری اقدار سے جڑے ہوئے ہیں اور تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، دفاع اور عوامی روابط کے شعبوں میں وسیع تعاون کرتے ہیں۔ اس ماہ سی ای ٹی اے کے نافذ ہونے سے ہماری دوطرفہ شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔‘‘ وزیراعظم مودی نے کہا کہ وہ ہندوستان اور برطانیہ کی جامع شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ ویژن-2035 کو آگے بڑھانے کے لیے برنہیم کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔

دوسری جانب عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں برنہیم نے ملک میں سیاسی استحکام بحال کرنے اور نظامِ حکومت میں وسیع پیمانے پر تبدیلیاں لانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران بار بار وزیراعظم تبدیل ہونے سے عوام کا سیاست پر سے اعتماد کمزور ہوا ہے اور اب لیڈران کو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ بکنگھم پیلس سے واپس آنے کے بعد ’10 ڈاؤننگ اسٹریٹ‘ کے باہر اپنے پہلے خطاب میں برنہیم نے کہا کہ ’’میں پوری طرح محسوس کرتا ہوں کہ گزشتہ 10 برسوں میں اقتدار کے اس ایوان میں حکومت بنانے کے لیے آنے والا میں چھٹا شخص ہوں اور 2016 کے بعد ساتواں وزیراعظم ہوں۔ یہ خود احتسابی اور نئے عزم کا وقت ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ان کی نسل کے لیڈران کو اپنی ذمہ داریاں بہتر طریقے سے نبھانی ہوں گی۔

برنہیم نے کہا کہ ’’برطانیہ کو دنیا کو دکھانا چاہیے کہ ہم سیاسی استحکام دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں۔ کیوں کہ لوگ سیاست سے مایوس ہو چکے تھے۔ میں ان لوگوں کی بات سنتا ہوں اور ایمانداری سے قبول کرتا ہوں کہ ہم اتنا اچھا کام نہیں کرسکے، جس قدر ہمیں کام کرنا چاہہئے تھا۔ اب ہمیں بہتر کارکردگی انجام دینی ہوگی۔ انہوں نے اپنی حکومت کو برطانیہ کے لیے ’سرکٹ بریکر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت ملک میں گزشتہ 40  برس کی سب سے بڑی تبدیلیاں نافذ کرے گی۔ ان کے مطابق برطانیہ کو ایک نئے سیاسی اور معاشی ماڈل کی ضرورت ہے۔1980  کی دہائی کا ذکر کرتے ہوئے برنہیم نے کہا کہ ’’اس دور میں کیے گئے بعض فیصلوں کے نتیجے میں سیاسی اختیارات کا حد سے زیادہ ارتکاز ہوا، معاشی کنٹرول کی نجکاری ہوئی اور ملک کے کئی صنعتی علاقوں کا زوال واقع ہوا۔ اس کے باعث متعدد علاقے آج بھی پسماندگی کا شکار ہیں۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔