خبریں

اہم خبریں: مشہور و معروف اداکارہ ایمی ڈورس نے ٹرمپ پر لگایا جسمانی زیادتی کا الزام

ڈونلڈ ٹرمپ
ڈونلڈ ٹرمپ 

مشہور اداکارہ ایمی ڈورس نے ٹرمپ پر لگایا جسمانی زیادتی کا الزام

ماسکو: مشہور اداکارہ اور سابق ماڈل ایمی ڈورس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر نیویارک میں 1997 میں یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دوران ان کے ساتھ جسمانی بدسلوکی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
ڈورس نے لندن کےاخبار دی گارجین کو جمعرات کے روز انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ 5 ستمبر 1997 کو ٹورنامنٹ دیکھنے نیویارک گئی تھیں اور اس وقت ان کی عمر صرف 24 سال تھی۔ ڈورس نے ثبوت کے طور پر اس پروگرام کی ٹکٹوں اور تصاویر کی کاپیاں اخبار کو فراہم کرائیں۔ جس میں وہ مسٹر ٹرمپ کے سامنے کھڑی ہیں۔ اس وقت مسٹر ٹرمپ ایک مشہور کاروباری شخصیت تھے۔

ڈورس نے کہا کہ ’’ڈونلڈ ٹرمپ میرے گلے کے نچلے حصے تک اپنی زبان کا استعمال کررہے تھے اور ان کی گرفت میرے جسم کے ان حصوں پر سخت ہو رہی تھی جس کی میں نے سختی مزاحمت کی اور انہیں بار بار پیچھے کی طرف دھکیل دیا لیکن وہ مان نہیں رہے تھے اور ان کا ہاتھ میرے جسم کے ہر حصے پر جارہا تھا اور میں ان کی گرفت سے آزاد نہیں ہوپارہی تھی‘‘۔ اخبار نے یہ بھی بتایا ہے کہ ٹرمپ نے اداکارہ کے ساتھ اس طرح کے واقعے کی تردید کی ہے۔

Published: 17 Sep 2020, 8:01 AM IST

کسان مخالف آرڈیننس سے ناراض مرکزی وزیر ہرسمرت کور نے دیا استعفیٰ

مرکز کی مودی حکومت کو آج اس وقت زبردست جھٹکا لگا جب شرومنی اکالی دل لیڈر اور مرکزی وزیر ہرسمرت کور نے استعفیٰ دے دیا۔ انھوں نے استعفیٰ کا اعلان ٹوئٹر کے ذریعہ کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے کسان مخالف آرڈیننس کے خلاف احتجاجاً اپنا استعفیٰ دیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ انھیں کسانوں کے ساتھ کھڑے ہونے پر فخر ہے اور وہ انہی کی بیٹی اور بہن ہیں۔

Published: 17 Sep 2020, 8:01 AM IST

اٹاوہ میں کورونا وائرس کے 90 نئے معاملے

اٹاوہ: اترپردیش کے ضلع اٹاوہ میں جمعرات کو سی او سمیت کورونا وائرس کے 90 نئےمریضوں کی تصدیق کے بعد ضلع میں مجموعی متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3379 ہوگئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ آج موصول جانچ رپورٹ میں کورونا وائرس کے 90 مریض ملے ہیں۔ ان میں سیفئی کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آلوک پرساد، اے ڈی ایم گیان پرکاش کی بیوی، اے ڈی ایم کے اسٹینو، اٹاوہ کے سینئر آنکھوں کے ڈاکٹر ریکھا گپتا کورونا متاثرین میں شامل ہیں۔ سبھی کو ہوم آئیسولیٹ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں مجموعی متاثرین کی تعداد 3379 ہوگئی ہے جس میں سے 46 مریضوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ 888 مریضوں کا علاج جاری ہے۔

Published: 17 Sep 2020, 8:01 AM IST

یوروپ: کورونا معاملات میں اضافہ، ڈبلیو ایچ او فکرمند

پیرس: عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) کے یوروپ معاملات کے علاقائی ڈائرکٹر ہنس کلوج نے جمعرات کو یوروپ میں کووڈ۔19کے معاملات میں اضافہ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اب آرہے ہفتہ وار وبا کے معاملات، مارچ میں چوٹی پر رہنے کے دوران رپورٹ کیے گئے معاملات سے زیادہ ہوگئے ہیں جنہیں ’ویک اپ کال‘ کے طور پر لینا چاہیے۔ کلوج نے ایک بریفنگ میں کہا کہ ہمارے سامنے نہایت سنگین صورتحال ہے۔ ہفتہ وار معاملات اب ان لوگوں سے زیادہ ہوگئے ہیں جب مارچ میں وبا پہلی بار یوروپ میں اپنی بلندی پرپہنچ گئی تھی۔

Published: 17 Sep 2020, 8:01 AM IST

جموئی میں دو گاڑیوں سے 44 مویشی ضبط، ایک گرفتار

جموئی: بہار میں جموئی ضلع کے سکندرا تھانہ علاقہ سے پولیس نے مویشیوں سے بھرے دو ٹرک کو ضبط کر ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ اطلاع ملی تھی کہ دو ٹرک میں مویشیوں کو بھر کر گیا کے شیر گھاٹی سے جھارکھنڈ اور مغربی بنگال کے راستے بنگلہ دیش بھیجا رہا تھا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے بدھ کی رات سکندرا۔ جموئی اہم شاہراہ کے تین پلیا کے نزدیک مویشی لدے دو ٹرک کو پکڑ لیا۔ موقع سے رہتاس ضلع کے بکرم گنج باشندہ مقصود خان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ حالانکہ دونوں ٹرک ڈرائیور فرار ہوگئے۔ تفتیش کے دوران مقصود نے بتایا کہ وہ گیا ضلع کے آمس باشندہ ناصر قمر کے کہنے پر یہ کام کرتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں ٹرک سے 37 گائے اور سات بیل کو ضبط کیا گیا ہے۔ برآمد مویشیوں کو چندردیپ تھانے کے آڈھا گاﺅں میں مویشی لائسنس یافتہ محمد ارشد حاجی کے احاطہ میں رکھا گیا ہے۔ گرفتار مقصود خان کے بیان پر محمد ناصر قمر کے علاوہ دیگر پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

Published: 17 Sep 2020, 8:01 AM IST

دہلی ایمس اگلے ہفتے سونپے گی سوشانت معاملے کی رپورٹ

دہلی ایمس کے فرانسک سربراہ نے کہا ہے کہ ان کی فرانسک ٹیم آئندہ ہفتے سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے میں حتمی طبی رائے سی بی آئی کو پیش کرے گی۔

Published: 17 Sep 2020, 8:01 AM IST

معصوم بچی کو زہر دے کر ماں-باپ نے کی خودکشی

میرٹھ: اترپردیش کے ضلع میرٹھ میں ایک گیسٹ ہاوس منیجر نے اپنی بیوی کے ساتھ خودکشی کرلی، جبکہ اپنی 5 سالہ بچی کو بھی زہر دے کر مارنے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق روڈویز کے بھینسالی بس اڈے کے سامنے واقع ایوریسٹ گیسٹ ہاوس کے منیجر اروند کمار گزشتہ ایک سال سے منیجر کے عہدے پر تعینات تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ لاک ڈاؤن کھلنے کے بعد اروند اپنی بیوی اور پانچ سال کی بچی کے ساتھ گزشتہ دس دنوں سے گیسٹ ہاؤس کے ہی ایک کمرے میں رہ رہا تھا۔

جمعرات کی صبح جب اندر سے بند کمرہ نہیں کھلا تو گیسٹ ہاوس مالک کی اطلاع پر پولیس نے کمرے کا دروازہ توڑا۔ کمرے میں اروند کی لاش پنکھے سے لٹک رہی تھی جبکہ بیوی بستر پر پڑی تھی اور اس کے منھ سے جھاگ نکل رہا تھا۔ بیٹی بھی بے ہوش پڑی تھی اور اس کے منھ سے بھی جھاگ نکل رہا تھا۔ پولیس نے فوراً ہی بچی کو ضلع اسپتال میں داخل کروایا جہاں اس کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر ارج راجا نے کہا کہ فورنسک ٹیم لگائی گئی ہے لیکن ابھی تک کوئی سوسائیڈ نوٹ برآمد نہیں ہوا ہے۔ خودکشی کی وجہ نہیں معلوم ہوسکی ہے۔ اروند شہر کے کئی ہوٹلوں میں منیجر رہ چکے تھے۔ دونوں لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی ہیں۔

Published: 17 Sep 2020, 8:01 AM IST

آندھراپردیش میں ایمسیٹ امتحانات آج سے شروع

حیدرآباد: آندھراپردیش میں ایمسیٹ امتحانات جمعرات یعنی آج سے شروع ہوئے جو اس ماہ کی 25 تاریخ تک جاری رہیں گے۔ آج دس بجے دن سے ایک بجے دوپہر تک پہلا پرچہ ہوا، جس کے بعد 2.30 بجے دن تا5.30 بجے شام دوسرا پرچہ ہوا۔ 17,18,21,22,23 ستمبر کو انجینئرنگ 23,24,25 ستمبر کو اگریکلچر ایمسیٹ امتحان منعقد کیے جائیں گے جس کے لئے عہدیداروں کی جانب سے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ کورونا وائرس وبا کے پیش نظرکووڈ پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے طلبہ نے آج کا امتحان تحریر کیا۔ امتحان میں شرکت کے لئے آئے طلبہ کی اسکریننگ کے بعد ہی ان کو امتحانی مرکز میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔

Published: 17 Sep 2020, 8:01 AM IST

ملک کی معاشی حالت انتہائی سنگین ہے… سنجے راوت

راجیہ سبھا میں شیوسینا کے رہنما سنجے راوت نے کہا کہ "ملک کی معاشی حالت بہت سنگین ہے، اب صورتحال ایسی ہے کہ ہماری جی ڈی پی اور ہمارا آر بی آئی بھی غریب ہے، ایسی صورتحال میں حکومت ایئر انڈیا، ریلوے، ایل آئی سی اور بہت کچھ مارکیٹ میں بیچنے کے لئے لائے ہیں، بہت بڑا سیل لگا ہے، اب اس سیل میں جواہر لال نہرو پورٹ ٹرسٹ بھی کو بھی کھڑا کر دیا گیا ہے۔

Published: 17 Sep 2020, 8:01 AM IST

ملک میں 16 ستمبر تک چھ کروڑ سے زائد کورونا نمونوں کی جانچ

نئی دہلی:عالمی وبا کورونا وائرس کووڈ- 19 کے ملک میں بڑھتے تباہ کن پھیلاؤ کو روکنے کے لئے زیادہ سے زیادہ کورونا جانچ کی مہم میں 16 ستمبر کو مجموعی جانچ کی تعداد چھ کروڑ سے تجاوز کرگئی۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کی جانب سے جمعرات کو جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 16 ستمبر تک کورونا وائرس کے مجموعی 60565728 نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے۔ کونسل کے مطابق 16 ستمبر کو مسلسل دوسرے دن 11 لاکھ 1136613 سے زیادہ وائرس کے نمونوں کی جانچ کی جا چکی ہے۔ 15 ستمبر کو 1116842 نمونوں کی جانچ کی گئی تھی۔ ملک میں 3 ستمبر کے اعداد و شمار میں ریکارڈ 11 لاکھ 72 ہزار 179 نمونوں کی جانچ کی گئی تھی۔ یہ ملک میں ہی نہیں بلکہ دنیا میں ایک ہی دن میں سب سے زائد جانچ کا ریکارڈ ہے۔

Published: 17 Sep 2020, 8:01 AM IST

نیپال کے وزیراعظم اولی نے مودی کو سالگرہ کی مبارکباد دی

نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما اولی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو جمعرات کو ان کی سالگرہ پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لئے کام کرتے رہیں گے۔

اولی نے مودی کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ٹویٹ کیا ’’ نریندر مودی جی کو ان کی سالگرہ پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد ۔ میں ان کی اچھی صحت اور تندرستی کی دعا کرتا ہوں ۔ دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ہم کام کرتے رہیں گے‘‘۔

واضح رہے کہ ہندوستان اور نیپال کے مابین تعلقات ہمیشہ ہی خوشگوار رہے ہیں ، لیکن چند ماہ قبل ہمسایہ ملک کے نئے نقشے میں کالاپانی ، لمپیادھورا اور لیپولیکھ کو نیپال کے علاقے کے طور پر دیکھائے جانے سے تعلقات میں کافی تلخی آئی ہے ۔

Published: 17 Sep 2020, 8:01 AM IST

کووند نے مودی کو سالگرہ کے موقع پر مبارکباد دی

صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کی سالگرہ کے موقع پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہندوستان کے زندگی کے اقدار اور جمہوری روایت میں وفاداری کی مثال پیش کی ہے۔

مودی کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کووند نے ٹویٹ کیا ’’ وزیر اعظم نریندر مودی جی کو سالگرہ کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد ۔ آپ نے ہندوستان کے زندگی کے اقدار اور جمہوری روایت میں وفاداری کی مثال پیش کی ہے ۔ میری خواہش اور دعا ہے کہ ایشور آپ کو ہمیشہ صحت مند اور خوش رکھے اور ملک کو آپ کی انمول خدمات حاصل ہوتی رہیں ۔

Published: 17 Sep 2020, 8:01 AM IST

شاہ نے مودی کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دی

نئی دہلی ، 17 ستمبر(یواین آئی ) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کی سالگرہ پر جمعرات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شکل میں ملک کو ایک ایسی قیادت ملی ہے جس نے عوامی فلاح و بہبود کی پالیسیوں سے محروم طبقات کو ترقی کے قومی دھارے سے جوڑا اور ایک مضبوط ہندوستان کی بنیاد رکھی ۔ مودی کی 70 ویں سالگرہ کے موقع شاہ نے آج مبارکباد دیتے ہوئے کئی ٹوئٹ کئے۔

انہوں نے لکھا ’’ ملک کی خدمات اورغریبوں کی فلاح و بہبود کے تیئں وقف وزیر ملک کے ہر دلعزیز رہنما نریندر مودی جی کو سالگرہ کی مبارکباد ۔ مودی جی کی شکل میں ملک کو ایک ایسی قیادت ملی ہے جس نے عوامی فلاح و بہبود کی پالیسیوں سے محروم طبقات کو ترقی کے قومی دھارے سے جوڑا اور ایک مضبوط ہندوستان کی بنیاد رکھی ‘‘۔

Published: 17 Sep 2020, 8:01 AM IST

کیجریوال نے مودی کو سالگرہ کی مبارکباد دی

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دی اور ان کی لمبی عمر اور صحت مند زندگی کے لئے دعا کی۔ مودی کی آج 70 ویں سالگرہ ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) مودی کی سالگرہ کو ’خدمت ہفتہ ‘ کے طور پر منارہی ہے۔ اس کی شروعات 14 ستمبر کو شروع ہوئی ہے اور 20 ستمبر تک جاری رہے گا ۔ اس دوران بی جے پی کی طرف سے پورے ملک میں غریبوں کے لئے پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ کیجریوال نے ٹویٹ کیا ’’ آپ کو سالگرہ مبارک ہو ۔ میں آپ کی لمبی عمر اور صحت مند زندگی کے لئے دعا گو ہوں ‘‘ ۔

Published: 17 Sep 2020, 8:01 AM IST

راہل گاندھی نے مودی کو سالگرہ کی مبارکباد دی

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جمعرات کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دی ہے ۔ مودی کی آج 70 ویں سالگرہ ہے۔ گاندھی نےوزیر اعظم کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے ٹویٹ کیا ’’نریندر مودی جی کو سالگرہ کی مبارک کباد ‘‘۔

Published: 17 Sep 2020, 8:01 AM IST

مرکزی وزیر نتن گڈکری کورونا سے متاثر

سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں ۔ گڈکری نے بدھ کی دیر رات خود یہ اطلاع دی کہ وہ کورونا پازیٹیو ہیں۔

انہوں نے ٹوئٹ کیا ’’کل میں کمزوری محسوس کر رہا تھا۔ میں نے ڈاکٹر سے مشورہ کیا اور جانچ کرانے پر کورونا پازیٹیو پایا گیا۔ میں فی الحال سبھی کی دعاؤں سےے ٹھیک ہوں اور خود کو آئسولیٹ کرلیا ہے۔ میری سبھی سے درخواست ہے کہ جو بھی میرے رابطے میں آیئے ہیں احتیاط برتیں اور کوروناکے رہنما خطوط پر عمل کریں۔ محفوظ رہیں۔‘‘

اس سے قبل بھی نریندر مودی حکومت کے کئی وزیر کورونا سے زد میں آچکے ہیں۔ مرکزی وزیر امت شاہ کورونا کو تو شکست دے چکے ہیں لیکن وائرس کے بعد کی دقتوں کی وجہ سے فی الحال ایمس میں داخل ہیں۔ اس کے علاوہ دھرمیندر پردھان، گجیندر سنگھ شیخاوت، شری پد یسو نائک اور ارجن رام میگھوال کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

Published: 17 Sep 2020, 8:01 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 17 Sep 2020, 8:01 AM IST