خبریں

اہم خبریں: متھرا میں کورونا کا خطرہ بڑھا، 13 اگست تک سبھی مندر عقیدتمندوں کے لیے بند

علامتی تصویر
علامتی تصویر 

کورونا وبا کے مدنظر متھرا کے مندر 13 اگست تک عقیدتمندوں کے لیے بند ہو گئے ہیں۔ اس پابندی کی وجہ سے بدھ کے روز متھرا میں شری کرشن جنموتسو منایا تو جائے گا لیکن عقیدتمند بھگوان کی زیارت نہیں کر پائیں گے۔ غالباً متھرا میں یہ پہلا موقع ہوگا جب بھکت جنماشٹمی پر شری کرشن کے دَرشن نہیں کر پائیں گے۔

Published: 10 Aug 2020, 8:40 AM IST

اتر پردیش: 24 گھنٹے میں کورونا انفیکشن سے 51 لوگوں کی موت

ریاست اتر پردیش میں کورونا وائرس انفیکشن کے بڑھتے معاملوں کے درمیان ہلاکتوں کی تعداد بھی لگاتار بڑھ رہی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا انفیکشن کی وجہ سے 51 لوگوں کی موت واقع ہو گئی۔ اب ریاست میں مہلوکین کی مجموعی تعداد 2120 ہو گئی ہے جب کہ 4113 تازہ کوونا مریضوں کے بعد مجموعی مریضوں کی تعداد ریاست میں 1 لاکھ 26 ہزار 722 ہو گئی ہے۔

Published: 10 Aug 2020, 8:40 AM IST

سنجے دت اسپتال سے پہنچے گھر

سانس لینے میں تکلیف کے بعد ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں علاج کرا رہے سنجے دت کی کورونا رپورٹ گزشتہ دنوں نگیٹو برآمد ہوئی تھی اور اب وہ پوری طرح ٹھیک ہو کر اسپتال سے ڈسچارج ہو گئے ہیں۔ اب انھیں سانس لینے میں تکلیف بھی نہیں ہو رہی ہے اور وہ گھر پہنچ چکے ہیں۔ اس سلسلے میں سنجے دت نے پیر کے روز اپنے شیدائیوں کو سوشل میڈیا پر اطلاع دی۔ اس سے قبل 8 اگست کو سنجے دت ٹوئٹر پر کہا کہ وہ فی الحال ڈاکٹری نگرانی میں ہیں۔ انھوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ لیلاوتی اسپتال میں ان کی کووڈ-19 جانچ کی گئی لیکن ان میں یہ انفیکشن نہیں پایا گیا۔

Published: 10 Aug 2020, 8:40 AM IST

سوشانت کیس، سی بی آئی نے ایف آئی آر درج کی یہ ان کی مجبوری ہے... سنجے راوت

سوشانت سنگھ راجپوت موت کیس کے بارے میں شیو سینا کے رہنما سنجے راوت نے کہا کہ "سی بی آئی نے ایف آئی آر درج کی یہ ان کی مجبوری ہے، کیونکہ سی بی آئی ایک مرکزی حکومت کی ایجنسی ہے۔" اس طرح کے معاملے میں مرکزی حکومت کی اپنی مجبوری ہوتی ہے، بہار حکومت نے سفارش کی جبکہ بہار حکومت کا اس معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ یہ ایسا ہی ہے جیسے 'میرے آنگن میں تمہارا کیا کام ہے؟'

Published: 10 Aug 2020, 8:40 AM IST

دہلی یونیورسٹی جلد فارغ ڈاکٹروں کو ڈیجیٹل ڈگری دیں... دہلی ہائی کورٹ

دہلی ہائی کورٹ نے دہلی یونیورسٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ 2017 اور 2018 میں دہلی کے مختلف میڈیکل کالجوں سے فارغ التحصیل ڈاکٹروں کو 13 اگست 2020 یا اس سے پہلے ای میل کے ذریعے ڈیجیٹل ڈگری سرٹیفکیٹ جاری کرے۔

Published: 10 Aug 2020, 8:40 AM IST

جموں و کشمیر کے لیفٹننٹ گورنر سنہا نے کی نائب صدر جمہوریہ نائیڈو سے ملاقات

نئی دہلی: نائب صدر جمہوریہ ایم وینکئیا نائیڈو سے پیر کو جموں وکشمیر کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا نے ملاقات کی۔ نائب صدر جمہوریہ سکریٹریٹ نے یہاں یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ منوج سنہا کی یہ وینکیا نائیڈو کے ساتھ رسمی ملاقات تھی۔ یہ ملاقات نائب صدر جمہوریہ کی رہائش گاہ پر ہوئی۔ منوج سنہا کو پچھلے ہفتے جموں وکشمیر کا لیفٹننٹ گورنر مقرر کیا گیا تھا۔

Published: 10 Aug 2020, 8:40 AM IST

حکومت بتائے انویسٹرس سمٹ میں کتنے نوجوانوں کو روزگار ملا؟... پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال انویسٹرس سمٹ میں ایم او یو پر دستخط کیے جاتے ہیں۔ ان سمٹ میں کروڑوں خرث کرکے یہ کام کاغذی شیر بننے کے لئے کیا جاتا ہے۔ اترپردیش میں شدید بے روزگاری ہے اور مالی مجبوریوں کی وجہ سے لوگ خودکشی کر رہے ہیں۔ حکومت کو بتانا چاہیے کہ ایم او یو کتنے زمین پر اترے ہیں؟ اور ان سے کتنے نوجوانوں کو روزگار ملا؟

Published: 10 Aug 2020, 8:40 AM IST

راج مالا لینڈ سلائیڈنگ معاملے میں ہلاکتوں کی تعداد 48 ہوگئی

پانچ مزید لاشیں ملنے کے بعد کیرالہ کے راج مالا لینڈ سلائیڈنگ میں ہلاکتوں کی تعداد 48 ہوگئی ہے۔ گزشتہ جمعہ کے روز اڈوکی ضلع میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی تھی۔

Published: 10 Aug 2020, 8:40 AM IST

ہانگ کانگ کی میڈیا شخصیت جمی لائی راسوکا کے تحت گرفتار

ماسکو: ہانگ کانگ کی پولیس نے میڈیا کی سرکردہ شخصیت جمی لائی کو قومی سلامتی ایکٹ (راسوکا) کے تحت گرفتار کیا ہے۔ گلوبل ٹائمز نے پیر کو اپنی رپورٹ میں یہ معلومات دی۔ ہانگ کانگ کی میڈیا کمپنیوں نیکسٹ ڈیجیٹل اور ایپل ڈیلی کے مالک لائی کو ملک کی سیاست میں جمہوریت نواز خیمہ کا حامی سمجھا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 71 سالہ لائی کو مبینہ غیر ملکی ملی بھگت اور دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

Published: 10 Aug 2020, 8:40 AM IST

سپریم کورٹ میں پرشانت بھوشن کی وضاحت نہیں ہوئی قبول، ہوگی توہین عدالت پر سماعت

سینئرایڈوکیٹ پرشانت بھوشن کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کے 11 سالہ پرانے کیس کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہوئی۔ عدالت نے پرشانت بھوشن کی وضاحت قبول کرنے سے انکار کردیا۔ اب کیس کی اگلی سماعت 17 اگست کو ہوگی۔ آج سپریم کورٹ کو فیصلہ کرنا تھا کہ اس معاملے میں وضاحت کو منظور کرنا ہے یا توہین عدالت کے سلسلے میں کارروائی آگے بڑھانی ہے۔

Published: 10 Aug 2020, 8:40 AM IST

آسام کے جورہاٹ میں آٹوموبائل کی دکان میں لگی آگ، 2 افراد ہلاک

گزشتہ روز آسام کے جورہاٹ میں آٹوموبائل مرمت کی دکان میں لگنے والی آگ میں دو افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ آسام چیمبر آف کامرس کے نائب چیئرمین دلیپ اگروال نے کہا ، "اس واقعے میں دو افراد کی موت ہوگئی اور دو کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔"

Published: 10 Aug 2020, 8:40 AM IST

پاکستان میں بارش کی وجہ سے تین دن میں 64 افراد کی موت

اسلام آباد: پاکستان میں شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے گزشتہ تین دنوں میں 64 افراد کی موت ہو گئی اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی نے پیر کو یہاں اطلاع دی۔ اے ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں کم از کم 19 بچے اور نو خواتین بھی شامل ہیں۔ ملک کا شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ اس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اس خطے میں بارش اور سیلاب سے 25 افراد کی موت ہوئی ہے۔ اس کے بعد جنوبی سندھ میں 12 اور جنوب مغربی بلوچستان اور صوبہ پنجاب میں بالترتیب آٹھ آٹھ افراد کی موت ہوگئی ہے۔ وہیں گلگت بلتستان میں کم از کم 10 افراد کی موت ہوئی ہے۔

Published: 10 Aug 2020, 8:40 AM IST

برازیل: کورونا سے 24 گھنٹوں میں 572 مریض ہلاک

برازیلیا: برازیل میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ ۔19) سے 572 مریض ہلاک ہوگئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی اس جان لیوا وائرس سے ہلاک شدگان کی تعداد 101049 ہوگئی ہے۔ وہیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وبا کے 23010 نئے کیسز درج کیے گئے ہیں اور اب اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3035422 ہوگئی ہے۔ برازیل میں کووڈ ۔19 سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد سنیچرکے روز ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی تھی ۔ اس مہلک وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں اور اس سے متاثر ہونےکے معاملے میں برازیل امریکہ کے بعد دنیا میں دوسرے مقام پر ہے۔

برازیل میں کورونا سے سب سے زائد متاثر ساؤ پاؤلو ہوا ہے۔ یہاں پراس وبا سے 25114 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور 627126 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے بعد ریو ڈی جنیرو میں 14080 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور 178850 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ وہیں سیارا میں کووڈ 19 سے 7954 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور 188542 افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں۔

Published: 10 Aug 2020, 8:40 AM IST

قومی وسائل لوٹنے میں حکومت اپنے چنندا دوستوں کی کیسے مدد کر رہی ہے ، راہل

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مرکزی حکومت پر اپنے چنندا دوستوں کی مدد کا الزام لگایا ہے ۔ انہوں نے ای آئی اے 2020 کے مسودہ کو ملک کو لوٹنے اور ماحول کو تباہ کرنےوالا مسودہ بتایا ہے۔ راہل گاندھی نے اپنےٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’یہ ایک خوفناک مثال ہے کہ بی جے پی حکومت ملک کے وسائل کو لوٹنے والے چنندا سوٹ بوٹ کے دوستوں کے لئے کیا کیا کرتی آ رہی ہے۔‘‘

Published: 10 Aug 2020, 8:40 AM IST

اسرائیل میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 600 ہوئی

یروشلم: اسرائیل میں کورونا وائرس سے سات مریضوں کی ہلاکت کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 600 تک پہنچ گئی۔ اسرائیل کی وزارت صحت نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ وزارت نے بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس کے 678 نئے کیسز درج کیے گئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 83002 ہوگئی ہے۔ اس وقت 847 مریض ملک کے مختلف اسپتالوں میں داخل ہیں، جن میں سے 395 کی حالت تشویشناک ہے۔ وزارت صحت نے بتایا کہ اس وبا سے ملک میں مزید 462 افراد صحت یاب ہوئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی اس مہلک وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 57533 ہوگئی ہے۔ اس وقت ملک میں کورونا کے 24867 ایکٹو کیسز ہیں۔

Published: 10 Aug 2020, 8:40 AM IST

سوشانت سنگھ معاملہ، ریا اور ان کے گھر والوں سے آج ہوگی پوچھ تاچھ

سوشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خود کشی معاملہ میں پیسوں کے لین دین کو لے کر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ایک بار پھر سوشانت کی گرل فرینڈ اور کلیدی ملزم ریا چکرورتی اور سوشانت کے دوست جو ان کے ساتھ رہتے تھے سدھارتھ پیٹھانی کو آج پوچھ تاچھ کے لئے بلایا ہے۔ ای ڈی آج ریا کے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اور ان کے والدین سے بھی پوچھ تاچھ کرے گی۔

واضح رہے سدھارتھ پیٹھانی کو ای ڈی نے ہفتہ کو بلایا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے تھے اس لئےان کو آج بلایا ہے۔ ادھر ریا اور ان کے بھائی سے کئی گھنٹوں تک ای ڈی پہلے بھی پوچھ تاچھ کر چکی ہے۔

Published: 10 Aug 2020, 8:40 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 10 Aug 2020, 8:40 AM IST