خبریں

اہم خبریں: گجرات میں کورونا کے 1009 نئے کیسز درج، مہلوکین کی تعداد 2.5 ہزار کے پار

کورونا وائرس، تصویر یو این آئی
کورونا وائرس، تصویر یو این آئی 

گجرت: کورونا انفیکشن کے 1009 نئے کیسز درج، آج 22 لوگوں کی موت

ریاست گجرات میں کورونا کیسز کی تعداد میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔ ریاست میں 1009 نئے کورونا انفیکشن کے معاملے درج کیے گئے ہیں۔ اس درمیان 22 مزید لوگوں کی موت بھی واقع ہوئی ہے۔ اس طرح سے ریاست میں مریضوں کی مجموعی تعداد 64 ہزار 684 پہنچ گئی ہے، جب کہ مہلوکین کی مجموعی تعداد 2 ہزار 509 ہو گئی ہے۔

Published: 03 Aug 2020, 7:26 AM IST

اب ریلوے ٹریک پر دوڑتی ہوئی نظر آئے گی سائیکل

آپ کو بہت جلد ریلوے ٹریک پر سائیکل دوڑتے ہوئے نظر آئیں گے۔ دراصل ریلوے میں مارواڑ کے ایک انجینئر نے پٹروی پر چلنے والی ایک سائیکل تیار کی ہے۔ اس سائیکل کا وزن کافی کم ہے اور اس کو اٹھا کر بہ آسانی پٹری پر رکھا اور پھر چلایا جا سکتا ہے۔ لیکن فی الحال یہ سائیکل عام لوگوں کے لیے نہیں بنایا گیا ہے۔ اس کا استعمال ریلوے میں کام کرنے والے لائن مین کریں گے کیونکہ انھیں کئی کلو میٹر تک پیدل چل کر پٹری کا معائنہ کرنا پڑتا ہے۔ ابھی اس سائیکل کو پٹری پر چلانے کی منظوری نہیں ملی ہے۔ منظوری ملتے ہی ریلوے میں ٹریک انسپیکشن کا کام آسان ہو جائے گا۔

Published: 03 Aug 2020, 7:26 AM IST

مدھیہ پردیش: شیوراج چوہان کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ پھر آئی پازیٹو

گزشتہ 9 دنوں سے کورونا وائرس انفیکشن کا علاج کروا رہے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ ایک بار پھر پازیٹو برآمد ہوئی ہے۔ اتوار کو کرائی گئی جانچ رپورٹ آج برآمد ہوئی جس میں پتہ چلا کہ وہ اب تک کورونا کی زد سے باہر نہیں نکل سکے ہیں۔ اس رپورٹ کے بعد اب شیوراج چوہان کی گھر جانے کی خواہش فی الحال پوری نہیں ہو پائے گی کیونکہ انھیں اسپتال میں ہی رہنا ہوگا۔

Published: 03 Aug 2020, 7:26 AM IST

تھرور نے امت شاہ کے ایمس میں داخل نہ ہونے پر اٹھایا سوال

نئی دہلی: کانگریس کے سینیئر رہنما اور لوک سبھا رکن ششی تھرور نے کورونا متاثر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے علاج کی خاطر پرائیویٹ اسپتال میں داخل ہونے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا اور کہا کہ انھیں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں اپنا علاج کروانا چاہیے تھا۔ تھرور نے ٹوئٹ کیا،’ تعجب ہے کہ وزیر داخلہ بیمار ہونے پر ایمس میں علاج کروانے کے بجائے پڑوسی ریاست کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل ہوئے ہیں۔ عوامی اداروں میں عوام کا یقین بڑھے، اس مقصد سے اسے مؤثر افراد کا تحفظ حاصل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے‘۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے سابق وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کا ایک ایمس کا ماڈل دکھاتے ہوئے ایک بلیک اینڈ وائٹ فوٹو بھی پوسٹ کی ہے جس میں ایمس کو جدید اور ترقی پذیر ہندوستان کا مندر قرار دیا گیا ہے۔ غور طلب ہے کہ شاہ کو کووِڈ۔19 ہونے کے بعد اتوار کو ڈاکٹروں نے انھیں اسپتال میں داخل ہونے کی صلاح دی اور وہ علاج کے لیے گڑگاؤں کے میدانتا سپر اسپیشیلٹی اسپتال میں داخل ہو گئے۔

Published: 03 Aug 2020, 7:26 AM IST

پونے کی ایک کمپنی کے 76 ملازمین کورونا پازیٹو

پونے: پونے کے صنعتی علاقہ چکان میں واقع ایک کمپنی کے 76 ملازمین کورونا وائرس (کووڈ -19) سے متاثر پائے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے پیر کے روز یہ اطلاع دی۔ دو روز قبل کمپنی نے اپنے 900 ملازمین کے کووڈ ۔19 کے ٹیسٹ کروائے تھے، جس میں سے 76 ملازمین کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ تحصیل کھید کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بلرام گادوے نے بتایا کہ "اب تک 750 نمونوں کی جانچ کے نتائج موصول ہوچکے ہیں، جن میں سے 76 ملازمین کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں"۔

انہوں نے بتایا کہ اس صنعتی علاقے میں واقع تمام کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کمپنی کے احاطے میں اپنے ہر ملازم کی نبض، آکسیجن نمی کی جانچ کرے۔ انہیں یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ ایسے ملازمین کی کورنا جانچ کی جائے جن کی آکسیجن کی سطح 95 فیصد سے بھی کم ہے۔

Published: 03 Aug 2020, 7:26 AM IST

کورونا وائرس، گورکھپور میں تین تھانہ علاقوں میں 10 اگست تک مکمل لاک ڈاؤن

گورکھپور: مشرقی اترپردیش کے گورکھپور ضلع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 217 کورونا متاثرین کی تصدیق کے بعد ضلع انتظامیہ میں تین تھانہ علاقوں میں 10 اگست تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ گورکھپور کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے وجیندر پانڈین نے پیر کو یہاں کہا کہ گورکھپور ضلع کے تین تھانہ علاقوں گورکھناتھ، راجگھاٹ اور کینٹ میں مریضوں کی تعداد میں تیزی سےاضافہ ہو رہا ہے۔ اس لئے احتیاط کے طور پر ان علاقوں میں لاک ڈاؤن بڑھا دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے کہا کہ سرکاری دفتر، بینک اور دوا کی دوکانیں کھلی رہیں گی اور اس کے ملازمین اپنا شناختی کارڈ دکھا کر آجاسکیں گے۔ اس وقت ضلع میں یومیہ ایک ہزار لوگوں کی کورونا جانچ کی جارہی ہے۔ اس لئے کورونا کے پازیٹو مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے ضلع کے کچھ اسکولوں، اسپورٹ کالجوں میں کورونا مریضوں کو داخل کیا گیا ہے۔

Published: 03 Aug 2020, 7:26 AM IST

کیمرون میں فوجی طیارہ گر کر تبَاہ

یایوندے: کیمرون کے فار نارتھ صوبہ میں فوج کے ایک طیارہ کے ماراووا ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران حادثہ کا شکار ہوجانے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ مقامی حکام کے مطابق اتوار کے روز ہونے والے اس حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے ، لیکن متعدد افراد زخمی ہوئے، جن میں عام شہری اور فوجی شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ فوج کے ذرائع کے مطابق، ابھی حادثے کی اصل وجہ کا پتہ نہیں چل سکا ہے، لیکن ابتدائی تفتیش خراب موسم کی وجہ سے حادثہ پیش آیا ہے۔

Published: 03 Aug 2020, 7:26 AM IST

راہل گاندھی نے ر کھشا بندھن کی مبارکباد دی

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے پیر کو رکھشا بندھن کے موقع پر عوام کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ راہل گاندھی نے اپنی ٹوئٹ ہندی اور انگریزی دونوں زبانوں میں کیا ’’سبھی کو رکھشا بندھن کی مبارکباد‘‘۔ انہوں نے ٹوئٹ کے ساتھ اپنی بہن پرینکا گاندھی واڈرا کے ساتھ ایک تصویر بھی پوسٹ کی ہے۔

Published: 03 Aug 2020, 7:26 AM IST

’رام مندر بھومی پوجن‘اقبال انصاری کو ملا دعوت نامہ

ایودھیا اراضی تنازعہ کیس میں پیش پیش رہے اقبال انصاری کو رام مندر کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شامل ہونے کا دعوت نامہ ملا ہے۔ اقبال انصاری نے کہا کہ "یہ رام جی کی خواہش ہے کہ مجھے دعوت نامہ ملا، میں اسے قبول کرتا ہوں۔ جس دن وزیر اعظم ایودھیا آئیں گےاس دن ایودھیا کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگا۔"

Published: 03 Aug 2020, 7:26 AM IST

مسلم خواتین نے ہندو بھائیوں اور ہندو خواتین نے مسلمان بھائیوں کو باندھی راکھی

اترپردیش کے کانپور میں راکھی تہوار کے موقع پر مسلمان خواتین نے ہندو بھائیوں کے ہاتھوں پر راکھی باندھی اور ہندو خواتین نے اپنے مسلمان بھائیوں سے راکھی باندھوائی۔ اس موقع پر ایک مسلمان خاتون نے بتایا کہ "ہم کئی سالوں سے ہندو بھائیوں کے ہاتھوں پر راکھی باندھتے آئے ہیں، ہم ان کو اپنے بھائی کی طرح مانتے ہیں۔ ہمیں کبھی بھی ہندو-مسلم ہونے کا احساس ہی نہیں ہوا۔"

Published: 03 Aug 2020, 7:26 AM IST

تلنگانہ میں کووڈ- 19 کے نئے 983 معاملات اور 11 اموات

حیدرآباد: تلنگانہ میں پیر کو کووڈ- 19 کے نئے 983 معاملات اور 11 اموات درج کی گئیں۔ اس طرح ریاست میں کورونا کے معاملات کی تعداد 67660 ہوگئی ہے اور 11 اموات کے بعد ریاست میں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد تا حال 551 ہوگئی ہے۔ ڈائرکٹر صحت عامہ وخاندانی بہبود کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن کے مطابق ریاست میں کورونا کے جملہ معاملات 67660 ہیں۔ 1019 افراد روبہ صحت ہوگئے ہیں جن کو تلنگانہ کے مختلف اسپتالوں سے گھروں کو جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اس طرح ریاست میں اس وبا سے روبہ صحت ہونے والوں کی تعداد 48609 ہوگئی ہے۔اس بلیٹن کے مطابق جی ایچ ایم سی علاقہ میں 273معاملات درج کیے گئے ہیں اور73 نئے معاملات رنگاریڈی ضلع میں درج کیے گئے ہیں۔

Published: 03 Aug 2020, 7:26 AM IST

کورونا کی زد میں کرناٹک کے وزیر اعلی یدی یورپا کی بیٹی

بنگلور: کرناٹک کے وزیر اعلی بی ایس یدی یورپا کے بعد ان کی بیٹی بھی کورونا مثبت پائی گئی ہیں اور انہیں بنگلور کے منی پال اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس سے قبل یدی یورپا کو اتوار کے روز کورونا پازیٹو آنے پر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

یدی یورپا نے اپنے ٹوئٹرہینڈل پر لکھا ’’میری کورونا کی رپورٹ مثبت آئی ہے، حالانکہ میں ٹھیک ہوں۔ میں ڈاکٹروں کے مشورے پر اسپتال میں داخل ہو رہا ہوں۔ میں درخواست کروں گا کہ جو بھی میرے رابطے میں آنے ہیں اپنا ٹسٹ کرائیں اور خود آئسو لیشن میں چلے جائیں‘‘ ۔ وزیراعلیٰ نے دو دن قبل کورونا کا ٹسٹ کرایا تھا۔

Published: 03 Aug 2020, 7:26 AM IST

رابڑی دیوی کی رہائش گاہ پر تعینات 13 سیکورٹی اہلکار کورونا پازیٹو

بہار کی سابق وزیر اعلی اور آر جے ڈی رہنما رابڑی دیوی کی سرکاری رہائش گاہ پر تعینات 13 سیکورٹی اہلکار کورونا مثبت پائے گئے ہیں۔ اس کے بعد رابڑی دیوی اور ان کے دو بیٹے تیجسوی یادو اور تیج پرتاپ یادو کو بھی کورونا انفیکشن کا خطرہ ہو گیا ہے۔

Published: 03 Aug 2020, 7:26 AM IST

اترپردیش میں کورونا پر حالات سنگین: پرینکا

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کل کہا کہ اترپردیش میں کورونا انفیکشن پر حالات دن بدن خراب ہورہے ہیں اور حکومت کو وقت رہتے ضروری اقدامات کرنے چاہئیں۔
پرینکا نے کے جی ایم یو کے کورونا متاثرہ ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کو بیڈ نہ ملنے سے متعلق اخبار میں شائع خبر کا حوالہ دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ یو پی میں کورونا سے بگڑتے حالات کے پیش نظر میں نے کئی بار آگاہ کیا لیکن پھر بھی وقت رہتے ضروری انتظامات نہیں کئے گئے۔ نمونے دینے کے دو ہفتہ بعد بھی لوگوں کو کورونا کی رپورٹ نہیں مل رہی ہے اور جو کورونا سے متاثرہ ہورہے ہیں انہیں اسپتالوں میں بیڈ نہیں مل رہے۔
انہوں نے لکھا کہ کورونا کی رپورٹ میں تاخیر نہ ہو اس کے لئے حکومت کو فوری طورپر اقدامات کرنے چاہئیں۔ صورتحال سنگین ہوتی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ اترپردیش کی سیاست میں بہت سرگرم پرینکا تقریباً ہر روز حکومت کو کسی نہ کسی معاملہ پر گھیرنے کی کوشش کرتی رہتی ہیں خاص طورپر امن و قانون اور کورونا کے موضوع پر۔

Published: 03 Aug 2020, 7:26 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 03 Aug 2020, 7:26 AM IST

,
  • ’بی جے پی نے نوجوانوں کو دھوکہ دیا‘، کانگریس امیدوار آنند شرما نے کانگڑا میں کی انتخابی مہم کی شروعات

  • ,
  • لوک سبھا انتخاب 2024: ’زمین پر حالات بدل رہے ہیں...‘، جگنیش میوانی سے امئے تروڈکر کا انٹرویو