خبریں

سابق وزیر خزانہ چدمبرم کو سی بی آئی نے ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ڈری ہوئی حکومت پی چدمبرم کو شرمناک طریقے سے نشانہ بنا رہی ہے۔

سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم
سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم 

سابق وزیر خزانہ چدمبرم کو سی بی آئی نے ان کی رہائش گاہ سے کیا گرفتار

سی بی آئی اور ای ڈی کی ٹیمیں بدھ کی شام سابق وزیر داخلہ اور وزیر خزانہ کی رہائش گاہ پر پہنچی اور تقریباً ایک گھنٹے تک وہاں ڈیرہ ڈالنے کے بعد پی چدمبرم کو حراست میں لے لیا گیا۔

میڈیای رپورٹوں کے مطابق پی چدمبرم کو حراست میں لئے جانے کے بعد انہیں سی بی آئی کے صدر دفتر میں لے جا رہی ہے، جہاں سی بی آئی کے ڈائریکٹر اور جوائنٹ ڈائریکٹر پہلے سے ہی موجود ہیں۔ سی بی آئی کے سینئر افسر بھی یہاں پہنچ رہے ہیں، میڈیا رپورٹوں کے مطابق سینئر افسران پی چدمبرم سے پوچھ گچھ کریں گے۔

Published: 21 Aug 2019, 9:10 AM IST

دریں اثنا پی چدمبرم کے صاحب زادہ کارتی چدمبرم نے ٹوئٹ کر کے معاملہ کو سنسنی خیز بنانے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے ٹوئٹ میں کہا، ’’یہ سارا ڈرامہ تفتیشی ایجنسیوں کی طرف سے معاملہ کو سنسنی خیز بنانے کے لئے کیا گیا ہے۔ اس مشکل وقت ہمارا ساتھ دینے کے لئے میں کانگریس، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، کپل سبل، ابھیشیک منو سنگھوی اور سلمان خورشید کا شکر گزار ہوں۔‘‘

Published: 21 Aug 2019, 9:10 AM IST

چدمبرم کی پریس کانفرنس: میں نے یا میرے خاندان کے کسی فرد نے کوئی جرم نہیں کیا

ای ڈی کی طرف سے کارروائی اور سپریم کورٹ کی طرف سے راحت نہ ملنے کے بعد بدھ کی شام سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے کانگریس کے صدر دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور خود پر لگے تمام الزامات کو یکسر مسترد کر دیا۔

پی چدمبرم نے کہا کہ میں قانون کی عزت کرتا ہوں اور تمام ایجنسیوں کو جمعہ تک انتظار کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے یا میرے خاندان کے کسی رکن نے کوئی جرم نہیں کیا ہے اور میرے خلاف جو بھی کارروائی ہو رہی ہے وہ غلط ذہنیت کے تحت کی جا رہی ہے۔

Published: 21 Aug 2019, 9:10 AM IST

پاکستانی فوجیوں کی راجوری میں گولہ باری

جموں: پاکستانی فوجیوں نے ایک مرتبہ پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بدھ کو جموں وکشمیر کے راجوری ضلع میں لائن آف کنٹرول پر گولہ باری کی۔

دفاعی ترجمان نے بتایا کہ دوپہر تقریبا 14:45بجے پاکستانی فوجیوں نے سندر بنی سیکٹرمیں چھوٹے ہتھیاروں سے گولہ باری کی اور مارٹر سے گولے داغے۔ جوابی کارروائی میں ہندوستانی فوجیوں نے بھی گولیاں چلائیں۔

اس سے پہلے منگل کو پونچھ ضلع کے کرشنا گلی سیکٹرمیں ایل او سی پر پاکستانی فوجیوں نے سرحد پار سے گولی باری کی تھیں جس میں ہندوستانی فوج کا ایک جوان ہلاک ہوگیا۔ ہندوستانی فوجیوں نے بھی اس کا معقول جواب دیتے ہوئے پاکستانی فوج کی چوکیوں کو زبردست نقصان پہنچایا۔

Published: 21 Aug 2019, 9:10 AM IST

بہار کے بکسر میں ایک وکیل کا گولی مار کر قتل

بہار کے بکسر شہر میں چترنجن سنگھ نامی ایک وکیل کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔ انہیں نامعلوم بندوق برداروں نے ان کے چیمبر کے باہر گولی کا نشانہ بنایا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ان کا قتل زمینی تنازعہ کی وجہ سے انجام دیا گیا ہے۔

Published: 21 Aug 2019, 9:10 AM IST

اشتہارات کھول رہے بی جے پی حکومت کے دعووں کی پول: پرینکا گاندھی

معیشت کے بگڑتے حالات پر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مودی حکومت پر حملہ بولا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے ٹوئٹ کر کہا کہ اخباروں میں اشتہار کو دیکھ کر معیشت کی اصلیت پتہ چل رہی ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کہا کہ ’’یہ اشتہار معیشت کے بارے میں بی جے پی حکومت کے دعووں کی اصلیت کی پول کھول رہے ہیں۔‘‘

پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں آگے کہا کہ ’’ابھی تک انڈسٹریل ادارے اشتہار دیتی تھیں کہ ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔ بی جے پی حکومت کے دور میں کئی انڈسٹریز کو اشتہار دے کر کہنا پڑ رہا ہے کہ ہم ڈوب رہے ہیں، ہمیں بچاؤ۔ باقی آپ سمجھ سکتے ہیں!‘‘

Published: 21 Aug 2019, 9:10 AM IST

جموں و کشمیر: دفعہ 370 ہٹنے کے بعد جموں کے کئی مدرسے بھی کھلے

جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے کے بعد جموں میں دھیرے دھیرے اسکول و کالج کھل گئے ہیں اور اب یہاں کے کئی مدرسے بھی دوبارہ کھولے گئے ہیں۔ بچے مدرسوں میں پڑھنے کے لیے آ رہے ہیں اور بچیاں بھی ان میں شامل ہیں۔

Published: 21 Aug 2019, 9:10 AM IST

اتراکھنڈ: راحتی اشیاء لے کر جا رہا ہیلی کاپٹر اتر کاشی میں حادثہ کا شکار، سوار سبھی 3 افراد ہلاک

اتراکھنڈ کے اتر کاشی میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا۔ اس واقعہ میں ہیلی کاپٹر میں سوار سبھی تین لوگوں کی موت ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ اتر کاشی میں بادل پھٹنے کے سبب ہوئے حادثے کے بعد چلائے جا رہے راحتی کیمپ اور بچاؤ کام میں اس ہیلی کاپٹر کو لگایا گیا تھا۔ اس ہیلی کاپٹر میں کیپٹن لال، کو-پائلٹ شیلیش اور ایک مقامی شخص راج پال سوار تھے۔ جائے حادثہ پر 10 ممبروں کی ایک ٹیم روانہ کی گئی ہے۔

Published: 21 Aug 2019, 9:10 AM IST

مودی حکومت چدمبرم کی کردارکشی کے لیے طاقت کا غلط استعمال کر رہی: راہل

راہل گاندھی نے پی چدمبرم کے خلاف سی بی آئی اور ای ڈی کی کارروائی کو قابل مذمت قرار دیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کے کہا ہے کہ ’’مودی حکومت ای ڈی، سی بی آئی اور میڈیا کے کچھ طبقات کا استعمال کر پی چدمبرم کی شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘

Published: 21 Aug 2019, 9:10 AM IST

اتر پردیش: یوگی آدتیہ ناتھ کی کابینہ میں ہوئی پہلی توسیع، 23 وزراء نے لیا حلف

اتر پردیش کی یوگی آدیتہ ناتھ کابینہ کی آج پہلی توسیع عمل میں آئی۔ کل 23 وزراء نے آج وزارت کا حلف لیا۔ ان وزراء میں 6 نے کابینہ وزیر، 6 نے ریاستی وزیر (آزادانہ چارج) اور 11 نے ریاستی وزیر کا حلف لیا۔

Published: 21 Aug 2019, 9:10 AM IST

پی چدمبرم معاملے پر سپریم کورٹ میں سماعت شروع، کپل سبل، سلمان خورشید اور تنخا موجود

چدمبرم کے لیے ملک کے سینئر وکلاء کی ٹیمس پریم کورٹ میں موجود ہے اور ان وکیلوں نے دہلی ہائی کورٹ کے حکم پر روک لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ جسٹس رمنا کی عدالت میں سماعت شروع ہو چکی ہے۔ جسٹس رمنا نے کہا کہ ’’وہ اس معاملے پر کوئی حکم نہیں دے رہے ہیں، اس معاملے کو وہ چیف جسٹس کے پاس بھیج رہے ہیں۔ چیف جسٹس ہی اس معاملے کو دیکھیں گے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ چدمبرم نے پیشگی ضمانت کی عرضی سپریم کورٹ میں داخل کی ہے جب کہ سی بی آئی کا کہنا ہے کہ چدمبرم پر منی لانڈرنگ کا سنگین معاملہ عائد کیا گیا ہے اس لیے پیشگی ضمانت نہیں ملنی چاہیے۔ دوسری طرف چدمبرم کا کہنا ہے کہ ان پر جو بھی الزامات لگائے گئے ہیں وہ بے بنیاد ہیں اور ان پر سیاسی بدلے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔

Published: 21 Aug 2019, 9:10 AM IST

حکومت کی ناکامیوں کو ظاہر کرنے کے سبب چدمبرم کو بنایا جا رہا نشانہ: پرینکا گاندھی

مودی حکومت کے ذریعہ سابق وزیر مالیات اور وزیر داخلہ پی چدمبرم کو نشانہ بنائے جانے سے متعلق کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’راجیہ سبھا کے ایک انتہائی اہل اور معزز رکن پی چدمبرم جی نے وزیر مالیات اور وزیر داخلہ کی شکل میں دہائیوں تک خلوص نیتی کے ساتھ ہمارے ملک کی خدمت کی ہے۔ وہ حکومت کی ناکامیوں کو ظاہر کرتے رہے ہیں۔ لیکن ڈری ہوئی حکومت انھیں شرمناک طریقے سے نشانہ بنا رہی ہے۔‘‘ کانگریس جنرل سکریٹری نے یہ بھی کہا کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور سچائی کے لیے لڑتے رہیں گے چاہے کوئی بھی نتیجہ ہو۔

Published: 21 Aug 2019, 9:10 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 21 Aug 2019, 9:10 AM IST