
اندور: مدھیہ پردیش کے شہر اندور کی مہاتما گاندھی روڈ تھانہ پولس نے آج میونسپل اہلکار کےساتھ مارپیٹ کے معاملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن اسمبلی آکاش وجے ورگیہ کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا۔ پولس کے باوثوق ذرائع کے مطابق وجے ورگیہ کو گرفتار کرنے کے بعد مجسٹریٹ گورو گرگ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس دوران وجے ورگیہ کے سیکڑوں حامیوں نے مہاتما گاندھی روڈ تھانے کا گھیراؤ کرتے ہوئے رکن اسمبلی کو تھانے سے عدالت لے جانے کے دوران جم کر ہنگامہ کیا۔سخت سکیورٹی میں وجہ ورگیہ کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
قبل ازیں آج صبح کمپاؤنڈ علاقے میں بوسیدہ مکان کو توڑنے کے لیے جانے والے میونسپل اہلکار کی ایک ٹیم پر وجے ورگیہ نے حملہ کیا۔ میونسپل کے بلڈنگ انسپیکٹر کی شکایت پر وجے ورگیہ کو گرفتار کیا گیا۔
وجے ورگیہ اور ان کے دس حامیوں کے خلاف پولس نے سرکاری کام میں رخنہ اندازی اور دیگر دفعات کے تحت رپورٹ درج کی ہے۔ الزام ہے کہ مکان توڑنے کے لیے جانے والے میونسپل اہلکار کو کرکٹ کے بلے سے وجے ورگیہ نے پیٹا ہے۔ عدالت میں پیشی کے دوران حد سے زیادہ بھیڑ ہونے کے سبب عدالت کے اہم دروازوں کو سکیورٹی کے پیش نظر بند کر دیا گیا تھا۔
Published: 26 Jun 2019, 9:10 AM IST
نئی دہلی: اردو صحافیوں نے مرکزی وزیر اطلاعات ونشریات پرکاش جاویڈ کر سے ملاقات کرکے انہیں اردو اخبارات وجرائد کے مسائل سے آگاہ کیا۔
گذشتہ شب نئی دہلی کے ہوٹل سوریہ میں این سی پی کے جنرل سیکریٹری ڈی پی ترپاٹھی کی طرف سے دیئے گئے عشائیہ میں کچھ سینئر اردو صحافیوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا تاکہ وہ مہمان خصوصی پرکاش جاویڈ کر کے ساتھ اردو اخبارات کو در پیش مسائل پر تبادلہ خیال کرسکیں۔مرکزی وزیرنے اپنی گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دیگر ہندوستانی زبانوں کے ساتھ ساتھ اردو زبان سے خاص لگاؤ ہے اور وہ فروغ انسانی وسائل کی وزارت میں رہ کر قومی اردو کونسل کے توسط سے اردو کے فروغ کی کوششوں میں شامل رہے ہیں۔
اس موقع پر این سی پی کے سینئر لیڈر سید جلال الدین نے مدعو صحافیوں کو وزیر محترم سے متعارف کرایا اور گفتگو کا آغاز کیا۔اردو صحافیوں نے آل انڈیا ریڈیو‘دور درشن‘پی آئی بی‘پبلی کیشن ڈویژن اور دیگر نشریاتی اداروں میں اردو عملے کی شدید قلت کی طرف توجہ دلائی۔
آل انڈیا اردو ایڈیٹر س کانفرنس کے سیکریٹری معصوم مرادآبادی نے کہا کہ 2016میں نافذ کی گئی ڈی اے وی پی کی سخت پالیسی کی وجہ سے چھوٹے اور درمیانی درجے کے اخبارات کو بہت نقصان پہنچا ہے اور ان میں سے بیشتر موت وزیست کے مراحل سے دو چار ہیں۔
ادیب اور صحافی شاہد ماہلی نے کہا کہ آل انڈیا ریڈیو اور دور درشن جیسے اداروں میں اردو جاننے والے نایاب ہوتے جارہے ہیں۔ اس موقع پر سینئر صحافی اور کالم نگار سراج نقوی اور ایم ودود ساجد نے بھی اردو زبان اور اردو صحافت کو درپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں کارآمد تجاویز پیش کیں۔ وزیر اطلاعات ونشریات نے یقین دلایا کے وہ اردو اخبارات کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔اس موقع پر گلوکارہ اور ادکارہ سلمیٰ آغا اور شاعر ملک زادہ جاوید بھی موجود تھے۔
Published: 26 Jun 2019, 9:10 AM IST
کانگریس پارٹی نے ٹوئٹ کر بی جے پی رکن اسمبلی آکاش وجے ورگیہ کی غنڈہ گردی پر اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ ٹوئٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’بی جے پی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ کے بیٹے اور اندور سے بی جے پی رکن اسمبلی آکاش وجے ورگیہ ایک سرکاری افسر کی بلے سے پٹائی کرتے ہوئے۔ جنھیں بی جے پی کے چال، کردار اور چہرے کے اچھے ہونے کی تھوڑی بھی غلط فہمی ہو وہ اس ویڈیو کو دیکھ کر اپنی آنکھیں کھول سکتے ہیں۔ تہذیبوں کی اَرتھی نکل رہی ہے۔‘‘
Published: 26 Jun 2019, 9:10 AM IST
کیرالہ کے کنّور اور ویور سنٹرل جیلوں میں چھاپہ ماری کے دوران موبائل فون، چارجر، چاقو، لوہے کی سلاخیں اور گانجہ برآمد کیا گیا ہے۔ ٹی پی چندرشیکھرن قتل کے ملزم کوڈی سُنی سمیت چار قیدیوں کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔ جیل میں چھاپہ ماری 22 جون کو کی گئی تھی۔
Published: 26 Jun 2019, 9:10 AM IST
چنڈی گڑھ کے ٹریبیون چوک کے پاس ایک لڑکی نے ایک شخص پر حملہ کر دیا۔ دراصل لڑکی کی کار اس شخص کی کار سے ٹکرا گئی تھی۔ اسی پر ناراض ہو کر لڑکی نے یہ حملہ کر دیا۔ پولس نے اس معاملے میں کیس درج کر لیا ہے اور لڑکی کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ یہ واقعہ 25 جون کا بتایا جا رہا ہے۔
Published: 26 Jun 2019, 9:10 AM IST
بہار کے دربھنگہ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل میں ایک عجیب و غریب معاملہ پیش آیا ہے۔ یہاں ڈاکٹروں نے فیضان نام کے بچے کے بائیں ہاتھ کے فریکچر کا علاج کرتے ہوئے دائیں ہاتھ میں پلاسٹر لگا دیا۔ فیضان کی ماں کا کہنا ہے کہ فیضان کے علاج میں لاپروائی کی گئی اور اسے اسپتال میں ایک گولی تک نہیں دی گئی اور روانہ کر دیا گیا۔ انھوں نے ڈاکٹروں پر لاپروائی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اس معاملے میں کارروائی کی جانی چاہیے۔
Published: 26 Jun 2019, 9:10 AM IST
آسام حکومت نے این آر سی کی نئی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس نئی فہرست میں 102462 لوگوں کے نام شامل ہیں جنھیں اب اپنی شہریت ثابت کرنے کے لیے دعوے داخل کرنے ہیں۔ این آر سی افسران نے کہا کہ اضافی فہرست میں صرف ان لوگوں کے نام ہیں جو 30 جولائی، 2018 کو شائع مکمل مسودہ این آر سی میں شامل ہیں، لیکن بعد میں نااہل پائے گئے۔
Published: 26 Jun 2019, 9:10 AM IST
صنعا: یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں نے سعودی عرب پر ایک اور ڈرون حملہ کیا ہے۔ سعودی عرب کے حکام نے حملہ میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں دی۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق سعودی ایئر ڈیفنس نے خمیس مشیط کی طرف آنے والے ڈرون کو مار گرایا، خمیس مشیط میں سعودی عرب کا اہم فضائی اڈہ بھی واقع ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کو ابہا ایئر پورٹ پر بھی حملہ کیا گیا تھا جس میں ایک شامی شہری جاں بحق اور 21 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
Published: 26 Jun 2019, 9:10 AM IST
اتر پردیش واقع میرٹھ کے لالا لاجپت رائے میڈیکل کالج میں ایک مردے کا ڈاکٹروں نے 10 بار ایکسرے کیا۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد دو ڈاکٹروں کو برخاست کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی معاملے میں کیزوئلٹی میڈیکل افسر، جونیئر ڈاکٹروں اور اسٹاف سمیت 11 لوگوں سے جواب طلب کیا گیا ہے۔
واقعہ 20 جون کا ہے جب سڑک حادثہ میں زخمی ایک رکشہ ڈرائیور کو میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ علاج کے دوران اسپتال میں اس کی موت ہو گئی تھی۔ بغیر کسی سینئر کی اجازت کے رکشہ ڈرائیور کی لاش کا ایک دو بار نہیں بلکہ 10 بار ایکسرے ڈاکٹروں نے کیا۔ جب اس بات کا انکشاف ہوا تو افرا تفری پھیل گئی۔ معاملے کی پوری جانچ کی جا رہی ہے۔
Published: 26 Jun 2019, 9:10 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 26 Jun 2019, 9:10 AM IST