
کانگریس ترجمان گورو ولبھ نے مرکز کی مودی حکومت پر آج ایک شدید حملہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں امرت کال چل رہا ہے، اس امرت کال میں 604 ہندوستانی ہر دن ملک چھوڑ رہے ہیں۔ ان میں سے بیشتر لوگ ایسے ہیں جن کی سالانہ آمدنی 8 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ ہندوستانیوں کے اچھے دن ملک سے باہر آئے ہیں۔
ہندوستان اور سری لنکا کے خلاف آج یک روزہ سیریز کا پہلا میچ کھیلا جا رہا ہے۔ ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 373 رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا ہے۔ اس کے جواب میں سری لنکائی ٹیم شروع میں ہی بری طرح لڑکھڑا گئی ہے۔ دونوں شروعاتی جھٹکے ہندوستانی تیز گیندباز محمد سراج نے دیے ہیں۔ انھوں نے سلامی بلے باز اویشکا فرنانڈو اور کسل مینڈس کو بالترتیب 5 اور 0 رن پر آؤٹ کیا۔ اس وقت سری لنکا نے 6 اوور میں محض 25 رن بنائے ہیں اور اس کے دو وکٹ آؤٹ ہو چکے ہیں۔
کانگریس لیڈر ڈگ وجے سنگھ نے انبالہ میں کہا ’’بھارت جوڑو یاترا کا اثر نہ صرف ہمارے اتحادیوں پر ہے بلکہ آر ایس ایس پر بھی ہے۔ کیا ہم نے کبھی توقع کی تھی موہن بھاگوت مسجد کا دورہ کریں گے؟ انہوں نے (بی جے پی) بھی ایسا کرنا شروع کر دیا ہے، وہ 'ہندو راشٹر' کی بات کرتے ہیں لیکن آئین میں اس کا ذکر نہیں ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا ’’اس کا مطلب ہے کہ انہیں آئین پر بھروسہ نہیں، پھر وہ الیکشن کیوں لڑتے ہیں، حلف کیوں اٹھاتے ہیں؟ یہ دو چہروں والے بیانات اچھے نہیں لگتے۔ انہیں وضاحت کرنی چاہئے وہ ہندوستان کے آئین پر بھروسہ کرتے ہیں اور اگر نہیں تو انہیں آگے آ کر بتانا چاہئے۔‘‘
بھارت جوڑو یاترا پنجاب میں داخل ہو چکی ہے۔ یہاں یاترا کا آغاز کرنے سے قبل آج راہل گاندھی امرتسر پہنچے اور سکھوں کے مشہور مذہبی مقام گولڈن ٹیمپل میں حاضری لگائی۔ راہل گاندھی نے یہاں ملک کی خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا مانگی۔
پہلے ون ڈے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت لیا ہے اور ہندوستان کو پہلے بلے بازی کا موقع دیا ہے۔
مہاراشٹر کے سیاسی بحران کے سلسلے میں شیوسینا کے ادھو ٹھاکرے اور ان کے حریف وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے دھڑے کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف دائر کئی عرضیوں پر سپریم کورٹ 14 فروری کو سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ 14 فروری سے ان دلائل کی سماعت شروع کرے گا کہ آیا اس معاملے کی سماعت 7 ججوں کی بنچ کرے گی یا پانچ ججوں کی بنچ۔
جوشی مٹھ میں مکانات، سڑکیں اور دیگر تعمیرات کے زمین میں دھنسنے کے سلسلہ میں دائر کی گئی عرضی پر آج سپریم کورٹ نے فوری سماعت سے انکار کر دیا۔ اس معاملہ میں سماعت کے لئے 16 جنوری کی تاریخ مقرر کی ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ ہر ایک اہمیت کے حامل معاملہ کو عدالت عظمیٰ کے سامنے پیش کرنا ضروری نہیں ہے اور جمہوری طور پر منتخب ادارے اس پر کام کر رہے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 10 Jan 2023, 11:12 AM IST