
دہلی کے جعفر آباد علاقے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ فائرنگ بائک سوار بدمعاشوں نے کی ہے۔ فائرنگ مین روڈ گلی نمبر 25 کے باہر کی گئی ہے۔ حالانکہ اس فائرنگ میں کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ پولس نے بتایا کہ واقعہ کے دوران ایک دکاندار موقع پر موجود تھا۔ ممکن ہے کہ یہ فائرنگ کسی کی ذاتی رنجش کا نتیجہ ہو۔ فی الحال معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔
دیوبند کے ذریعہ این آر سی کے خلاف جاری خواتین کے دھرنے و مظاہرے کو ختم کرنے کی اپیل پر شاہین باغ میں بیٹھنے والی کچھ خاتون مظاہرین کا سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ شبانہ قریشی نامی ایک خاتون نے دارالعلوم دیوبند کے مہتمم کی اپیل پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ مذہب کی لڑائی نہیں ہے جو ہم ان کی بات مان لیں۔ یہ لڑائی آئین کو بچانے کی ہے۔ جب تک سی اے اے-این آر سی واپس نہیں ہوتا، ہماری لڑائی جاری رہے گی۔‘‘
دہلی کے پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں نربھیا کیس پر نیا ڈیتھ وارنٹ جاری کرنے سے متعلق آج سماعت ہوئی۔ اس سلسلے میں عدالت نے فی الحال نیا ڈیتھ وارنٹ جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
لوک سبھا میں ہنگامہ کے بعد ایک ٹوئٹ میں راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ’’آج پارلیمنٹ میں جو ہنگامہ ہوا، وہ مجھے حکومت سے سوال کرنے سے روکنے کے لیے کیا گیا تھا۔ ملک کے نوجوان یہ دیکھ سکتے ہیں کہ بے روزگاری سے نمٹنے کے لیے پی ایم کے پاس کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ ان کے (پی ایم کے) بچاؤ کے لیے ایسے ہی پارلیمنٹ میں بی جے پی اراکین رخنہ پیدا کرتے رہیں گے۔‘‘
نئی دہلی: راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکئیا نائیڈو نے جمعہ کو ایوان میں کہا کہ قومی آبادی رجسٹر(این پی آر)کے بغیر ذات پات پر مبنی مردم شماری ممکن نہیں ہے۔ ونکیا نائیڈو نے وقفہ صفر کے دوران یہ تبصرہ اس وقت کیا جب جنتا دل یونائیٹیڈ(جے ڈی یو)کے رام اناتھ ٹھاکر نے سال 2021 میں آبادی کے ساتھ ہی ذات پات پر مبنی مردم شماری کرنے کا مطالبہ بھی حکومت سے کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ سال 1931 میں برطانوی دور میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کی گئی تھی۔ اس کےبعد ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت نے سال 2010 میں بھی ذات پات پر مبنی مردم شماری کی لیکن یہ پوری نہیں ہوسکی۔ذات پات پرمبنی مردم شماری نہ ہونے کی وجہ سے پسماندہ طبقے، درج فہرست ذات و قبائل کو ترقیاتی کاموں کا مناسب فائدہ نہیں مل پارہا ہے۔
دہلی کے شاہین باغ میں دھرنا و مظاہرہ ہٹانے کی عرضی پر سپریم کورٹ میں جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس کے ایم جوسف کی بنچ میں سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ ہمیں اس معاملے میں فکر ہے، لیکن سماعت پیر کے روز کریں گے۔ عدالت نے کہا کہ دہلی میں اسمبلی انتخاب کی وجہ سے سماعت کو پیر کے روز تک کے لیے ملتوی کیا جا رہا ہے۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اپنے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ اتر پردیش میں ’کسان جن جاگرن ابھیان‘ شروع کیے جانے کی جانکاری دی ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’یو پی کانگریس کمیٹی نے کسان جن جاگرن مہم شروع کی ہے۔ ملک کا اَن داتا (کسان) ہماری ترجیح ہے۔ اتر پردیش کی بی جے پی حکومت نے کسانوں کے ساتھ ہر محاذ پر دھوکہ کیا ہے۔ آج کسان کو فصل کی قیمت نہیں ملتی۔ زراعت کی لاگت بڑھ گئی ہے۔‘‘
دہلی میں آج ایک بار پھر سے آگ لگنے کی خبر سامنے آئی ہے۔ یہاں بجواسن علاقہ میں آج صبح ایک گودام میں آگ لگ گیئ۔ آگ لگنے کی خبر ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔ فائر بریگیڈ کی 14 گاڑیاں اس وقت موقع پر موجود ہیں جو کہ آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
گزشتہ کئی ہفتوں سے شاہیں باغ میں شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف دھرنا و مظاہرہ جاری ہے۔ اس کو ختم کرانے کی ایک عرضی سپریم کورٹ میں داخل کی گئی تھی جس پر آج سماعت ہوگی۔ عرضی وکیل اور سماجی کارکن امت ساہنی کی طرف سے داخل کی گئی ہے اور انھوں ننے درخواست کی ہے کہ راستے و خالی کرایا جائے تاکہ لوگوں کو آمد و رفت میں آسانی ہو سکے۔ علاوہ ازیں عرضی میں یہ اپیل بھی کی گئی ہے کہ اس مظاہرے کو تشدد سے بچانے کے لیے سپریم کورٹ کے کسی ریٹائر جج یا ہائی کورٹ کے کسی موجودہ جج کی نگرانی کا فیصلہ لیا جائے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 07 Feb 2020, 8:57 AM IST