
دوردرشن پر نیوز پڑھتی ہوئیں گیتانجلی ایر
تصویر سوشل میڈیا
دوردرشن کی مشہور اور پہلی انگلش نیوز اینکر گیتانجلی ایر کا بدھ کے روز 76 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ تقریباً 30 سال تک انھوں نے نیشنل براڈکاسٹر پر اپنی خدمات دیں۔ 1971 میں گیتانجلی نے دوردرشن جوائن کیا تھا۔ تین دہائی کے دوران انھیں چار مرتبہ بیسٹ نیوز اینکر کا ایوارڈ حاصل ہوا تھا۔
اڈیشہ کے جاجپور روڈ ریلوے اسٹیشن پر بدھ کے روز ایک مال گاڑی کی زد میں آنے سے 4 مزدوروں کی موت ہو گئی۔ حادثے میں کئی دیگر افراد زخمی بھی بتائے جا رہے ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق حادثے کے وقت زبردست بارش ہو رہی تھی۔ اس وجہ سے مزدور ٹریک پر کھڑی مال گاڑی کے نیچے بیٹھ گئے۔ مال گاڑی میں انجن نہیں لگا تھا اور بارش کی وجہ سے گاڑی چل پڑی اور مزدوروں کو اس کے نیچے سے نکلنے کا موقع نہیں ملا۔
اتر پردیش کے لکھنؤ میں قیصر باغ کورٹ احاطہ میں مختار انصاری کے قریبی گینگسٹر سنجیو مہیشوری جیوا کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔ اس دوران ایک بچی کو بھی گولی لگی ہے۔ سنجیو کا جس وقت قتل ہوا، اس وقت وہ پولیس حراست میں تھا۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے لکھنؤ میں یوپی کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو سے ملاقات کی ہے۔ ان کے ساتھ پنجاب کے وزیر اعلیٰ سمیت عآپ کے دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔ کیجریوال نے اکھلیش یادو سے دہلی میں افسران کی تعیناتی اور تبادلوں کے اختیار پر مبنی آرڈیننس کے خلاف حمایت طلب کی۔
کولہاپور میں مغل بادشاہ اورنگزیر کی تعریف میں کی گئی سوشل میڈیا پوسٹ کے خلاف بھڑکنے والے فرقہ وارانہ تشدد کے بعد اب حالات قابو میں ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک 21 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور حالات پرسکون ہیں۔
ٹیم انڈیا کے کھلاڑی اڈیشہ ٹرین حادثہ کے مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ٹیسٹ چیمپین شیپ کے فائنل میں سیاہ پٹی باندھ کر کھیل رہے ہیں۔ خیال رہے کہ اس مقابلہ میں ہندوستان آسٹریلیا کے مد مقابل ہے اور میچ شروع ہو چکا ہے۔
سی بی آئی کی ٹیم اوڈیشہ کے بالاسور میں تین ٹرینوں کے تصادم سے ہونے والے حادثے کے مقام پر پہنچ گئی ہے۔ سی بی آئی کی ٹیم کے ذریعہ زمینی جانچ کا یہ دوسرا دن ہے۔
اولمپک میڈلسٹ پہلوان بجرنگ پونیا اور ساکشی ملک مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر سے ملنے ان کی رہائش گاہ پر پہنچے ہیں۔ تاہم اس میٹنگ سے پہلے پہلوانوں نے واضح کر دیا ہے کہ وہ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور ریسلنگ ایسوسی ایشن کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری سے کم کسی چیز کو قبول نہیں کریں گے۔ خیال رہے کہ مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے پہلوانوں کو بات چیت کے لیے خود مدعو کیا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 07 Jun 2023, 12:46 PM IST