خبریں

اہم خبریں: وکاس دوبے کی آخری رسومات ادا، بیوی نے کہا ”سب کا حساب کروں گی“

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

بیوی-بیٹے کی موجودگی میں وکاس دوبے کی آخری رسومات ادا

گینگسٹر وکاس دوبے کی آخری رسومات آج شام ادا ہو گئیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اس کی لاش بھیرو گھاٹ واقع الیکٹرک کریمیٹوریم پہنچی جہاں اس سے سپرد آتش کر دیا گیا۔ اس موقع پر وکاس دوبے کی بیوی رچا اور اس کا نابالغ بیٹا موجود تھا۔ ہندی نیوز پورٹل 'نیوز18' پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق ان دونوں کے علاوہ وکاس دوبے کا صرف ایک نزدیکی رشتہ دار وہاں موجود تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ رچا دوبے اپنے شوہر کے انکاؤنٹر سے کافی ناراض ہیں اور انھوں نے میڈیا کے سامنے آ کر تو کچھ نہیں کہا لیکن دور سے ہی غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "وقت آنے پر میں سب کا حساب کروں گی۔"

Published: 10 Jul 2020, 12:50 PM IST

وکاس دوبے کے والد نے آخری رسومات میں شامل ہونے سے کیا منع، کہا "اچھا ہوا پاپی مارا گیا"

بدنام زمانہ ہسٹری شیٹر وکاس دوبے کی موت کے بعد ان کے سبھی اپنوں نے ساتھ چھوڑ دیا ہے۔ ایک طرف تو ان کی ماں سرلا دوبے نے کہہ دیا کہ وکاس دوبے سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے، دوسری طرف وکاس کی بیوی رچا دوبے نے لاش لینے سے منع کر دیا، اور اب خبر آ رہی ہے کہ وکاس کے والد نے بھی اس کی آخری رسومات میں شامل ہونے سے انکار کر دیا ہے۔ وکاس کے والد رام کمار نے آخری رسومات میں شامل ہونے سے منع کرنے کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہہ ڈالا کہ "جو ہوا اچھا ہوا۔ صحیح کیا کہ پاپی مارا گیا۔"

Published: 10 Jul 2020, 12:50 PM IST

چراغ پاسوان نے بہار اسمبلی الیکشن ملتوی کیے جانے کی خواہش کا کیا اظہار

ایک طرف تو بہار این ڈی اے میں سب کچھ ٹھیک نہیں چل رہا ہے اور دوسری طرف اب این ڈی اے میں شامل پارٹی ایل جے پی کے قومی صدر چراغ پاسوان نے کورونا وبا کی وجہ سے بہار اسمبلی الیکشن ملتوی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "کورونا کی وجہ سے پورا بہار ہی نہیں، پورا ملک متاثر ہے۔ اس کی وجہ سے عام آدمی کے ساتھ مرکز اور بہار حکومت کا بجٹ بھی متاثر ہوا ہے۔ ایسے میں الیکشن سے ریاست پر اضافی بوجھ پڑے گا۔ الیکشن کمیشن کو اس سلسلے میں غور و خوض کر کے فیصلہ لینا چاہیے۔ ایسا نہ ہو کہ الیکشن کی وجہ سے بڑی آبادی کو پریشانی میں جھونک دیا جائے۔ اس سے پولنگ فیصد پر بھی اثر پڑے گا جو جمہوریت کے لیے ٹھیک نہیں ہوگا۔"

Published: 10 Jul 2020, 12:50 PM IST

وکاس دوبے کی لاش لینے اب تک کوئی نہیں پہنچا

پولس انکاؤنٹر میں ہلاک بدنام زمانہ جرائم پیشہ وکاس دوبے کی لاش کا پوسٹ مارٹم جمعہ کو کانپور نگر پوسٹ مارٹم سنٹر میں کر دیا گیا۔ لیکن اس کی لاش لینے کے لیے نہ ہی ماں پہنچی، نہ باپ اور نہ ہی کوئی دوسرا رشتہ دار۔ کانپور میں 8 پولس اہلکاروں کے قتل کا اہم ملزم وکاس دوبے کو مدھیہ پردیش کے اجین سے کانپور لے کر آ رہے اتر پردیش پولس کے ایس ٹی ایف نے شہر سے تقریباً 18 کلو میٹر دور بارا پولس سرکل میں بھوتی کے پاس مار گرایا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ وکاس مبینہ طور پر سڑک حادثہ کا فائدہ اٹھا کر ایک پولس والے کی پستول چھین کر بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا۔

Published: 10 Jul 2020, 12:50 PM IST

وکاس دوبے کی موت پر للّن واجپئی نے کیا جشن کا اہتمام

کانپور: للّن واجپئی پر انتخابی دشمنی کی وجہ سے 2002 میں وکاس دوبے نے حملہ کر وایا تھا۔ آج وکاس دوبے کی موت پر للّن واجپئی نے کہا کہ آج ایسا لگتا ہے جیسے ہم صدیوں کے بعد آزاد ہوگئے ہیں۔ خوف و دہشت کے دور کا خاتمہ ہوگیا ہے اور پُر سکون دور کا آغاز ہوچکا ہے۔ اسی خوشی میں شام کو موسیقی کے ایک پروگرام کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ للن واجپئی اس قدر خوش نظر آ رہے تھے کہ انہوں نے اپنی خوشی کے اظہار کے لئے لوگوں میں میٹھائی تقسیم کی۔

Published: 10 Jul 2020, 12:50 PM IST

وکاس دوبے معاملے کی جانچ سپریم کورٹ کے موجودہ جج سے کرائی جائے... پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی واڈرا نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی کا مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ کے موجودہ جج کے ذریعہ کانپور اسکینڈل کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے۔ تاکہ جنہوں نے وکاس دوبے جیسے مجرموں کی پرورش کی ہے ان لوگوں کی اصلیت کا انکشاف ہونا چاہیے۔ جب تک سیاست دانوں اور مجرموں کے مابین گٹھ جوڑ کا پردہ فاش نہیں ہوتا ہے۔ تب تک انصاف نہیں ہوگا۔

Published: 10 Jul 2020, 12:50 PM IST

تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے 82 بنگلہ دیشی شہریوں کو ملی ضمانت

دہلی کی ایک عدالت نے نظام الدین مرکز میں تبلیغی جماعت کے پروگرام میں حصہ لینے والے 82 بنگلہ دیشی شہریوں کی ضمانت منظور کرلی ہے۔ ہر ایک شخص کو دس ہزار روپے کے ذاتی مچلکے پر ضمانت دی گئی۔

Published: 10 Jul 2020, 12:50 PM IST

وکاس دوبے انکاؤنٹر معاملے میں 4 پولیس اہلکار ہوئے شدید زخمی... اے ڈی جی

یوپی کے اے ڈی جی، امن و امان پرشانت کمار نے بتایا کہ وکاس دوبے انکاؤنٹر میں 4 سول پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں، جن میں 3 سب انسپکٹر، کانسٹیبل اور 2 ایس ٹی ایف کمانڈو شدید زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کانپور انکاؤنٹر میں مجموعی طور پر 21 ملزمان اور 60 سے 70 دیگر لوگ شامل تھے۔ جن میں سے اب تک 3 لوگوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے، جبکہ 6 افراد انکاؤنٹر میں ہلاک ہو چکے ہیں، 7 افراد کو 120 بی کے تحت جیل بھیج دیا گیا ہے، 12 انعامی بدمعاش گرار چل رہے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

Published: 10 Jul 2020, 12:50 PM IST

سپریم کورٹ کی نگرانی میں کانپور واقعہ کی تحقیقات ہو... مایاوتی

نئی دہلی: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی قومی صدر مایاوتی نے اترپردیش کے کانپور واقعہ کی تحقیقات سپریم کورٹ کی نگرانی میں کروانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح شہید پولیس اہلکاروں کو انصاف مل سکے گا۔ مایاوتی نے جمعہ کے روز سلسلے وار ٹوئٹ میں کہا کہ پولیس اور جرائم اور سیاسی ربط و ضبط کی بھی تفتیش ہونی چاہیے۔

بی ایس پی کے رہنما نے کہا کہ کانپور پولیس کو ہلاک کیے جانے کا واقعہ اور ساتھ ہی اس کے اہم ملزم خونخوار وکاس دوبے کو مدھیہ پردیش سے کانپور لاتے وقت آج پولیس کی گاڑی کے پلٹنے اور اس کے بھاگنے پر پولیس کی جانب سے اسے مار گرائے جانے وغیرہ کے پورے معاملات کی سپریم کورٹ کی نگرانی میں غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہیے۔

Published: 10 Jul 2020, 12:50 PM IST

وکاس دوبے کی کون حمایت کر رہا تھا، کیسے پتا چلے گا، شہید کانسٹیبل کی بیوی

کانپور کے بیکرو گاؤں میں ایک مقابلے میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے والے کانسٹیبل سلطان سنگھ کی اہلیہ ارمیلا ورما نے کہا کہ "میں مطمئن ہوں۔ لیکن اب یہ کیسے پتہ چلے گا کہ کون اس کا (وکاس دبے) ساتھ دے رہا تھا؟ کیونکہ اب اس سے پوچھ گچھ کرکے یہ انکشاف نہیں ہوسکتا ہے۔

Published: 10 Jul 2020, 12:50 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 10 Jul 2020, 12:50 PM IST