خبریں

فلسطین کا قابل اعتماد شراکت دار رہے گا ہندوستان، ’دو ریاستی حل‘ کی حمایت کا اعادہ

برسلز میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شری پریا رنگناتھن نے کہا کہ ’ہندوستان فلسطین میں صحت کی خدمات، خواتین کو بااختیار بنانے اور ادارہ جاتی صلاحیت سازی سے متعلق کئی اہم منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔‘

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

 

برسلز میں منعقدہ ’فلسطین ڈونر گروپ‘ کے دوسرے وزارتی اجلاس میں ہندوستان نے فلسطین کے لیے اپنی دیرینہ حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ ہندوستان نے ’دو ریاستی حل‘ اور اقوام متحدہ میں فلسطین کی رکنیت کے لیے اپنے موقف کی دوبارہ وضاحت کی۔ یورپی کمیشن اور فلسطینی اتھارٹی کے ذریعہ مشترکہ طور پر منعقد ہونے والے اس اجلاس میں ہندوستان کی نمائندگی وزارت خارجہ کی سکریٹری (سی پی وی اینڈ او آئی اے) شری پریا رنگناتھن نے کی۔ اجلاس میں یورپی یونین کے رکن ممالک، فلسطین، بین الاقوامی شراکت داروں اور مالیاتی اداروں کے نمائندوں نے حصہ لیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شری پریا رنگناتھن نے کہا کہ ہندوستان طویل عرصے سے فلسطینی عوام کا ایک قابل اعتماد شراکت دار رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کی ترقیاتی امداد ضرورت پر مبنی ہے، اور اس کا بنیادی مرکز صحت، تعلیم، صلاحیت سازی اور پیشہ ورانہ تربیت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان فلسطین میں صحت کی خدمات، خواتین کو بااختیار بنانے اور ادارہ جاتی صلاحیت سازی سے متعلق کئی اہم منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے بحالی، صحت، تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت سے متعلق کئی نئے منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔

برسلز دورے کے دوران، شری پریا رنگناتھن نے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کے مشاورتی کمیشن کے آئندہ صدر کی جانب سے بلائے گئے اجلاس میں بھی شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے فلسطین میں ایجنسی کی انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں کے لیے ہندوستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ ہندوستان فلسطینی عوام کی انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک پرعزم اور قابل اعتماد شراکت دار رہے گا اور مستقبل میں بھی ٹھوس تعاون جاری رکھے گا۔

قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 7 جولائی کو کہا تھا کہ ہندوستان اور انڈونیشیا عالمی مسائل پر تعاون بڑھائیں گے۔ انہوں نے اسرائیل-فلسطین تنازعہ کو ختم کرنے کے لیے ’ٹو اسٹیٹ سولیوشن‘ (دو ریاستی حل) کی اہمیت کو بھی دہرایا۔ وزیر اعظم نے جکارتہ میں میڈیا کے سامنے یہ باتیں کہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔