
ملازمین، تصویر سوشل میڈیا
ہندوستان میں ملازمین اور مزدوروں کو لے کر اکثر طرح طرح کی رپورٹس سامنے آتی رہتی ہیں۔ ان کے الاؤنسز کو لے کر بھی کئی سوال اٹھتے ہیں۔ اب ایک ایسی رپورٹ سامنے آئی ہے، جس نے سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق پوری دنیا میں ہندوستان ہی ایسا ملک ہے جہاں سب سے زیادہ بغیر معاوضہ کام کروایا جاتا ہے۔
یہ بات حال ہی میں سامنے آئی اے ڈی پی کی ریسرچ رپورٹ سے معلوم ہوئی ہے۔ ’پیپل ایٹ وَرک 2026‘ رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں سب سے زیادہ ایسے ملازمین ہیں جو ہر ہفتہ اپنے کام کے طے شدہ گھنٹوں سے زیادہ کام کرتے ہیں، جس کے لیے انہیں کوئی معاوضہ نہیں ملتا۔ یہ سروے 2025 میں کیا گیا تھا، جس میں 36 ممالک کے 39 ہزار سے زیادہ ملازمین کو شامل کیا گیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں 24 فیصد ملازمین ہر ہفتہ 16 گھنٹے یا اس سے زیادہ کام کرتے ہیں، لیکن انہیں اس کے لیے کوئی تنخواہ نہیں ملتی۔ اس کے علاوہ 40 فیصد ملازمین ہر ہفتہ 6 سے 15 گھنٹے تک بغیر ادائیگی کے کام کرتے ہیں۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ سروے میں شامل تقریباً 2 تہائی ہندوستانی ملازمین ہر ہفتہ کم از کم 6 گھنٹے اضافی کام کرتے ہیں، وہ بھی بغیر کسی تنخواہ کے۔
اس فہرست میں 16 گھنٹے یا اس سے زیادہ بغیر تنخواہ کام کرنے والے ملازمین کے معاملے میں ہندوستان سب سے آگے ہے۔ ترکی 23 فیصد کے ساتھ دوسرے اور آسٹریا 21 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ امریکہ میں یہ اعداد و شمار 20 فیصد ہے۔ جمہوریہ چیک میں صرف 4 فیصد ملازمین نے 16 گھنٹے یا اس سے زیادہ بغیر تنخواہ کام کرنے کی بات کہی۔ چین، تائیوان اور جاپان میں یہ اعداد و شمار تقریباً 6 فیصد بتائے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ عالمی سطح پر صورتحال ہندوستان کے مقابلے بہت بہتر ہے۔ عالمی سطح پر 62 فیصد ملازمین ہفتے میں 5 گھنٹے یا اس سے کم بغیر ادائیگی کے کام کرتے ہیں، وہیں 26 فیصد ملازمین 6 سے 15 گھنٹے اور 12 فیصد ملازمین 16 گھنٹے یا اس سے زیادہ بغیر تنخواہ کام کرتے ہیں۔ اے ڈی پی کی رپورٹ کے مطابق بغیر تنخواہ والے کام میں لنچ بریک کے دوران کام کرنا یا دفتر کا وقت ختم ہونے کے بعد بھی کام کرتے رہنا شامل ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔