خبریں

11 ممالک کو ڈیجیٹل پیمنٹ سے جوڑنے کے لیے ہندوستان تیار کر رہا خصوصی منصوبہ!

ڈیجیٹل کرنسی کے استعمال سے متعلق نظام کو سمجھنے اور آئندہ کی حکمت عملی تیار کرنے کے لیے اگلے ہفتے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ ہو سکتی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>برکس، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

برکس، تصویر آئی اے این ایس

 

ہندوستان آئندہ ماہ ہونے والی ’برکس سربراہی کانفرنس‘ میں رکن ممالک کے درمیان آسان اور تیز ڈیجیٹل ادائیگی کی تجویز پیش کر سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان برکس ممالک میں سنٹرل بینک ڈیجیٹل کرنسی یعنی ’سی بی ڈی سی‘ کے استعمال کو فروغ دینے پر بھی زور دے گا۔ برکس کی سربراہی کانفرنس 12 اور 13 ستمبر کو نئی دہلی میں ہوگی۔ اس دوران اس تنظیم کے 20 سال مکمل ہونے کا جشن بھی منایا جائے گا۔ ’ایکونامکس ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان سرحد پار ڈیجیٹل ادائیگی کو آسان بنانے کے لیے ایک بہتر نظام تیار کرنے پر بات چیت چاہتا ہے۔ اس کے علاوہ برکس ممالک کے درمیان تجارت میں قومی کرنسیوں کے استعمال کو بڑھانے کے طریقوں پر بھی غور کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق ڈیجیٹل کرنسی کے استعمال سے متعلق نظام کو سمجھنے اور آئندہ کی حکمت عملی تیار کرنے کے لیے اگلے ہفتے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ ہو سکتی ہے۔ اس میں یہ بھی دیکھا جائے گا کہ برکس ممالک کے درمیان قومی کرنسیوں میں تجارت کو کس طرح بڑھایا جا سکتا ہے۔ تاہم، ہندوستان کی یہ پہل کسی دوسرے ملک کے خلاف نہیں ہوگی۔ اس کا بنیادی مقصد برکس ممالک کے درمیان تجارت اور ڈیجیٹل لین دین کو آسان بنانا ہے۔ ہندوستان ایسے نظام پر بھی کام کرنا چاہتا ہے، جس سے مختلف ممالک کے فاسٹ پیمنٹ سسٹم آپس میں منسلک ہو سکیں۔ اس سے سرحد پار ادائیگی جلد ہو سکتی ہے اور لین دین کی لاگت بھی کم ہو سکتی ہے۔

ہندوستان کا مرکزی بینک آر بی آئی پہلے سے ’سی بی ڈی سی‘ کا پائلٹ پروجیکٹ چلا رہا ہے۔ اب آر بی آئی برکس ممالک کے درمیان سرحد پار ڈیجیٹل لین دین میں ’سی بی ڈی سی‘ کے استعمال کے امکانات بھی دیکھ رہا ہے۔ تاہم، ابھی بیشتر ممالک میں ’سی بی ڈی سی‘ مکمل طور پر لانچ نہیں ہوئی ہے۔ مختلف ممالک اس کے استعمال، ٹیکنالوجی اور سیکورٹی کی جانچ کر رہے ہیں۔ اس میں سب سے بڑا چیلنج انٹرآپریبلٹی یعنی مختلف ممالک کی ڈیجیٹل کرنسی اور پیمنٹ سسٹم کو آپس میں جوڑنا ہے۔ اس کے لیے ممالک کو ٹیکنالوجی اور قوانین میں تال میل قائم کرنا ہوگا۔ چین سمیت کچھ برکس ممالک پہلے سے ڈیجیٹل کرنسی کے پائلٹ پروجیکٹ چلا رہے ہیں۔

برکس سمٹ میں کسٹمز سے متعلق تعاون کے معاہدے کو آگے بڑھانے پر بھی بات چیت ہو سکتی ہے۔ اس کا مقصد تجارت کو تیز کرنا، لین دین کی لاگت کم کرنا، سرحدی سیکورٹی مضبوط کرنا اور غیر قانونی تجارت پر روک لگانا ہے۔ اس کے علاوہ 30-2026 کے لیے گلوبل ویلیو چین پر تعاون بڑھانے کے منصوبے پر بھی بات چیت ہو سکتی ہے۔ اس کا مقصد سپلائی چین کو زیادہ مضبوط، تیز اور بہتر بنانا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔