راہل گاندھی / ویڈیو گریب
بہار میں اپوزیشن کے ’انڈیا اتحاد‘ نے الیکشن کمیشن کے اسپیشل انٹینسیو رویژن (ایس آئی آر) یعنی ووٹر لسٹ میں نظرثانی کی مہم کے خلاف ریاست گیر چکہ جام اور بہار بند کا اعلان کیا ہے۔ آر جے ڈی، کانگریس، بائیں بازو کی جماعتیں، وی آئی پی پارٹی اور پپو یادو کی قیادت والی جن ادھیکار پارٹی سمیت مہاگٹھ بندھن کی تمام حلیف جماعتیں اس احتجاج میں شریک ہیں، جو انڈیا اتحاد کا بھی حصہ ہیں۔ راہل گاندھی بھی آج پٹنہ پہنچ رہے ہیں اور وہ تیجسوی یادو کے ساتھ مل کر انکم ٹیکس گولمبر سے انتخابی دفتر تک مارچ کی قیادت کریں گے۔
ہم یہاں بہار میں آج کے چکہ جام سے جڑی تمام اہم پیشرفت لمحہ بہ لمحہ آپ تک پہنچا رہے ہیں:
Published: 09 Jul 2025, 8:36 AM IST
چکہ جام کے دوران انڈیا اتحاد کے مارچ سے خطاب کرتے ہوئے قائد حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کو جمہوری حقوق پر حملہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ’’ہم بہار آئے ہیں، یہ وہ ریاست ہے جہاں لوگ آئین کے لیے قربان ہوئے۔ ہمارے آئین میں صاف لکھا ہے کہ ہندوستان کے ہر شہری کو ووٹ دینے کا حق ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے بی جے پی پر مہاراشٹر کے بعد اب بہار میں انتخاب چوری کرنے کی سازش کا الزام عائد کیا۔ ان کے مطابق، ’’جیسے مہاراشٹر کا الیکشن چوری کیا گیا، ویسے ہی اب بہار میں بھی ویسا ہی منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کو اندازہ ہو چکا ہے کہ انڈیا اتحاد نے ’مہاراشٹر ماڈل‘ سمجھ لیا ہے، اس لیے اب وہ ’بہار ماڈل‘ لے کر آئے ہیں، جس کا مقصد صرف اور صرف غریبوں سے ووٹ کا حق چھیننا ہے۔ میں راہل گاندھی نے زور دیتے ہوئے کہا، ’’لیکن انہیں نہیں معلوم کہ یہ بہار ہے اور بہار کے عوام ایسا کبھی نہیں ہونے دیں گے۔‘‘
Published: 09 Jul 2025, 8:36 AM IST
انتخابی فہرستوں (الیکٹورل رولز) کی نظرثانی (ایس آئی آر) کے خلاف چکہ جام کے دوران انڈیا اتحاد کی قیادت نے اس مہم کو ’ووٹ بندی‘ کی سازش قرار دیتے ہوئے حکومت پر زوردار حملہ کیا۔ قائد حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے پٹنہ میں مارچ میں شرکت کی۔ جس کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بہار کے کروڑوں ووٹروں سے ان کا حقِ رائے دہی چھیننے کی سازش کی جا رہی ہے، جس میں جے ڈی یو-بی جے پی حکومت انتخابی کمیشن کے ساتھ مل کر شامل ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ یہ سازش خاص طور پر دلتوں، پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کو ووٹر لسٹ سے خارج کرنے کے لیے رچی جا رہی ہے تاکہ ان کا جمہوری حق چھینا جا سکے۔ راہل گاندھی نے اسے بابا صاحب کے آئین پر براہ راست حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انڈیا اتحاد اس ناانصافی کے خلاف ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھے گا اور کسی بھی قیمت پر اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مارچ میں ہزاروں کارکنان نے شرکت کی اور ’جمہوریت بچاؤ‘ کے نعرے لگائے۔
Published: 09 Jul 2025, 8:36 AM IST
بہار بند کے تحت پٹنہ میں انڈیا اتحاد کی جانب سے ہونے والے احتجاج کے دوران قائد حزبِ اختلاف راہل گاندھی بذات خود احتجاجی مارچ کی قیادت کرنے جا رہے ہیں، مارچ کچھ دری میں شروع ہوگا اور موقع پر بھاری جم غفیر دیکھا جا سکتا ہے۔ مارچ انکم ٹیکس گولمبر سے بہار کے چیف الیکشن آفس کی طرف روانہ ہوپگا، جہاں تیجسوی یادو اور دیگر اپوزیشن رہنما بھی راہل گاندھی کے ہمراہ ہوں گے۔
مارچ میں شرکت کے لیے پہنچے کارکنان نے ہاتھوں میں تختیاں، بینر اور جھنڈے اٹھا رکھے تھے جن پر ’فہرستوں کی نظر ثانی بند کرو‘ اور ’جمہوریت بچاؤ‘ جیسے نعرے درج ہیں۔
Published: 09 Jul 2025, 8:36 AM IST
چکہ جام کے تحت پٹنہ کے سیکریٹریٹ ہالٹ ریلوے اسٹیشن پر کانگریس کارکنوں نے ریلوے ٹریک پر دھرنا دیا۔ مظاہرین نے ٹرینوں کی آمدورفت روک دی، جس سے کئی لوکل اور پسنجر ٹرینیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ کانگریس کارکنوں کا الزام ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ایس آئی آر مہم کے تحت لاکھوں اہل ووٹرز کے نام ووٹر لسٹ سے کاٹے جا رہے ہیں، جس میں دلت، مسلمان، آدیواسی اور مہاجر مزدور سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ احتجاجی کارکنوں نے انتخابی عمل کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے حکومت اور الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کی۔
Published: 09 Jul 2025, 8:36 AM IST
ایس آئی آر یعنی اسپیشل انٹینسیو ریویژن، الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹوں کی ایک خصوصی جانچ ہے، جو اس وقت بہار میں چلائی جا رہی ہے۔ اس عمل میں ووٹروں کی شناخت کی دوبارہ تصدیق لی جا رہی ہے لیکن اپوزیشن کا الزام ہے کہ اس میں ان لوگوں اور خاص کر دلت، مسلمان، آدیواسی، اور مہاجر مزدور کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے جنہوں نے 2024 میں ووٹ دیا تھا۔ اعتراض ہے کہ آدھار یا راشن/منریگا کارڈ جیسے عام شناختی دستاویزات بھی قبول نہیں کیے جا رہے ہیں، جبکہ نئے ضوابط کے تحت مقامی رہائش کا ثبوت بھی طلب کیا جا رہا ہے، حالانکہ مہاجر مزدور اپنی آمدورفت کی وجہ سے ایسی دستاویز فراہم نہیں کر پاتے۔ آر جے ڈی کے منوج جھا کا کہنا ہے کہ یہ منظم طریقہ سے ووٹروں کو ووٹر لسٹ سے خارج کرنے کی کوشش ہے اور 20 فیصد تک مہاجر ووٹر اس عمل سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
Published: 09 Jul 2025, 8:36 AM IST
کانگریس لیڈر راہل گاندھی آج پٹنہ کے لیے روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ بہار بند اور چکہ جام کی حمایت میں ہونے والے مارچ میں شریک ہوں گے۔ راہل گاندھی دہلی ایئرپورٹ سے پرواز کے ذریعے روانہ ہوئے اور ان کی آمد کے بعد وہ براہ راست آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کے ساتھ انکم ٹیکس گولمبر سے الیکشن کمیشن کے دفتر تک پیدل مارچ کریں گے۔ راہل گاندھی ممکنہ طور پر حالیہ قتل کیس کے متاثرہ گوپال کھیمکا کے خاندان سے بھی ملاقات کر سکتے ہیں۔
Published: 09 Jul 2025, 8:36 AM IST
پٹنہ کو حاجی پور، دربھنگہ، مظفرپور اور پورنیہ جیسے اضلاع سے جوڑنے والے مشہور گاندھی پل پر آج آر جے ڈی کارکنوں نے دھرنا دے کر پل کو مکمل طور پر بند کر دیا۔ یہ پل قومی شاہراہ 19 کا حصہ ہے اور ہزاروں لوگوں کے لیے روزمرہ آمدورفت کا اہم ذریعہ ہے۔ پل پر رکاوٹ کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
Published: 09 Jul 2025, 8:36 AM IST
پٹنہ کے منیر حلقے میں واقع قومی شاہراہ 30 پر علی الصبح آر جے ڈی کارکنوں نے بہار بند کی حمایت میں احتجاج کیا۔ انہوں نے سڑک کے بیچوں بیچ ٹائر جلا کر سڑک کو مکمل طور پر بلاک کر دیا، جس سے ٹریفک کی روانی ٹھپ ہو گئی۔ پولیس موقع پر پہنچی مگر مظاہرین نے وہاں سے ہٹنے سے انکار کر دیا۔ احتجاجی مظاہرین حکومت مخالف نعروں کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہہ رہے تھے کہ ایس آئی آر مہم اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کو نشانہ بنانے کی کوشش ہے۔
Published: 09 Jul 2025, 8:36 AM IST
جہان آباد کے کورٹ اسٹیشن پر مہاگٹھ بندھن کے حامیوں نے پٹنہ-گیا ریل سروس کو روک دیا۔ احتجاجیوں نے ریلوے ٹریک پر دھرنا دیا اور گاڑی کے آگے کھڑے ہو کر اس کی روانگی کو روک دیا۔ ان کا الزام تھا کہ ایس آئی آر مہم کے تحت مخصوص علاقوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور جان بوجھ کر مہاگٹھ بندھن کے ووٹ بینک کو کمزور کیا جا رہا ہے۔
Published: 09 Jul 2025, 8:36 AM IST
بہار کے نائب وزیر اعلیٰ وجے سنہا نے مہاگٹھ بندھن کے چکّا جام پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’یہ احتجاج غیر ضروری اور عوام کو گمراہ کرنے والا ہے۔‘‘ ان کے مطابق انتخابی فہرست میں بہتری کے لیے الیکشن کمیشن کی ایس آئی آر مہم ہر ووٹر کے حق کی حفاظت کے لیے ہے، نہ کہ کسی مخصوص ذات یا پارٹی کے خلاف۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر الیکشن کمیشن فرضی ووٹروں کو روکنے کی کوشش کر رہا ہے تو حزبِ اختلاف کو اس پر اعتراض کیوں ہے؟
Published: 09 Jul 2025, 8:36 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 09 Jul 2025, 8:36 AM IST