خبریں

بھکاری قوم کبھی عظیم نہیں بنتی: عمران خان

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے حلف برداری کے بعد پہلی مرتبہ قوم سے خطاب کیا۔ انہوں نے اس دوران احتساب کی بات کرتے ہوئے بدعنوانی کی روک تھام کے لیے سخت کارروائی کرنے کا اعلان کیا۔

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان 

عمران خان نے اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ پرانے وزرائے اعظم کی طرح ان کے پانچ سو سے زائد ملازمین نہیں ہوں گے بلکہ صرف دو نوکر ہوں گے۔ عمران خان نے کہا کہ ان کے زیر استعمال صرف دو گاڑیاں ہوں گی اور پچاس سے زائد دیگر گاڑیوں کو نیلام کر دیا جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ ٹیکس کی وصولی کے نظام کو بہتر بنانے کا بھی ذکر کیا۔ عمران خان کے بقول وہ چیف جسٹس سے بھی ملاقات کریں گے اور درخواست کریں گے کہ بیواؤں کے مقدموں کو خاص طور پر جلدی نمٹایا جائے۔

اپنے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے یہ بھی کہا کہ رقم کی غیر قانونی منتقلی کے خلاف اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ مختلف کمیٹیاں بنائی جائیں گی، جو بیرون ملک میں جمع رقم واپس پاکستان لانے کے لیے کوششیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اسکولوں اور اسپتالوں پر توجہ دی جائے گی۔ عمران خان نے کہا کہ وہ بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں سے رابطہ کریں گے اور ان سے وہاں مقیم پاکستانیوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کہا جائے گا۔

نومنتخب وزیراعظم نے کہا کہ وہ بانی پاکستان محمد علی جناح اور علامہ اقبال کا پاکستان چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیاست میں کیریئر بنانے کے لیے نہیں آئے تھے۔ اپنے خطاب کے ابتدا میں انہوں نے کہا کہ اس دوران پاکستان کو درپیش مشکلات اور ان کا حل پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج ناکافی اور نامناسب خوراک کی وجہ سے پاکستان کے 45 فیصد بچوں کی ذہنی اور جسمانی نشو نما صحیح طور پر نہیں ہو پاتی۔ وزیر اعظم کے مطابق پاکستان کو کبھی بھی اتنے گھمبیر معاشی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔

ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ عمران خان مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے یہ خطاب کریں گے تاہم بعد ازاں اس کا وقت ساڑھے نو بجے کر دیا گیا۔ 17 اگست کو عمران خان کو ملک کا نیا وزیراعظم منتخب کیا گیا تھا اور انہوں نے 18 اگست کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف کو سب سے زیادہ 116 نشستیں حاصل ہوئی تھیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 20 Aug 2018, 5:38 AM IST