خبریں

’نان لینیئر‘ اثرات کی دریافت کے لیے ہینری کاگن اور کینسو سوآئی کو ملا کیمسٹری کا نوبل انعام

1901 سے 2025 کے درمیان 198 افراد کو 117 کیمسٹری کے نوبل انعامات دیے گئے ہیں۔ نوبل انعام کے فاتحین کو دسمبر میں سویڈن کی راجدھانی اسٹاک ہوم میں اعزاز سے نوازا جائے گا۔

<div class="paragraphs"><p>ہینری کاگن اور کینسو سوآئی، تصویر سوشل میڈیا&nbsp;@NobelPrize</p></div>

ہینری کاگن اور کینسو سوآئی، تصویر سوشل میڈیا @NobelPrize

 

کیمسٹری میں 2026 کا نوبل انعام فرانس کے ہینری کاگن اور جاپان کے کینسو سوآئی کو دیا گیا ہے۔ سویڈش رائل اکیڈمی آف سائنسز نے یہ اعزاز غیر متناسب نامیاتی ترکیب میں نان لینیئر اثرات اور آٹو کیٹالیسس کی دریافت کے لیے دیا ہے۔ ہینری کاگن پیرس یونیورسٹی سے اور کینسو سوآئی ٹوکیو یونیورسٹی آف سائنس سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے کیمسٹری میں ’مِرر امیج‘ (آئینے کے عکس) کو منتخب کرنے کے عمل پر کام کیا۔ دونوں سائنسدانوں نے کیمسٹری کی تقریباً 100 سال پرانی گتھی سلجھائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کسی کیمیائی عمل میں ایک دوسرے کے ’مِرر امیج‘ جیسے 2 مالیکیولز میں سے صرف ایک شکل کیسے بنائی جا سکتی ہے۔ یہ دریافت ادویات سمیت کئی طرح کے کیمیکل بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

کمیٹی کے ایک رکن نے ایک تجربہ کے ذریعے اسے آسان زبان میں سمجھانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دونوں ہاتھ تقریباً ایک جیسے دکھائی دیتے ہیں، لیکن بایاں ہاتھ دائیں ہاتھ اور دایاں ہاتھ بائیں ہاتھ کی جگہ نہیں لے سکتا۔ کچھ مالیکیولز بھی ایسے ہی ہوتے ہیں۔ ان کی 2 شکلیں ہوتی ہیں۔ دونوں ایک دوسرے کے ’مِرر امیج‘ ہوتے ہیں۔ مسئلہ تب پیدا ہوتا ہے جب سائنسدان ایسے مالیکیولز بناتے ہیں، تو کئی بار دونوں شکلیں ایک ساتھ بن جاتی ہیں۔ اس سے مسئلہ کا حل نہیں نکلتا۔

کسی دوا کی ایک شکل جسم میں بیماری پر اثر انداز ہو سکتی ہے، جبکہ اس کے ’مِرر امیج‘ سے نقصان ہو سکتا ہے۔ اسی لیے سائنسدان چاہتے تھے کہ صرف وہی مالیکیول بنے جس کی ضرورت ہے۔ یہ صرف ادویات کا مسئلہ نہیں تھا۔ ہمارے جسم میں بھی اس کی ایک مثال ملتی ہے۔ امینو ایسڈ کی 2 ’مِرر امیج‘ والی شکلیں ہو سکتی ہیں، لیکن جسم پروٹین بنانے کے لیے ان میں سے صرف ایک شکل کا استعمال کرتا ہے۔

واضح رہے کہ ہینری بی کاگن نے 1986 میں کیمیائی ردعمل کو کنٹرول کرنے کا ایک نیا طریقہ دریافت کیا تھا، جس سے مِرر امیج میں سے کسی ایک کی زیادہ مقدار بنائی جا سکتی تھی۔ ان کی دریافت ان کیمسٹوں کے لیے انقلابی ثابت ہوئی جو ادویات، ذائقے، خوشبو اور نئے مٹیریل بنانے کے لیے کیمیائی ردعمل تیار کرتے ہیں۔ اس کے بعد کینسو سوآئی نے اس کام کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے ایسا کیمیائی ردعمل ڈیزائن کیا جس میں ممکنہ مِرر امیج میں سے صرف ایک ہی شکل بنی۔ وہ شکل آگے اپنے جیسے مزید مالیکیولز بنانے میں مدد کرتی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ 2025 کا انعام جاپان کے سوسومو کِتاگاوا، آسٹریلیا کے رچرڈ روبسن اور امریکہ کے عمر ایم یاغی کو دیا گیا تھا۔ انہیں میٹل آرگینک فریم ورکس کی تیاری کے لیے یہ انعام دیا گیا تھا۔ 1901 سے 2025 کے درمیان 198 افراد کو 117 کیمسٹری کے نوبل انعامات دیے گئے ہیں۔ نوبل انعام کے فاتحین کو دسمبر میں سویڈن کی راجدھانی اسٹاک ہوم میں اعزاز سے نوازا جائے گا۔ انہیں میڈل، ڈپلومہ اور انعامی رقم دی جائے گی۔ 2026 میں نوبل انعام کی رقم تقریباً 11.5 کروڑ روپے ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔