
ریزیڈنسی اور سٹیزن شپ ایڈوائزری فرم گلوبل سٹیزن سلوشنز (جی سی ایس) نے گلوبل پاسپورٹ انڈیکس (جی پی آئی) کا پانچواں ایڈیشن جاری کیا ہے۔ ہندوستانی پاسپورٹ 197 ممالک کی فہرست میں 125 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ گزشتہ سال ہندوستان 124ویں نمبر پر تھا۔ حالانکہ اس میں 2021 میں 127 ویں نمبر سے 2 مقام کی بہتری آئی ہے۔ اس سال ہندوستان کا مجموعی اسکور 45.1 رہا، جو گزشتہ 5 برسوں میں سب سے زیادہ ہے۔ گلوبل پاسپورٹ انڈیکس دیگر کئی پاسپورٹ رینکنگ سے الگ ہے کیوں کہ یہ صرف ویزا فری سفر کی خدمات کی بنیاد پر نہیں بلکہ پاسپورٹ کی مجموعی طاقت کا موازنہ کرتا ہے۔ بیشتر پاسپورٹ رینکنگ صرف ویزا فری سفر کی بنیاد پر ہوتی ہیں، لیکن جی پی آئی پاسپورٹ کی طاقت کو 3 وسیع پیمانوں پر پرکھتا ہے۔ جس میں عالمی نقل و حرکت، سرمایہ کاری کی صلاحیت اور معیار زندگی شامل ہے۔
Published: undefined
جی پی آئی کے مطابق پاسپورٹ رینکنگ اس بات سے بھی طے ہوتی ہے کہ وہ دوسرے ممالک میں رہنے، کام کرنے اور سرمایہ کاری کرنے میں کس حد تک مدد کرتا ہے۔ مجموعی اسکور میں 50 فیصد ویٹیج ’اینہانسڈ موبلٹی‘، 25 فیصد سرمایہ کاری اور 25 فیصد ’کوالٹی آف لائف‘ کو دیا گیا ہے۔ یہ 14 مختلف انڈیکیٹرز پر مبنی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی پاسپورٹ کے ذریعہ 26 ممالک میں بغیر ویزا کے داخل ہوا جا سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہندوستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کو 26 ممالک میں ’ویزا فری‘ یا ’ویزا آن ارائیول‘ کی سہولت ملتی ہے۔ ان ممالک میں بھوٹان، نیپال، جمیکا، مکاؤ، فلسطین، تیونس، انگولا اور بارباڈوس جیسے ممالک شامل ہیں۔ حالانکہ امریکہ، برطانیہ، جرمنی، فرانس، چین، انڈورا اور متحدہ عرب عمارات سمیت تقریباً 88 ملکوں کے لیے ہندوستانی شہریوں کو ویزا لینا لازمی ہے۔
Published: undefined
’اینہانسڈ موبلٹی انڈیکس‘ میں ہندوستان 136 ویں مقام پر ہے۔ جو گزشتہ سال کی بہ نسبت ایک پائیدان نیچے ہے۔ یہ انڈیکس مجموعی اسکور 50 فیصد کا حصہ ہے۔ اس میں پاسپورٹ سے ملنے والے سفری فوائد کے ساتھ ساتھ اس ملک کی ’کوالٹی آف لائف‘ کو بھی دیکھا جاتا ہے، جہاں آپ جانا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ ’کوالٹی آف لیونگ انڈیکس‘ میں ہندوستان نے 11 پائیدان کی چھلانگ لگائی ہے۔ گزشتہ سال 129ویں مقام پر رہنے والا ہندوستان اس بار 118ویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔ اس انڈیکس میں ہیلتھ، ایجوکیشن اور پرسنل سیفٹی جیسے 6 اہم پہلوؤں کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ مجموعی اسکور کا 25 فیصد ہے۔
Published: undefined
انویسٹمنٹ انڈیکس میں بھی ہندوستان کو فائدہ ہوا ہے۔ یہ گزشتہ سال 97 ویں مقام سے 94 ویں پوزیشن پر آگیا ہے۔ یہ انڈیکس سرمایہ کاری اور تجارتی نقطہ نظر سے ملک کی معیشت کا جائزہ لیتا ہے۔ مضبوط اور بڑھتی ہوئی معیشتوں والے ممالک کو زیادہ اسکور ملتے ہیں۔ ذاتی ٹیکس کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے، جس کا مجموعی اسکور میں 25 فیصد تعاون ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ’گلوبل پاسپورٹ انڈیکس‘ نے سویڈن کے پاسپورٹ کو دنیا کا سب سے مضبوط پاسپورٹ قرار دیا ہے۔ سرفہرست 10 ممالک میں سویڈن، سوئٹزرلینڈ، فن لینڈ، جرمنی، نیدر لینڈ، ڈنمارک، آئرلینڈ، برطانیہ، ناروے اور سنگاپور شامل ہیں۔
Published: undefined
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined