
جموں وکشمیر میں نماز عید کا منظر (فوٹو یو این آئی)
اسلام کا عظیم تہوار مقدس عید الاضحیٰ آج مختلف ممالک میں نہایت مذہبی عقیدت، روایتی جوش و خروش اور روحانی جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ سعودی عرب، خلیجی ممالک، انڈونیشیا، ملائیشیا، مصرسمیت دنیا کے مختلف ممالک میں مسلمانوں نے نماز عید ادا کرنے کے بعد سنتِ ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا فریضہ انجام دیا۔ اس دوران ہندوستان کے مختلف حصوں میں بھی کچھ مقامات پرعید الاضحیٰ منائی گئی۔
Published: undefined
یورپی ممالک برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، فرانس، آسٹریلیا اور فلپائن میں بھی برادران اسلام نے عید الاضحیٰ مذہبی احترام کے ساتھ منائی۔ مختلف شہروں میں عیدگاہوں اور مساجد میں نمازِعید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جہاں بندگان خدا نے امن، بھائی چارہ، امت مسلمہ کے اتحاد اور دنیا بھر میں قیامِ امن کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔ نمازِعید کی ادائیگی کے فوراً بعد قربانی کا سلسلہ شروع ہوگیا جو 3 دن تک جاری رہے گا۔ شہروں اور دیہی علاقوں میں قربانی کے لیے لائے گئے جانوروں کی خریداری، ذبح اور گوشت کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ اس دوران فلاحی تنظیمیں اور نوجوان رضا کار بھی غریبوں اور مستحقین تک قربانی کا گوشت پہنچانے میں مصروف ہیں۔
Published: undefined
دوسری جانب فریضۂ حج کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ میں موجود 17 لاکھ سے زائد حجاج کرام مزدلفہ میں پوری رات عبادت وریاضت میں گزارنے اور کنکریاں جمع کرنے کے بعد آج منیٰ پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ حج کے اہم رکن ’’رمی جمرات‘‘ کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔ حجاج کرام آج بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد جانوروں کی قربانی دیتے ہیں اور پھر سر منڈوا کر یا بال کٹوا کر احرام کھول دیتے ہیں۔ اس مرحلہ کے بعد حجاج کرام طوافِ زیارت اور دیگر مناسک حج ادا کریں گے۔
Published: undefined
اسی طرح ہندوستان کی جنوبی ریاستیں کیرالہ اور تمل ناڈو میں آج (27 مئی) بقرعید کی نماز ادا کی گئی۔ عیدالاضحیٰ اس موقع پر کوئمبٹور کے علاقے کنیا موتھر میں واقع عائشہ محل میں بڑی تعداد میں بندگان خدا نے نماز عید ادا کی۔ وہیں جموں و کشمیر میں بھی بڑے جوش وخروش اورعقیدت واحترام کے ساتھ عید الاضحی منائی جارہی ہے۔ اس موقع پر سینکڑوں مسلمانوں نے اشاجی پورہ عیدگاہ میں نماز ادا کی اور پھر قربانی کرنے میں مصروف ہیں۔
Published: undefined
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined