
کولکاتا: مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا موازنہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ سے کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کے طریقہ کار میں کوئی فرق نہیں ہے۔ گری راج سنگھ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کم جونگ اپنے والد کی موت کے بعد اقتدار میں آنے کے بعد جس طریقے سے حکومت کر رہے ہیں وہ ہمارے سامنے آئے ہیں۔ شمالی کوریا میں جمہوریت اور اظہار رائے کی آزادی نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ گری راج سنگھ نے کہا کہ ممتا بنرجی کے دور اقتدار میں بنگال میں جمہوریت ختم ہوچکی ہے۔ ممتا بنرجی بھی کم جونگ کی طرح اپنے مخالفین کے ساتھ سلوک کرتی ہیں۔
خیال رہے کہ بی جے پی کی رتھ یاترا کی اجازت نہیں ملنے کے بعد سے ہی ممتا بنرجی بی جے پی لیڈروں کے نشانے پر ہیں۔گری راج سنگھ کا یہ بیان بھی اسی تناظر میں ہے۔بی جے پی کی رتھ یاترا ریاست میں تین مرحلے میں نکلنے والی تھی۔جس میں بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ،وزیر اعظم مودی، یوگی آدتیہ ناتھ جیسے لیڈران شریک ہونے والے تھے۔اس وقت یہ معاملہ سپریم کورٹ کے زیر غور ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 25 Dec 2018, 6:09 PM IST