قومی خبریں

وِنگ کمانڈر ابھینندن کے استقبال کے لیے واگھہ بارڈر پر جشن کا ماحول

ذرائع کے مطابق پاکستان حکومت نے ابھینندن کو شام چار بجے ہندوستانی ہائی کمیشن حکام کو سونپنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے بعد ہی ان کا یہاں وا گہہ سرحد پر پہنچنے کا امکان ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

نئی دہلی: ونگ کمانڈر ابھینندن وردھمان پاکستان کی حراست سے رہا ہوکر ہندوستان -پاکستان کی یہاں واقع مشترکہ سر حد سے آج وطن پہنچیں گے۔ پاکستان میں واقع ہندوستانی ہائی کمیشن میں تعینات گروپ کیپٹن جےڈي كورين انہیں یہاں لے کر آئیں گے۔ اس دوران ذرائع کے مطابق پاکستان حکومت نے ابھینندن کو شام چار بجے ہندوستانی ہائی کمیشن حکام کو سونپنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے بعد ہی ان کا یہاں وا گہہ سرحد پر پہنچنے کا امکان ہے۔

ادھر، اپنے ریئل ٹائم ’ہیرو‘ ابھینندن کی وطن واپسی پر ان کے استقبال کے لیے ملک کے لوگ بیتابی سے انتظار کر رہے ہیں۔ پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں لوگوں کا یہاں پہنچنا شروع ہو گیا ہے۔ واگہہ سرحد پر صبح چار بجے سے ہی ملک کے دور دراز علاقوں سے لوگ یہاں پہنچ رہے ہیں۔ ان میں بیشتر امرتسر اور پنجاب کے مختلف اضلاع سے ہیں۔ سرحد پر ہندوستانی علاقے میں اس وقت جشن کا ماحول ہے۔ابھینندن کے ہندوستانی علاقے میں داخل ہونے پر ڈھول نقارے اور پھول مالاؤں کے ساتھ ان کا شاندار استقبال ہوگا۔ پنجاب کے وزیر اعلی کیپٹن امریندر سنگھ بھی اس موقع پر یہاں پہنچنے کا امکان ہے۔

ہندوستانی فضائیہ نے بھی ونگ کمانڈر ابھینندن وردھمان کی رہائی کےاعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ وہ ونگ کمانڈر ابھینندن کی وطن واپسی دیکھنا چاہتا ہے۔ فضائیہ کے ذرائع کے مطابق ونگ کمانڈر ابھینندن کے استقبال کے لئے اس کی ایک ٹیم واگہہ سرحد پر پہنچے گی۔

Published: 01 Mar 2019, 2:09 PM IST

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کے کسی بھی شرط کو نہ ماننے اور اس کے اور بین الاقوامی برادری کے بڑھ رہے دباؤ کے آگے جھکتے ہوئے پاکستان نے ابھینندن کو واپس بھیجنے کا جمعرات کو اعلان کیا تھا۔ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس بلا کر اس میں ’امن کی خاطر‘ اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے ابھینندن کو بغیر کسی شرط کےواپس ہندوستان بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔ اگرچہ اس سے پہلے پاکستان نے بات چیت کی میز پر آنے کی شرط کے ساتھ ابھینندن کو ہندوستان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تھی۔ ہندوستان کی جانب سے اس پیشکش پر کوئی رد عمل نہ ہونے، نئی دہلی میں بڑھتی ہوئی ہلچل، ہندوستان کی جانب سے ابھینندن کو چھڑانے کے لیے کسی بڑی کارروائی کے خدشات اور بین الاقوامی برادری میں الگ تھلگ پڑ جانے پر پاکستان نے بات چیت کرنے کی رٹ چھوڑ دی اور ابھینندن کوبغیر کسی شرط کے رہائی کا اعلان کیا تھا۔

بالاكوٹ اور دیگر علاقوں میں ہندوستانی فضائیہ کے ہوائی حملے سے بوکھلائے پاکستان نے بدھ کی صبح ہندوستانی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کی حماقت کی تھی۔ اس کے مختلف ہوائی اڈوں سے تین لڑاکا طیارے پروازکرکے ہندوستان کے پونچھ اور راجوری علاقوں میں گھس آئے تھے۔ ریڈار کی پکڑ میں آتے ہی ہندوستان نے اپنے مگ -21 بائیسن اور سخوئی -30 طیاروں کو ان سے مقابلے کے لئے بھیجا تھا۔اس دوران ’ڈاگ فائٹ‘ میں پاکستان کا ایف -16 طیارہ مار گرایا گیا لیکن ایک مگ -21 بائیسن طیارہ بھی اس دوران کریش ہو گیا اور اسے چلا رہے ونگ کمانڈر ابھینندن پیراشوٹ سے بحفاظت كود گئے۔ ان کا پیراشوٹ سرحد پار اترا اور دشمن کی زمین پر ہونے کا احساس ہوتے ہی اور وہاں کے سیکورٹی فورسز کے حراست میں لیے جانے سے پہلے ہی انہوں نے اپنے پاس موجود حساس دستاویزات کو تباہ کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ان میں سے کچھ کو تو وہ چبا گئے۔ حراست میں لیے جانے کے بعد پاکستانی سیکورٹی فورسز اور مقامی لوگوں نے ابھینندن کے ساتھ بدسلوکی اور مارپیٹ کی تھی۔پاکستان کی جانب سے جاری کئے گئے پوچھ گچھ کے ویڈیو میں بھی ابھینندن بے خوف نظر آئے تھے اور انہوں نے پوچھ گچھ میں کوئی بھی حساس معلومات دینے سے انکار کیا تھا۔

Published: 01 Mar 2019, 2:09 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 01 Mar 2019, 2:09 PM IST