قومی خبریں

اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ تریویندر کی کرسی خطرے میں، ’دہلی دربار‘ میں پیشی!

اتراکھنڈ کے وزیر تعلیم اور کئی اراکین اسمبلی گزشتہ دو دنوں سے دہلی میں ڈیرا ڈالے ہیں۔ بی جے پی کے پارلیمانی بورڈ کی 9 مارچ کو دہلی میں ہونے والی میٹنگ میں بھی اتراکھنڈ مسئلہ پر غور و خوض کا امکان ہے۔

تریویندر سنگھ راوت، تصویر آئی اے این ایس
تریویندر سنگھ راوت، تصویر آئی اے این ایس 

اتراکھنڈ کے کئی اراکین اسمبلی کی ناراضگی کے سبب وزیر اعلیٰ تریویندر سنگھ راوت کی کرسی پر خطرہ برقرار ہے۔ اس درمیان دہرہ دون سے واپسی کے بعد چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ رمن سنگھ اور قومی جنرل سکریٹری دشینت گوتم نے بطور آبزرور اپنی رپورٹ بی جے پی اعلیٰ کمان کو سونپ دی ہے۔ پارٹی ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اس رپورٹ پر اب وزیر اعلیٰ تریویندر سنگھ راوت بی جے پی قیادت کے سامنے اپنی بات رکھنے کے لیے پیر کو دہلی پہنچ سکتے ہیں۔

Published: undefined

قابل غور بات یہ ہے کہ ریاست کے وزیر تعلیم اروند پانڈے اور کئی اراکین اسمبلی گزشتہ دو دنوں سے دہلی میں ڈیرا ڈالے ہوئے ہیں۔ بی جے پی کے پارلیمانی بورڈ کی 9 مارچ کو دہلی میں ہونے والی میٹنگ میں بھی اتراکھنڈ کے مسئلہ پر غور ہونے کا امکان ہے۔

Published: undefined

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ تریویندر سنگھ راوت نے پیر کو ریاست کی گرمائی راجدھانی گیرسین کا دورہ رد کر دیا ہے تاکہ وہ دہلی پہنچ کر پارٹی صدر جے پی نڈا اور وزیر داخلہ امت شاہ سے مل کر ریاست کےحالات پر اپنی بات رکھ سکیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہرہ دون میں بی جے پی قیادت کی طرف سے گزشتہ ہفتہ کو بھیجے گئے دونوں آبزرور نے کئی اراکین اسمبلی کے ساتھ الگ سے میٹنگ کی تھی۔

Published: undefined

اس دوران اراکین اسمبلی نے بتایا کہ موجودہ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں انتخاب لڑنے پر نقصان ہو سکتا ہے۔ حکومت میں بیوروکریسی کے حاوی ہونے کے سبب عوامی نمائندوں کی نہیں سنی جا رہی ہے جس سے عوام میں بھی ناراضگی ہے۔ آبزرورس نے یہ رپورٹ بی جے پی قیادت کو سونپ دی ہے۔

Published: undefined

اتراکھنڈ میں بی جے پی سے منسلک ایک لیڈر نے کہا کہ ’’آئندہ سال 2022 میں انتخاب ہے۔ کئی اراکین اسمبلی کی ناراضگی کے سبب موجودہ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں الیکشن لڑنا خطرے سے خالی نہیں مانا جا رہا ہے۔ حالانکہ پارٹی قیادت اراکین اسمبلی کو منا کر ’ڈیمیج کنٹرول‘ کرنے کی کوشش میں ضرور لگی ہے۔ آبزرورس کی رپورٹ پر بی جے پی قیادت کو آگے کا فیصلہ کرنا ہے۔ چہرہ نہیں بدلا تو کابینہ میں بڑی تبدیلی طے مانی جا رہی ہے۔‘‘

Published: undefined

اس درمیان کانگریس سوشل میڈیا ڈپارٹمنٹ سے منسلک شلپی اروڑا نےا یک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’جس طرح توڑ پھوڑ کر حکومت بنائی تھی، اس کا یہی حشر ہونا تھا۔ تریویندر راوت بس نام کے وزیر اعلیٰ ہیں، کام کے نہیں۔ یہ بات بی جے پی کے رکن اسمبلی بھی سمجھ گئے ہیں۔ ہو سکتا ہے بغاوت کسی طرح ٹال دی جائے لیکن اگلے سال عوام ان کو ایسے گدی سے اتارے گی کہ یہ یاد رکھیں گے۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined