قومی خبریں

لوک سبھا میں راہل گاندھی کیوں نہیں مکمل کر سکے اپنی تقریر، معافی کے مطالبے پر کیوں مصر رہی حکمراں جماعت؟

راہل گاندھی کے بیان پر لوک سبھا میں ہنگامہ اور کارروائی ملتوی ہونے کے بعد کرن رجیجو نے پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔ اس کے بعد وہ اپنا احتجاج درج کرانے کے لیے اسپیکر کے پاس گئے۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / ویڈیو گریب</p></div>

راہل گاندھی / ویڈیو گریب

 

لوک سبھا میں بدھ (29 جولائی) کو اینٹی پیپر لیک بل پر بحث چل رہی تھی، جس میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی بول رہے تھے۔ اس دوران وزیر داخلہ امت شاہ سے متعلق ان کی تقریر میں بعض الفاظ کے استعمال پر ایوان میں ہنگامہ ہو گیا، جس کی وجہ سے راہل گاندھی اپنی تقریر مکمل نہیں کر پائے۔ اتنا ہی نہیں ہنگامے کی وجہ سے ایوان کی کارروائی بھی 2 مرتبہ ملتوی کرنی پڑی۔ حالانکہ بعد میں حکمراں جماعت کے احتجاج کے بعد راہل گاندھی کی تقریر کے متنازعہ الفاظ کو ایوان کی کارروائی سے ہٹا دیا گیا۔ اس کے باوجود حکمراں جماعت راہل گاندھی کے معافی مانگنے کے مطالبے پر بضد رہی۔

راہل گاندھی کے بیان پر لوک سبھا میں ہنگامہ اور کارروائی ملتوی ہونے کے بعد مرکزی وزیر کرن رجیجو نے پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔ اس کے بعد وہ اپنا احتجاج درج کرانے کے لیے اسپیکر کے پاس گئے۔ پھر جب وہ وہاں سے نکلے تو کانگریس کی جانب سے پرینکا گاندھی واڈرا، کے سی وینوگوپال اور گورو گوگوئی اسپیکر سے ملنے پہنچ گئے۔ اس کے بعد اسپیکر نے کرن رجیجو کو دوبارہ بلا لیا۔ پھر رجیجو نے پرینکا گاندھی اور کے سی وینوگوپال کے سامنے ہی اسپیکر سے کہا کہ راہل گاندھی نے وزیر داخلہ کا نام لے کر الزام عائد کیا تھا کہ ان کے کہنے پر گولی چلائی گئی۔

کرن رجیجو نے کہا کہ یہ بہت حساس معاملہ ہے اور اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ بات نہیں کی جانی چاہیے۔ دوسری جانب کانگریس لیڈران نے اس معاملے سے صاف انکار کیا اور کہا کہ راہل گاندھی کو اپنی تقریر مکمل کرنے دی جائے، جس پر رجیجو نے واضح طور پر کہا کہ اگر راہل گاندھی معافی نہیں مانگیں گے تو ایوان نہیں چل سکتا۔ اس کے بعد رجیجو نے امت شاہ سے مل کر پورے واقعے کی تفصیلات بتائیں۔

ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی-9 بھارت ورش‘ پر شائع خبر کے مطابق راہل گاندھی نے ایوان میں اپنی تقریر کے دوران طلبہ کے خلاف ہوئی پولیس کارروائی کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے مظاہرین پر پیلٹ گن کے استعمال کو لے کر بھی وزیر داخلہ امت شاہ پر سوال کھڑے کیے۔ اس دوران راہل گاندھی نے وزیر داخلہ کی ایوان میں غیرموجودگی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’’امت شاہ ایوان میں کیوں نہیں آئے، وہ کیوں نہیں آ رہے ہیں؟‘‘ راہل گاندھی نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے کچھ نہیں کیا ہے، طلبہ کے خلاف کوئی حکم جاری نہیں کیا ہے تو وہ صاف صاف بتا دیں کہ انہوں نے حکم جاری نہیں کیا تھا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔