قومی خبریں

’کہاں ہے لال آنکھ؟‘ چینی ملٹری ایئرکرافٹ کے ہندوستانی سرحد میں داخل ہونے کی خبر پر کانگریس کا پی ایم مودی سے تلخ سوال

پون کھیڑا نے پوچھا کہ ’’کیا قومی سلامتی کے معاملے میں اس حکومت کا ماننا ہے کہ عوام کو جاننے کا کوئی حق نہیں؟ یا ملک کو اندھیرے میں رکھنا ہی اقتدار میں بنے رہنے کا اس کا واحد طریقہ بن گیا ہے؟‘‘

<div class="paragraphs"><p>پی ایم مودی اور شی جنپنگ، تصویر ’ایکس‘ @Kharge</p></div>

پی ایم مودی اور شی جنپنگ، تصویر ’ایکس‘ @Kharge

 

چینی ملٹری ایئرکرافٹ کے ہندوستانی سرحد میں داخل ہونے اور مسلسل تنبیہوں کے باوجود دیر تک ہندوستانی علاقہ سے باہر نہ نکلنے کی خبر نے ایک بار پھر قومی سلامتی سے متعلق کئی طرح کے اندیشے پیدا کر دیے ہیں۔ انگریزی میڈیا ادارہ ’آؤٹ لک‘ کی خبر سامنے آنے کے بعد کانگریس نے خاص طور سے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کئی پوسٹ جاری کر اپنی فکر کا اظہار بھی کیا ہے۔

کانگریس نے ’آؤٹ لک‘ کی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’چین کی ناپاک حرکت... 12 نومبر کی صبح چین کا ملٹری ایئرکرافٹ ہماری سرحد میں داخل ہو گیا اور سکم کے اوپر تقریباً 20 منٹ تک گھومتا رہا۔ خاص بات یہ ہے کہ فضائیہ کی تنبیہوں کو بھی چین کے ملٹری ایئرکرافٹ نے نظر انداز کر دیا۔‘‘ آگے یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’یہ بے حد فکر انگیز خبر ہے۔ مودی حکومت کو اس معاملہ پر چین کے سامنے سخت اعتراض درج کرانا چاہیے۔ امید ہے نریندر مودی اس بار چین کو کلین چٹ نہیں دیں گے۔‘‘

ایک دیگر سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس نے ہندوستان کی سرحد میں چین کی 2 مداخلتوں کی ویڈیو پیش کی ہے، اور اس کا کیپشن دیا ہے ’نریندر مودی، کہاں ہے لال آنکھ؟‘ ایک ویڈیو میں اروناچل پردیش کا واقعہ بتایا گیا ہے جہاں کچھ دنوں قبل چین نے ہندوستان کے اندر 6 سے 7 کلو میٹر گھس کر ٹینٹ لگا لیے۔ دوسرا تازہ واقعہ سکم کا ہے جہاں چینی ملٹری ایئرکرافٹ بے خوف انداز میں 20 منٹ تک گھومتا دکھائی دیا۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ پہلے چین نے زمین سے دراندازی کی، اور اب آسمان میں سیندھ لگا دی۔ انہی واقعات کو سامنے رکھتے ہوئے کانگریس نے سوال کیا ہے کہ ’’چین کو لال آنکھ کب دکھائیں گے مودی؟‘‘

اس معاملہ میں کانگریس رکن پارلیمنٹ پون کھیڑا نے بھی اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے ’ایکس‘ پر جاری اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’یکے بعد دیگرے تشویش ناک انکشافات اس ملک کے حالات کی حقیقت کو بے نقاب کر رہے ہیں۔ ایک بار پھر سچائی سامنے لانے کا کام حکومت نہیں بلکہ میڈیا کر رہا ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’اس بار اطلاعات کے مطابق چینی طیاروں نے سکم کی فضائی حدود میں داخل ہو کر تقریباً 20 منٹ تک پرواز کی۔ اس کے باوجود نہ تو مودی اور نہ ہی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ہندوستانی عوام کو اس بارے میں بتانا ضروری سمجھا۔‘‘ وہ یہ سوال بھی کرتے ہیں کہ ’’کیا قومی سلامتی کے معاملے میں اس حکومت کا ماننا ہے کہ عوام کو سچائی جاننے کا کوئی حق نہیں؟ یا ملک کو اندھیرے میں رکھنا ہی اقتدار میں بنے رہنے کا اس کا واحد طریقہ بن گیا ہے؟‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔