
سپریا شرینیت / ویڈیو گریب
پٹرول، ڈیزل اور گھریلو استعمال کی اشیاء کی بڑھتی قیمتوں کو لے کر کانگریس کا مودی حکومت پر شدید حملہ جاری ہے۔ کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے آج ایک ویڈیو پیغام میں مرکزی حکومت کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’امرت کال‘ کے نام پر ملک کی عوام پر مہنگائی کا کوڑا برسایا جا رہا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی مسلسل عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ 3 روپے کے اضافہ نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے، جبکہ اس سے قبل کمرشیل سلنڈر کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا تھا، جس کے اثرات اب بازار اور روزمرہ کی اشیاء پر صاف دکھائی دینے لگے ہیں۔
Published: undefined
سپریا شرینیت کا ویڈیو پیغام کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کیا ہے۔ اس میں وہ کہتی دکھائی دے رہی ہیں کہ ’’ملک اس وقت شدید مہنگائی کے دور سے گزر رہا ہے، لیکن مودی حکومت عوام کو راحت دینے کے بجائے مسلسل بوجھ بڑھا رہی ہے۔‘‘ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’’امرت کال میں آپ کا استقبال ہے، جہاں نریندر مودی مہنگائی کا چابک چلا رہے ہیں۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ صرف پٹرول پمپ تک محدود نہیں رہتا، بلکہ اس کا براہ راست اثر ٹرانسپورٹ، سبزیوں، اناج، دودھ اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں پر بھی پڑتا ہے، جس سے غریب اور متوسط طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوتا ہے۔
Published: undefined
کانگریس ترجمان نے مودی حکومت کی پالیسیوں کا موازنہ دنیا کے دیگر ممالک سے کرتے ہوئے کہا کہ جہاں دنیا بھر کی حکومتیں اپنی عوام کو راحت پہنچانے کے لیے ایندھن پر ٹیکس کم کر رہی ہیں، وہیں ہندوستان میں عوام پر مزید بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ نیپال نے پٹرول 2 روپے اور ڈیزل 12 روپے سستا کیا، آسٹریلیا نے ایکسائز ڈیوٹی کم کر کے پٹرول تقریباً 17 روپے سستا کر دیا، جرمنی نے تیل پر ٹیکس گھٹا کر پٹرول اور ڈیزل 17 سے 19 روپے تک سستا کیا، جبکہ برطانیہ نے بجلی کے بلوں میں 100 پاؤنڈ تک کی رعایت دی اور ایندھن پر ٹیکس کم کیے تاکہ عوام کو مہنگائی سے بچایا جا سکے۔
Published: undefined
سپریا شرینیت نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت نے ہندوستان کی انرجی سیکورٹی کو امریکہ کے سامنے سرینڈر کر دیا ہے۔ آج ملک کی توانائی پالیسی دہلی میں تیار نہیں ہو رہی بلکہ واشنگٹن کے اشاروں پر چل رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’آج ہندوستان کے لیے فیصلے نریندر مودی نہیں بلکہ ڈونلڈ ٹرمپ لے رہے ہیں، اور اس کی قیمت ملک کی عوام ادا کر رہی ہے۔‘‘
Published: undefined
کانگریس ترجمان نے مزید کہا کہ مودی حکومت کارپوریٹ کمپنیوں کو فائدہ پہنچانے میں مصروف ہے، جبکہ عام آدمی مہنگائی کی آگ میں جل رہا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب عالمی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں استحکام ہے تو پھر ہندوستانی عوام پر اضافی بوجھ کیوں ڈالا جا رہا ہے؟ کانگریس نے مطالبہ کیا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے اور عوام کو مہنگائی سے راحت فراہم کی جائے۔
Published: undefined
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
ویڈیو گریب