قومی خبریں

’ہم سب اپنے بہادر شہیدوں اور ان کے اہل خانہ کے ہمیشہ مقروض رہیں گے‘، 11/26 ممبئی حملے کی برسی پر کانگریس کا خراج عقیدت

راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ممبئی میں 11/26 کو ہوئے دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے بہادر جوانوں اور بے گناہ شہریوں کو میرا عاجزانہ خراج عقیدت۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>ممبئی&nbsp;11/26 دہشت گردانہ حملہ، تصویر سوشل میڈیا&nbsp;@SukhuSukhvinder</p></div>

ممبئی 11/26 دہشت گردانہ حملہ، تصویر سوشل میڈیا @SukhuSukhvinder

 

11/26 کے ممبئی دہشت گردانہ حملے میں جان گنوانے والے تمام بے گناہ شہریوں اور ان کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر جوانوں کو آج پورا ملک خراج عقیدت پیش کر رہا ہے۔ اس موقع پر لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی سمیت کئی سرکردہ رہنماؤں نے بہادر جوانوں، سیکیورٹی اہلکاروں اور جاں بحق شہریوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ممبئی میں 11/26 کو ہوئے دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والے بہادر جوانوں اور بے گناہ شہریوں کو میرا عاجزانہ خراج عقیدت۔ ان کی بے مثال بہادری اور عظیم قربانی کو ملک کبھی فراموش نہیں کرے گا۔‘‘

کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ممبئی میں 11/26 کو ہوئے بزدلانہ دہشت گردانہ حملے میں ملک کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہونے والے بہادر جوانوں کو سلام۔ ہم سب اپنے بہادر شہیدوں اور ان کے اہل خانہ کے ہمیشہ مقروض رہیں گے۔‘‘

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’آج کے دن ہم 11/26 کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے متاثرین کو یاد کرتے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے اپنے پولیس اہلکاروں اور سیکیرٹی فورسز کی غیر معمولی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ان کی بہادری ہمیں اپنے ملک کی طاقت اور ثابت قدمی کا احساس دلاتی ہے۔ ہم نے جن بہادر افراد کو کھویا، ان میں سے ہر ایک کو میرا دلی خراج عقیدت۔‘‘

ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’11/26 کے بزدلانہ دہشت گردانہ حملے میں ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا عظیم نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں اور عام شہریوں کو دلی خراج عقیدت۔ ملک آپ سب کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔‘‘

کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر لکھا کہ ’ آج کے دن ہم 11/26 کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں میں جان گنوانے والے بے گناہ افراد کو یاد کرتے ہیں اور اپنے بہادر شہیدوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ہم ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف پوری مضبوطی سے کھڑے ہیں۔‘‘ 

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔