قومی خبریں

دہلی میں ہنومان جینتی کے جلوس کے دوران پرتشدد جھڑپ، امت شاہ کی پولیس کے اعلیٰ افسران سے گفتگو

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے دہلی پولیس کے خصوصی پولیس کمشنر (لا اینڈ آرڈر) دپیندر پاتھک سے اس معاملہ میں بات کی اور تشدد کے پیش نظر ضروری اقدام اٹھانے کی ہدایت دی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

نئی دہلی: دہلی میں ہنومان جینتی کے موقع پر ہفتہ کے روز جہانگیرپوری علاقہ میں دو فرقوں کے درمیان تشدد بھڑک اٹھا۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہنومان جینتی کے موقع پر نکالے گئے جلوس کے دوران پتھراؤ کیا گیا، جس کے بعد کافی ہنگامہ آرائی ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق جھڑپ کے دوران پولیس اہلکار سمیت کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو دہلی کے بابو جگجیون رام استپال میں داخل کرایا گیا ہے۔

دہلی پولیس پی آر او کا کام سنبھال رہے ڈی سی پی انویاس رائے کا کہنا ہے کہ جہانگیر پوری میں جلوس کے دوران ہنگامہ ہوا ہے۔ وہیں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے دہلی پولیس کے خصوصی پولیس کمشنر (لا اینڈ آرڈر) دپیندر پاٹھک سے اس معاملہ میں بات کی ہے۔ انہوں نے تشدد کے پیش نظر ضروری اقدام اٹھانے کی ہدایت دی۔

Published: undefined

این پولیس عہدیدار نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ یہ ایک رواکتی جلوس تھا اور حفاظت کے لئے پولیس اہلکار تعینات تھے لیکن کشل سنیما ہال کے پاس جلوس کے پہنچتے ہی دو فرقوں میں جھڑپ ہو گئی۔ تشدد کو روکنے کی کوشش میں موقع پر موجود پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ جلوس میں چل رہے لوگوں پر اوپر سے پتھربازی اور معمولی آگزنی کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیداران موقع پر موجود ہیں اور حالات قابو میں ہیں۔

پولیس افسر نے مزید کہا کہ اضافی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس وبال کے دوران کن پولیس اہلکاروں کو چوٹ لگی ہے اس کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ واقعہ سے وابستہ کچھ ویڈیوز بھی منظر عام پر آئی ہیں، جن میں پتھربازی اور آگزنی کے بعد لوگوں کو بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ دریں اثنا، ہیلمٹ پہنے ہوئے پولیس اہلکار حالت کو قابو میں کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں کچھ نوجوان پتھراؤ کرتے ہوئے بھی نظر آ رہے ہیں۔

Published: undefined

آگزنی کے پیش نظر دہلی فائر سروس کی 2 گاڑیاں بھی موقع پر پہنچ گئی تھیں، حالانکہ دہلی فائر سروس کے ڈائریکٹر اتل گرگ کا کہنا ہے کہ یہ واقعات کافی معمولی نوعت کے تھے، لہذا وہاں آپریشن روک دیا گیا ہے اور گاڑیوں کو واپس بلا لیا گیا ہے۔ آگ لگنے سے کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے اور دھویں کے غبار کے درمیان سینکڑوں افراد نظر آ رہے ہیں۔

دریں اثنا، دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ تمام لوگوں کو امن برقرار رکھنا ہوگا۔ امن کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ سب کو امن و امان برقرار رکھنا ہے۔ ضرورت پڑی تو ایجنسی ہے، پولیس ہے، جن کی ذمہ داری ہے۔ دہلی میں امن و امان قائم کرنا مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ میں عوام سے بھی امن برقرار رکھنے کی اپیل کرتا ہوں۔

Published: undefined

وہیں، دہلی پولیس کمشنر راکیش استھانہ نے کہا ہے کہ شمال مغربی ضلع میں حالات اب قابو میں ہیں۔ جہانگیر پوری اور دیگر حساس علاقوں میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ سینئر پولیس افسران کو علاقے میں رہنے کو کہا گیا ہے اور نظم و نسق پر گہری نظر رکھنے کے ساتھ مسلسل گشت کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے کہا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر افواہوں اور فرضی خبروں پر کان نہ دھریں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined