قومی خبریں

’ہلدوانی شدھی کرن‘ واقعہ کو اتراکھنڈ بی جے پی صدر نے صحیح ٹھہرایا، ویڈیو شیئر کر کانگریس نے کیا حملہ

کانگریس نے اتراکھنڈ بی جے پی صدر کے بیان کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ملک کے دلتوں کے تئیں ایسی خراب سوچ رکھنے والی بی جے پی کو عوام معاف نہیں کرے گی۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>ہلدوانی میں شدھی کرن کا منظر، ویڈیو گریب</p></div>

ہلدوانی میں شدھی کرن کا منظر، ویڈیو گریب

 

’’یہ اتراکھنڈ بی جے پی کے صدر مہندر بھٹ ہیں۔ یہ جناب ہلدوانی میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی تقریر والے اسٹیج کا ’شدھی کرن‘ کرائے جانے والے شرمناک واقعہ کو صحیح ٹھہرا رہے ہیں۔ مہندر بھٹ کا یہ گھٹیا بیان بی جے پی کی دلت مخالف ذہنیت کا ثبوت ہے۔‘‘ یہ تبصرہ کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر اُس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کیا ہے، جس میں اتراکھنڈ بی جے پی صدر ’شدھی کرن‘ واقعہ کی حمایت کرتے سنائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں وہ ملکارجن کھڑگے کی تقریر والی جگہ پر ’شدھی کرن پوجا‘ کیے جانے کو یہ کہتے ہوئے درست ٹھہراتے ہیں کہ وہاں پر جو نعرے لگائے گئے، وہ مناسب نہیں تھے۔

اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے بی جے پی کو دلت مخالف قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس پارٹی کی ذہنیت ہی ایسی ہے۔ اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس نے واضح لفظوں میں لکھا ہے کہ ’’ملک کے دلتوں کے تئیں ایسی خراب سوچ رکھنے والی بی جے پی کو عوام معاف نہیں کرے گی۔‘‘ دلچسپ بات یہ ہے کہ مانسون اجلاس میں راجیہ سبھا کی کارروائی کے دوران جب ’ہلدوانی شدھی کرن‘ واقعہ پر حزب اختلاف کے قائد ملکارجن کھڑگے نے آواز اٹھائی تھی، تو مرکزی وزیر جے پی نڈا نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اس کی جانچ کرانے کا وعدہ کیا تھا۔ راجیہ سبھا کے چیئر سے بھی کہا گیا تھا کہ کسی بھی صورت میں اس طرح کے واقعہ کا دفاع نہیں کیا جا سکتا۔ حالانکہ اب اتراکھنڈ بی جے پی صدر کے تازہ بیان نے ایک بار پھر کانگریس کو حملہ آور ہونے کا موقع فراہم کر دیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ہلدوانی ریلی کے بعد ’شری رام سینا دھرمارتھ سیوا نیاس‘ کی جانب سے رام لیلا میدان میں ’شدھی کرن یگیہ‘ کرایا گیا تھا۔ تنظیم کے اراکین نے کھڑگے کو سناتن اور ہندو تنظیموں کا مخالف قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جس میدان میں رام لیلا کا انعقاد ہوتا ہے، وہاں ایسے شخص کے آنے کے بعد میدان کی تطہیر کیا جانا ضروری تھا۔ اب کانگریس کے درج فہرست ذات مورچہ نے اس پورے واقعہ کو دلت مخالف ذہنیت قرار دیتے ہوئے بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس کا الزام ہے کہ شدھی کرن یگیہ بی جے پی سے وابستہ لوگوں نے کرایا ہے۔ پارٹی لیڈران نے سوال اٹھایا ہے کہ آخر کانگریس کی ریلی کے بعد ہی رام لیلا میدان کے ’شدھی کرن‘ کی ضرورت کیوں پیش آئی؟

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔