قومی خبریں

مسلم خاتون کی دریا دلی: مندر کے لئے مانگا چندہ تو دے دی اپنی زمین

میرٹھ میں ایک عمر رسیدہ مسلم خاتون اکبری نے مذہبی ہم آہنگی کی مثال پیش کرتے ہوئے مندر تعمیر کے لئے 150 گز زمین عطیہ کردی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا مندر کے لئے زمین عطیہ کرنے والی اکبری اور مندر کی علامتی تصویر

اتر پردیش کے میرٹھ میں ایک مسلم خاتون نے مذہبی ہم آہنگی کی مثال پیش کی ہے۔ 67 سالہ مسلم خاتون اکبری نے مندر تعمیر کے لئے 150 گز زمین عطیہ کر دی۔ اکبری اس سے قبل مسجد کے لئے بھی زمین کا عطیہ کر چکی ہیں۔ اکبری کے اس فیصلہ سے ہندو طبقہ بے حد خوش ہے اور علاقہ میں اس مسلم خاندان کی ستائش ہو رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق معاملہ میرٹھ -باغپت روڈ پر واقع مسلم اکثریتی علاقہ سِوال خاص کا ہے۔ یہاں کے رہائشی ریٹائرڈ ٹیچر آس محمد نے میڈیا کو بتایا کہ کچھ روز قبل قصبہ کے کچھ لوگ ان کے گھر مندر کے لئے چندہ مانگنے کے لئے آئے۔ آس محمد کے مطابق وہ اس وقت گھر پر موجود نہیں تھے، چندہ مانگنے کے لئے آئے لوگوں نے گھر میں موجود ان کی بیوی اکبری سے مندر کے لئے زمین خریدنے اور اس کی تعمیر کے لئے چندہ مانگا۔ اس پر اکبری نے مندر تعمیر کے لئے اپنے کھیت میں سے 150 گز زمین دینے کی تجویز پیش کی۔ بعد میں اکبری کے شوہر اور بیٹے نے بھی اس تجویز کی حمایت کی۔ عطیہ کی گئی زمین کی قیمت 4 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔

Published: 22 Dec 2018, 7:05 PM IST

اکبری کے خاندان نےعطیہ کی ہوئی زمین سے متعلق حلف نامہ مجوزہ مندر کے ذمہ داروں کو سونپ دیا ہے۔ خبروں کے مطابق کاغذات ماسٹر رام گوپال کو سونپے گئے ہیں، جن کی نگرانی میں مندر تعمیر کا کام ہونا ہے۔

اس معاملہ پر اکبری نے کہا کہ ان کا اپنے مذہب پر پورا عقیدہ ہے اور وہ دوسرے مذاہب کی بھی عزت کرتی ہیں۔ اکبری کا کہنا ہے کہ انہوں نے زمین تحفہ میں اس لئے دی کیوں کہ کوئی پہلی مرتبہ ان سے مندر کے لئے چندہ مانگنے آیا تھا۔ واضح رہے کہ اکبری مسجد کے لئے بھی زمین عطیہ کر چکی ہیں اور اب ان کی زمین پر ہی مندر کی بھی تعمیر شروع ہوگی۔ مندر اور مسجد کے درمیان فاصلہ محض 100 گز کا ہوگا۔

Published: 22 Dec 2018, 7:05 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 22 Dec 2018, 7:05 PM IST