قومی خبریں

یوپی: سنبھل میں مسجد کمیٹی کے ماتحت ایک درجن دکانیں بلڈوزر کی زد میں، انتظامیہ نے 24 گھنٹے کا دیا وقت

مرکزی بازار میں سرکاری زمین پر قبضہ کر کے بنائی گئی ایک درجن دکانوں کو ہٹانے کے لیے انتظامیہ نے 24 گھنٹے کا وقت دیا ہے۔ مقررہ وقت پر نہ ہٹایا گیا تو بلڈوزر چلا کر دکانوں کو منہدم کر دیا جائے گا۔

بلڈوزر کی علامتی تصویر
بلڈوزر کی علامتی تصویر 

سنبھل جامع مسجد کے سروے کے بعد آئے دن سنبھل اور اس کے آس پاس کے علاقوں سے کوئی نہ کوئی نئی خبر نکل کر سامنے آ رہی ہے۔ اب سنبھل کوتوالی علاقہ کے مرکزی بازار میں مبینہ طور پر سرکاری زمین میں بنائی گئی تقریباً ایک درجن دکانوں کو ہٹانے کے لیے انتظامیہ نے 24 گھنٹے کا وقت دیا ہے۔ ساتھ ہی ایس ڈی ایم نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وقت مقررہ پر تجاوزات کو نہ ہٹایا گیا تو بلڈوزر چلا کر دکانوں کو منہدم کر دیا جائے گا۔ قابل غور بات یہ ہے کہ جن دکانوں پر بلڈوزر چلانے کی بات کہی گئی ہے ان کا کرایہ مسجد کمیٹی کے لوگ وصول کرتے تھے۔ یعنی یہ دکانیں مسجد کمیٹی کے ماتحت ہیں۔ ایس ڈی ایم وندنا مشرا نے اتوار (12 جنوری) کو ہی سنبھل کوتوالی کے احاطے میں دکانداروں کے ساتھ اس معاملے میں میٹنگ کی تھی، اور اب دکان ہٹانے کے لیے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم مل گیا ہے۔ جب سے یہاں ایک قدیم کنواں ملا ہے، تب سے انتظامیہ نے سرگرمی میں خاصہ اضافہ کر دیا ہے۔

Published: undefined

ایس ڈی ایم وندنا مشرا نے اس حوالے سے بتایا کہ جن دکانوں پر بلڈوزر چلانے کی بات کہی گئی ہے وہ سب سڑک کنارے آگے کر کے بنائی گئی تھیں۔ جس کی پیمائش کرائی گئی ہے۔ پیمائش کے بعد پتہ چلا ہے کہ یہ تمام دکانیں تجاوزات کی زد میں آ رہی ہیں۔ دوسری جانب اتوار کو صفائی کے ساتھ ساتھ کنویں کی مزید کھدائی جاری رہی۔ حالانکہ مسجد کے پاس بنے کنویں کی کھدائی پر عدالت نے روک لگا دی ہے۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ شہر میں حالیہ دنوں چلی تجاوزات ہٹاؤ مہم کے دوران میونسپل کونسل نے پرانی میونسپل کونسل کی عمارت سے متصل 3 دکانوں سمیت گووند ولبھ پنت اسکول سے متصل 11 دکانوں کو بھی منہدم کر دیا تھا۔ روزگار کے لیے بھٹک رہے دکانداروں سے اتوار کو ایگزیکٹیو افسر (ای او) کرشنا کمار سونکر نے اپنی رہائش گاہ پر واقع دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ای او نے دکانداروں کو بتایا کہ جن 14 لوگوں کی دکانیں ٹوٹی ہیں ان سب کو گووند ولبھ پنت اسکول میں دکانیں بنوا کر دی جائیں گی۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جلد ہی دکانوں کی تعمیر شروع کی جائے گی۔ سبھی دکاندار اس بات پر راضی ہو گئے۔ ای او سے جن دکانداروں نے ملاقات کی ان میں حاجی عمیل حسین، یامین حسین، شعیب، انور، سلیم، مدن موہن، وید پرکاش، سنتوش شرما، ساجد حسین، شریف، جنید، شکیل احمد، راشد وغیرہ شامل تھے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined