قومی خبریں

گنگا صفائی پر رام دیو کی تنقید سے اوما ہوئیں برہم، لکھا شکایتی خط

لندن کے ایک ٹی وی چینل پر گنگا صفائی سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں یوگا گرو بابا رام دیو نے واضح لفظوں میں کہہ ڈالا کہ ’اوما بھارتی کی فائل دفتر میں اٹک جاتی ہے‘۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

بابا رام دیو نے لندن کے ایک ٹی وی چینل پر گنگا صفائی کے تعلق سے کچھ ایسا کہہ دیا کہ آبی وسائل اور گنگا صفائی کی وزیر اوما بھارتی ناراض ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں۔ ساتھ ہی اوما بھارتی اپنا موازنہ ٹرانسپورٹیشن کے وزیر نتن گڈکری سے کیے جانے سے بھی برہم ہیں۔ اس سلسلے میں مرکزی وزیر اوما بھارتی نے یوگا گرو بابا رام دیو کو ایک خط لکھ کر اپنی تکلیف بیان کی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’مجھے آپ کے ذریعہ گنگا کا تذکرہ کرتے وقت دو وزراء کا موازنہ کرنا عجیب لگا۔ میں خود بھی نتن گڈکری کی شیدائی ہوں لیکن ان سے میرا موازنہ مجھے پسند نہیں آیا۔‘‘

اوما بھارتی کو اس بات سے بھی بہت تکلیف پہنچی ہے کہ بابا رام دیو نے ملک سے باہر انھیں تنقید کا نشانہ بنایا۔ وہ اپنے خط میں کہتی ہیں کہ ’’پوری دنیا کے سامنے لندن سے کسی ٹی وی چینل پر میرے بارے میں بات کرتے وقت شاید آپ کو یہ دھیان نہیں رہا کہ آپ مجھے ذاتی طور پر تکلیف دے رہے ہیں اور میرے وقار کومجروح کر رہے ہیں۔‘‘ وہ مزید لکھتی ہیں کہ ’’آٹھ سال کی عمر سے ابھی تک ان 50 سالوں میں سخت محنت، ایمانداری اور وطن پرستی ہی میری طاقت ہیں اور اسی اعتماد نے سیاست میں مجھے مناسب جگہ دلائی ہے۔‘‘ اپنے خط میں اوما بھارتی نے کہا ہے کہ انھیں (بابا رام دیو کو) سمجھنا چاہیے کہ ان کے منھ سے نکلا ایسا کوئی بھی جملہ انھیں (اوما بھارتی) نقصان پہنچا سکتا ہے۔

Published: 02 Jul 2018, 12:29 PM IST

اوما بھارتی اس لیے بھی بابا رام دیو سے ناراض نظر آتی ہیں کیونکہ وہ انھیں اپنا رہنما تصور کرتی ہیں اور ان سے اپنے لیے اچھی توقع رکھتی ہیں۔ وہ اپنے خط میں اس کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھتی ہیں کہ ’’آپ میرے رہنما ہیں۔ اکتوبر مہینے میں گنگوتری سے گنگا ساگر تک لاکھوں لوگ گنگا کے کنارے صفائی اور شجرکاری پروگرام میں حصہ لیں گے۔ میں آپ سے اور سبھی سنتوں سے اس میں شامل ہونے کے لیے گزارش کرتی ہوں۔‘‘

واضح رہے کہ لندن میں ایک ٹی وی چینل سے بات چیت کے دوران یوگا گرو بابا رام دیو نے گنگا کی صفائی کے ضمن میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اوما بھارتی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ اوما کی فائل دفتر میں اٹک جاتی ہے جب کہ گڈکری کی فائل نہیں اٹکتی۔ ساتھ ہی بابا رام دیو نے یہ بھی کہہ دیا تھا کہ ملک میں سب سے زیادہ اگر کسی وزیر کا کام نظر آتا ہے تو وہ نتن گڈکری کا کام ہے۔ اسی تبصرے سے اوما بھارتی ناراض ہو گئیں اور اپنی تکلیف بیان کرنے کے لیے بابا رام دیو کو خط لکھ ڈالا۔

Published: 02 Jul 2018, 12:29 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 02 Jul 2018, 12:29 PM IST