قومی خبریں

یوکرین نے روس پر 822 ڈرون داغے، جواب میں روس نے زیلنسکی کی جائے پیدائش والے شہر پر کی بمباری

روسی وزارت دفاع کے مطابق فوج نے 822 یوکرینی ڈرون مار گرائے یا ناکارہ بنا دیا۔ اس حملے میں روستوف اور بیلگورود سمیت مختلف علاقوں میں کم از کم 6 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>میزائل-ڈرون، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

میزائل-ڈرون، تصویر سوشل میڈیا

 

یوکرین نے اتوار کے روز روس کے 17 علاقوں میں طویل فاصلے کے ڈرونوں سے بڑا فضائی حملہ کیا ہے۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق فوج نے 822 یوکرینی ڈرون مار گرائے یا ناکارہ بنا دیا۔ اس حملے میں روستوف اور بیلگوروڈ سمیت مختلف علاقوں میں کم از کم 6 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ وہیں روس نے جوابی حملہ کرتے ہوئے یوکرینی صدر ولودمیر زیلنسکی کے آبائی وطن ’کریوی ریہ‘ میں واقع ملک کے سب سے بڑے ’آرسیلر متل اسٹیل پلانٹ‘ کو میزائل سے نشانہ بنایا، جس میں 2 افراد کی موت ہو گئی اور 14 زخمی ہوئے ہیں۔ ماسکو کے گورنر آندرے ووروبیوف نے حملوں کی تصدیق کی ہے، اور کہا ہے کہ روسی سیکورٹی فورسز نے راجدھانی کی جانب آ رہے 187 ڈرونوں کو ہوا میں ہی مار گرایا، اس حملے میں روس کے سب سے بڑے آن لائن ’ریٹیلر وائلڈ بیریز‘ کے چیف ’لاجسٹک ویئر ہاؤس‘ کو نشانہ بنایا گیا۔

ماسکو سے تقریباً 45 کلو میٹر جنوب میں کولیڈینو میں واقع تقریباً 250000 مربع میٹر میں پھیلے اس بڑے مرکز سے دھواں اٹھتے ہوئے دیکھا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ یوکرین نے حالیہ مہینوں میں کئی بار وائلڈ بیریز کے گودام کو نشانہ بنایا ہے اور ریٹیلر پر روسی فوج کے لیے لاجسٹکس سپلائی کا الزام لگایا ہے۔ یوکرین نے اب تک کمپنی کے 10 میں سے 7 بڑے مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔ روسی وزارت دفاع نے بتایا کہ حملے ملک کے جنوبی اور مغربی حصوں میں 17 علاقوں پر مرکوز تھے۔ روستوف علاقے کے گورنر یوری سلیسر کے مطابق یوکرینی فوج کے حملوں میں 5 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ جب کہ یوکرینی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے روسی ہتھیاروں کے لیے سالیڈ راکیٹ پروپیلنٹ تیار کرنے والا دفاعی صنعتی کمپلیکس تباہ کر دیا ہے۔ سرحدی علاقے بیلگوروڈ میں ایک بس پر ڈرون حملے میں ایک اور شخص کی موت ہو گئی۔

روس نے ’کریوی ریہ‘ کے علاوہ یوکرین کے کریمینچک اور سومی شہر پر بھی بمباری کی ہے۔ صدر زیلنسکی نے بتایا کہ روس نے گزشتہ ایک ہفتے میں 1550 سے زیادہ جنگی ڈرون، تقریباً 1560 گائیڈیڈ فضائی بم اور 62 میزائلیں داغی ہیں۔ زیلنسکی نے یورپی ممالک سے گودام میں رکھے انٹر سیپٹر اور ایئر ڈیفنس سسٹم فوراً دستیاب کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ شہریوں کی جان بچانے کے لیے روس کو روکنا ضروری ہے۔ اطلاع کے مطابق یوکرین اور روس جنگ کا دائرہ پڑوسی رومانیہ تک پھیل گیا ہے۔ رومانیائی وزارت دفاع کے مطابق مالڈووا کے راستے رومانیائی ایئر اسپیس میں صبح 5.01  بجے داخل ہوئے۔ ایک مشتبہ روسی ڈرون کو ’ہسپانوی نیٹو ایئر پولیسنگ مشن‘ کے ایف-18 جنگی جہاز نے مار گرایا، جس کا ملبہ 2 گاؤں میں گرا۔

یوکرین کی سرحد سے متصل رومانیاں میں اس سال ڈرون مار گرائے جانے کا یہ چوتھا حادثہ ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تنازعہ اب فوجی محاذوں سے آگے بڑھ کر اقتصادی اور صنعتی بنیادوں تک پہنچ چکا ہے۔ یوکرین جہاں طویل فاصلے کے ڈرونوں کے ذریعہ روس کی ریفائنریز، گودام اور ہتھیار بنانے والے پلانٹس کو نشانہ بنا رہا ہے تو وہیں روس بھی میزائلوں، گائیڈیڈ بموں اور ڈرونوں سے یوکرین کے توانائی اور پیداواری نظام کو تباہ کرنے میں مصروف ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔