قومی خبریں

’مہرولی آرکیالوجیکل پارک‘ کے اندر موجود 2 ڈھانچے مذہبی اہمیت کے حامل، اے ایس آئی نے سپریم کورٹ کو دی جانکاری

عدالت عظمیٰ کے سامنے پیش اے ایس آئی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شیخ شہاب الدین (عاشق اللہ) کی قبر پر موجود ایک نوشتہ بتاتا ہے کہ اس کی تعمیر 1317ء میں ہوئی تھی۔

سپریم کورٹ / آئی اے این ایس
سپریم کورٹ / آئی اے این ایس 

دہلی کے ’مہرولی آرکیالوجیکل پارک‘ میں موجود 2 انتہائی قدیم یادگاروں پر انہدامی کارروائی کا اندیشہ منڈلا رہا ہے۔ یہ دو قدیم یادگاریں ہیں عاشق اللہ کی درگاہ اور بابا فرید کی چلہ گاہ، جو کہ بارہویں اور تیرہویں صدی کے تاریخی ڈھانچے ہیں۔ ان دونوں ڈھانچوں کو بچانے کے لیے ایک عرضی سپریم کورٹ میں داخل کی گئی تھی اور اب اس سے متعلق ایک انتہائی اہم خبر سامنے آ رہی ہے۔ اے ایس آئی نے ان دونوں ڈھانچوں سے متعلق اپنی رپورٹ عدالت عظمیٰ میں پیش کر دی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ڈھانچے مذہبی اہمیت کے حامل ہیں۔

Published: undefined

اے ایس آئی (آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا) نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ مہرولی پارک کے اندر موجود 2 قدیم یادگاریں مذہبی اہمیت رکھتی ہیں، کیونکہ مسلم عقیدت مند روزانہ عاشق اللہ کی درگاہ پر حاضری دیتے ہیں۔ ساتھ ہی بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد صوفی سَنت بابا فرید کی چلہ گاہ پر بھی ہوتی ہے۔ عدالت کے سامنے پیش رپورٹ میں اے ایس آئی نے یہ بھی بتایا کہ شیخ شہاب الدین (عاشق اللہ) کی قبر پر ایک نوشتہ موجود ہے جس میں اس کی تعمیر 1317ء میں ہونے کا تذکرہ ہے۔

Published: undefined

اے ایس آئی کا کہنا ہے کہ بازآبادکاری اور تحفظ کے لیے ڈھانچہ میں ہوئی تبدیلی نے اس جگہ کی تاریخیت کو متاثر کیا ہے۔ یہ مقبرہ پرتھوی راج چوہان کے قلعہ کے قریب ہے۔ یہ قدیم یادگار اور مقام آثار قدیمہ و باقیات ایکٹ کے مطابق 200 میٹر کے ریگولیٹیڈ ایریا میں آتا ہے۔ اس لیے کسی بھی مرمت، تجدیدکاری یا تعمیری کام کو اہل اتھارٹی سے اجازت لینے کے بعد ہی کیا جانا چاہیے۔

Published: undefined

اے ایس آئی کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دونوں قدیم یادگاروں کا عقیدتمند اکثر دورہ کرتے ہیں۔ کچھ لوگ اپنی خواہش کی تکمیل کے لیے عاشق اللہ درگاہ پر موم بتی جلاتے ہیں، جبکہ بری روحوں اور برائی سے چھٹکارا پانے کے لیے چلہ گاہ پر جاتے ہیں۔ ساتھ ہی رپورٹ میں مطلع کیا گیا ہے کہ یہ مقام ایک خاص مذہبی طبقہ کے مذہبی جذبات اور عقیدہ سے بھی جڑا ہوا ہے۔

Published: undefined

واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ میں ضمیر احمد جملانا نے عرضی داخل کر دہلی کے مہرولی آرکیالوجیکل پارک کے اندر موجود صدیوں پرانے مذہبی ڈھانچوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا تھا۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے) نے تجاوزات ہٹانے کے نام پر ڈھانچوں کو ان کی تاریخی اہمیت کا اندازہ کیے بغیر منہدم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ضمیر احمد نے دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف 8 فروری کو سپریم کورٹ کا رخ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کی قیادت والی مذہبی کمیٹی ان ڈھانچوں کو منہدم کرنے کا فیصلہ کر سکتی ہے، حالانکہ یہ کمیٹی کسی ڈھانچہ کی تاریخیت طے کرنے کے لیے مناسب پلیٹ فارم نہیں ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined