قومی خبریں

وارانسی ایئرپورٹ پر مسافر کے پستول سے چلی گولی، 2 افراد زخمی

وارانسی ایئرپورٹ پر اتوار کو ہتھیار کی جانچ کے دوران ایک مسافر کے پستول سے اچانک گولی چل گئی۔ اس حادثے میں 2 افراد زخمی ہو گئے۔ دونوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

فائرنگ، علامتی تصویر یو این آئی
فائرنگ، علامتی تصویر یو این آئی 

وارانسی ایئرپورٹ پر اتوار (16 اگست) کو سیکورٹی میں بڑی کوتاہی کا واقعہ پیش آیا، جس کے باعث ایئرپورٹ پر ایک بڑا حادثہ ہو گیا۔ ہتھیار کی جانچ کے دوران ایک مسافر کے پستول سے اچانک گولی چل گئی۔ اس حادثے میں 2 افراد زخمی ہو گئے۔ دونوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں پولیس کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔

پولیس کے مطابق آج صبح تقریباً 9:30 بجے وارانسی کے لال بہادر شاستری بین الاقوامی ایئرپورٹ پر یہ واقعہ پیش آیا۔ اعظم گڑھ کے رہنے والے کملیش رائے اپنی اہلیہ کے ساتھ ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز آئی ایکس1810 سے وارانسی سے ممبئی جا رہے تھے۔ ان کے پاس لائسنس یافتہ پستول تھی۔ چیکنگ کے دوران جب پستول کی جانچ اور گولیوں کی گنتی کی جا رہی تھی، اسی دوران اچانک گولی چل گئی۔

دراصل گولی چیکنگ کر رہی خاتون کے پیر میں اور قریب کھڑے ایک دوسرے شخص کے انگوٹھے میں لگی۔ انہیں علاج کے لیے لکشمی اسپتال بھیجا گیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ افسران، گومتی زون کی ڈپٹی پولیس کمشنر اور پنڈرا کے اسسٹنٹ پولیس کمشنر سمیت کئی افسران موقع پر پہنچ گئے۔ معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔ اس معاملے میں قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی9 بھارت ورش‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق اس واقعے پر وارانسی ایئرپورٹ اتھارٹی نے کہا کہ آج 16 اگست 2026 کو صبح تقریباً 9:30 بجے ممبئی جانے والی پرواز آئی ایکس1810 کے ایک مسافر، جو اپنی اہلیہ کے ساتھ سفر کر رہا تھا، نے طیارے میں لے جانے کے لیے اپنے ہتھیار کی اطلاع دی تھی۔ ہتھیار کی جانچ کے دوران مسافر کی پستول سے اچانک گولی چل گئی، جس سے ’اے اے آئی سی ایل اے ایس‘  کے 2 اسکرینر (چیکنگ کرنے والے اہلکار) زخمی ہو گئے۔ دونوں کو علاج کے لیے نیو لکشمی ٹراما سنٹر لے جایا گیا۔ مقامی پولیس کو اس کی اطلاع دے دی گئی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔