قومی خبریں

طلاق ثلاثہ بل شریعت اسلامی میں کھلی مداخلت: مفتی ابولقاسم نعمانی

مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ ملی تنظیموں کو لائحہ عمل طے کرنا چاہئے اور غور وفکر کرنا چاہئے کہ جو قانون جبراً تھوپا جا رہا ہے اس کو روکنے کے کیا آئینی اور دستوری صورت اختیار کی جاسکتی ہے۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی

دیوبند: حکومت ہند کی جانب سے راجیہ سبھا میں پیش کئے گئے طلاق ثلاثہ بل کو منظوری مل گئی ہے جس کے بعد مسلمانوں میں تشویش کی لہر پائی جارہی ہے ۔ طلاق ثلاثہ بل راجیہ سبھا کے ذریعہ پاس کئے جانے پر مسلم دانشوران اور علماء میں کافی ناراضگی پائی جاتی ہے اور انہوں نے اس بل کو دستور ہند کے روح کے منافی قرار دیتے ہوئے صدر جمہوریہ ہند سے مطالبہ کیا ہے کہ بل پر حتمی منظوری کے دستخط کرنے کے بجائے نظرثانی کے لئے پارلیمنٹ کو واپس بھیج دیا جائے ۔

Published: undefined

اس سلسلہ میں دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ حکومت ہند کے ذریعہ پارلیمنٹ میں منظور شدہ طلاق ثلاثہ بل شریعت اسلامی میں کھلی مداخلت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نزدیک یہ بل ناقابل قبول اورناپسندیدہ اور حقوق نسواں کے بھی خلاف ہے ۔

Published: undefined

مولانا نے کہا کہ یہ قانون جمہوری نظام اور دستور ہند میں دی گئی مذہبی آزادی کے بھی منافی ہے۔ محض عددی قوت کی بنیا دپر یہ غیرمطلوبہ بل منظور کرالیا گیا جب کہ ملک کی ہزاروں مسلم خواتین نے اس قانون کے خلاف دستخطی مہم کے ذریعہ صدر جمہوریہ ہند کو میمورنڈم پیش کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند نے مسلم خواتین کی بڑی اکثریت کی آواز کو نہیں سنا اور اپنی عددی قوت کے زور پر اس کو منظور کرالیا ۔ اس لئے ہم اس کو مسترد کرتے ہیں اور صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دستور ہند کی روح مذہبی آزادی اور جمہوریت کی بقا کے پیش نظر اس بل پر حتمی منظوری کے دستخط کرنے کے بجائے نظرثانی کے لئے اس کو واپس پارلیمنٹ میں بھیج دیا جائے۔

Published: undefined

مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ ملی تنظیموں کو بھی اس سلسلہ میں لائحہ عمل طے کرنا چاہئے اور غور وفکر کرنا چاہئے کہ جو قانون جبراً تھوپا جارہا ہے اس کو روکنے کے کیا آئینی اور دستوری صورت اختیار کی جاسکتی ہے ۔ مولانا نے اس کو ایک نہایت حساس مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ مسلمانوں کو بھی اس کی مضرت سے باخبر اور ہوشیار رہنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم معاشرے کے ذمہ داران کو اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ یہ قانون ہمارے مسلم معاشرے پر منفی اثر نہ ڈال سکے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined