
ممتا بنرجی اور ابھیشیک بنرجی، تصویر بشکریہ @AITCofficial
ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) میں جاری سیاسی بحران کے درمیان پیر کو پارٹی میں بغاوت نے بڑا موڑ لیا ہے۔ اولوبیریا ایسٹ کے رکن اسمبلی رتبرت بنرجی کی قیادت والے باغی گروپ نے ابھیشیک بنرجی کو پارٹی سے معطل کرنے اور ممتا بنرجی کو پارٹی صدر کے عہدے سے ہٹانے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ باغی خیمے کی اہم میٹنگ میں لیا گیا، جس میں خود کو ’اصلی ترنمول کانگریس‘ بتانے والے لیڈران نے نئی تنظیمی کمیٹی کی تشکیل کے فوراً بعد ایک قرارداد منظور کر ابھیشیک بنرجی کی معطلی کا اعلان کیا۔
Published: undefined
باغی گروپ نے سینئر رکن اسمبلی اروپ رائے کو نئی تشکیل شدہ تنظیمی کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا ہے۔ رتبرت گروپ کی یہ میٹنگ نیو ٹاؤن کے ایک ہوٹل میں ہوئی جس میں باغی اراکین اسمبلی اور کولکاتہ میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) سمیت 3 اضلاع کے 70 کونسلرز نے شرکت کی۔ اس میٹنگ میں ہاوڑہ سنٹرل سے رکن اسمبلی اروپ رائے کو ممتا بنرجی کی جگہ پارٹی کا نیا چیئرپرسن مقرر کیا گیا۔
Published: undefined
باغی گروپ کا دعویٰ ہے کہ پارٹی کے اندر آئینی بحران کو لے کر یہ میٹنگ بلائی گئی تھی۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے رتبرت بنرجی نے کہا کہ ’’پارٹی آئین کے مطابق ہر 3 سال میں قومی مجلس عاملہ کی تشکیل ضروری ہے اور آخری بار یہ کمیٹی فروری 2022 میں بنائی گئی تھی۔ عہدیداروں کی مدت ختم ہونے کے بعد پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کی دوبارہ تشکیل نہیں کی گئی تھی۔ اس لیے پارٹی کی قومی قیادت کی تنظیم نو کا عمل شروع کرنا ضروری ہو گیا تھا۔‘‘
Published: undefined
تازہ ترین واقعات کے بعد ترنمول کانگریس اب 3 گروپ میں بٹی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ پہلا گروپ ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس ہے، دوسرا رتبرت بنرجی کا گروپ ہے جو اب بنگال اسمبلی میں اپوزیشن کا کردار ادا کر رہا ہے۔ جبکہ تیسرا گروپ کاکولی گھوش دستیدار کی قیادت میں تقریباً 2 درجن لوک سبھا اراکین پارلیمنٹ کا ہے، جنہوں نے ’نیشنل سٹیزنز پارٹی‘ (این سی پی) نامی چھوٹی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کر کے پارلیمنٹ میں این ڈی اے حکومت کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔
Published: undefined
اس کے ساتھ ہی ٹی ایم سی کے اندر جاری اندرونی خلفشار مزید گہرا ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ پارٹی میں بغاوت مسلسل پھیلتی جا رہی ہے۔ پہلے اراکین پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی کے ایک بڑے طبقے کے الگ ہونے کے بعد اب کولکاتہ اور کئی اضلاع کے سابق کونسلرز بھی باغی گروپ کے ساتھ شامل ہو گئے ہیں۔ بنگال اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد رتبرت بنرجی اور ٹی ایم سی کے باغی اراکین اسمبلی نے نیو ٹاؤن میں واقع ایک ہوٹل میں سابق کونسلرز کے ساتھ الگ سے میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں عاصم بوس، جوئے بسواس اور تارک سنگھ سمیت کئی لیڈران موجود تھے۔ میٹنگ میں رتبرت بنرجی، سندیپن ساہا، فرہاد حکیم، جاوید خان اور اروپ رائے بھی شریک ہوئے۔ ان کے علاوہ کولکاتہ، مرشد آباد، بہرام پور اور دیگر اضلاع کے سابق کونسلرز بھی اس میٹنگ میں موجود رہے۔
Published: undefined
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined