قومی خبریں

دہلی کے ٹکری کلاں میں سی این جی پمپ پر ٹرک میں بلاسٹ، 3 افراد جاں بحق

مرنے والوں میں ایک کی شناخت 25 سالہ منیش کے طور پر ہوئی ہے، جو مغربی دہلی کی بابا ہری داس کالونی کا رہنے والا تھا۔ دوسرے کی شناخت 32 سالہ سنی نظام پور کے طور پر ہوئی ہے۔ تیسرے کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر/آئی اے این ایس</p></div>

تصویر/آئی اے این ایس

 

دہلی میں ٹرک کے سی این جی سلنڈر میں ہوئے دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 3 ہوگئی ہے۔ افسران نے تصدیق کی ہے کہ ایک اور زخمی شخص نے دم توڑ دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ مرنے والے تمام افراد فیول اسٹیشن کے ملازم تھے۔ افسران کے مطابق بیرونی دہلی کے ٹکری کلاں میٹرو اسٹیشن کے قریب واقع ایک فیول اسٹیشن پر بدھ کے روز ٹرک میں سی این جی بھرتے وقت اس کا سلنڈر پھٹ گیا۔ دہلی پولیس نے بتایا کہ اس حادثے میں چھ افراد زخمی ہوئے تھے۔ افسران کے مطابق حادثے کے وقت ٹرک کے سی این جی سلنڈر میں گیس بھری جا رہی تھی۔ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔

مرنے والوں میں ایک کی شناخت 25 سالہ منیش کے طور پر ہوئی ہے، جو مغربی دہلی کی بابا ہری داس کالونی کا رہنے والا تھا۔ دوسرے متوفی کی شناخت 32 سالہ سنی نظام پور کے طور پر ہوئی ہے۔ تیسرے متوفی کی شناخت اب تک نہیں ہوسکی ہے۔ تاہم پولیس نے تصدیق کی ہے کہ تینوں متوفی سی این جی پمپ کے ملازم تھے۔ دہلی فائر سروس کے مطابق دوپہر 3.37 بجے فائر بریگیڈ کو واقعہ کی اطلاع ملی تھی۔ اطلاع ملتے ہی فائر ڈپارٹمنٹ کی کئی گاڑیاں موقع پر روانہ کی گئیں اور بچاؤ کا کام شروع کیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ٹرک سی این جی بھروانے کے لیے پمپ پر پہنچا تھا۔ اسی دوران دھماکہ ہوا۔ حالانکہ حادثے کی اصل وجہ اب تک واضح نہیں ہو پائی ہے۔ دھماکے کی وجہ کی جانچ کی جا رہی ہے۔

دہلی فائر سروس کی ٹیم جائے وقوعہ کا معائنہ کر رہی ہے اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آخر دھماکہ کیسے ہوا؟ تکنیکی خرابی، گیس رساؤ یا کسی اور وجہ سمیت مختلف پہلوؤں سے معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ راحت کی بات یہ رہی کہ دھماکے کے بعد صورتحال زیادہ خوفناک نہیں ہوئی کیونکہ یہ دھماکہ سی این جی پمپ پر ہوا۔ وقت رہتے اگر ضروری اقدامات نہ کیے گئے ہوتے تو حالات سنگین ہو سکتے تھے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔