
علامتی تصویر بشکریہ آئی اے این ایس
اترپردیش کے فتح پور ضلع کے کھاگا تھانہ علاقے میں درگا مورتی کے وسرجن کے بعد ایک المناک حادثہ پیش آیا۔ تالاب میں نہانے گئے پانچ افراد ڈوبنے لگے۔ مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے دو افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا جبکہ تین افراد کی موت ہو گئی۔ واقعے کے بعد پولیس اور انتظامیہ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے ۔
نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق خوشیاری پور گاؤں ماجرے چک کٹوگن میں نصب دو درگا مورتیوں کا وسرجن سلطان پور تھانہ علاقہ کے نوبستہ گھاٹ پر طے تھا۔ پولس کی موجودگی میں جلوس گھاٹ کی طرف جا رہا تھا۔ اس دوران کچھ لوگ مورتی کے ساتھ چلتے ہوئے اسے مقررہ جگہ پر لے جانے کے بجائے گاؤں کے تالاب پر پہنچ گئے اور وہاں اس کا وسرجن کر دیا۔
مورتی کے وسرجن کے بعد کچھ لوگ نہانے کے لیے تالاب میں اترے۔ اس دوران پانچ افراد کے ڈوبنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مقامی لوگوں کی مدد سے دو لوگوں کو بحفاظت باہر نکالا۔ کافی کوشش کے بعد تین دیگر افراد کو بھی تالاب سے نکال کر سی ایچ سی ہردو لے جایا گیا۔ وہاں علاج کے بعد تینوں کو مردہ قرار دے دیا گیا۔
پولیس انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ مورتیوں کو صرف مخصوص جگہوں پر ہی وسرجن کریں اور تالابوں یا وسرجن مقامات کے قریب نہانے سے گریز کریں۔ بدھ کو ہونے والے وسرجن کے پیش نظر تمام متعلقہ مقامات پر پولیس اور انتظامیہ کی ڈیوٹی لگا دی گئی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔