
تصویر ٹوئٹر
رائے پور: کانگری کے پلینری اجلاس کے پہلے دن اسٹیرنگ کمیٹی کی میٹنگ میں جہاں یہ طے پایا گیا کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ارکان کے لئے کوئی انتخابات نہیں ہوں گے وہیں کانگریس کے آئین میں ترمیمات کے لئے بھی سفارش کی گئی ہے۔ ان ترمیمات میں جہاں سبھی حلقوں کی نمائندگی کو یقینی بنانے کی بات کہی گئی ہے وہیں یہ بھی سفار ش کی گئی ہے کہ کانگری کے سابق صدور اور سابق وزیر اعظم کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کا رکن بنایا جائے۔
اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ڈھائی گھنٹے تک جاری رہا اور اس میں 45 ارکان نے شرکت کی۔ تام، گاندھی خاندان کا کوئی بھی رکن اس میں موجود نہیں رہا۔ کانگریس کے سینئر رہنما جے رام رمیش نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیرنگ کمیٹی کے تمام ارکان نے اتفاق رائے سے یہ منظور کیا کہ کانگریس کے صدر کو اختیار دیا جائے کہ وہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ارکان کو نامزد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کی وجہ سے ارکان نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ارکان کے لئے انتخابات نہ کرائے جائیں اور صدر کو ارکان طے کرنے کا اختیار دیا جائے۔
جے رام رمیش نے یقین ظاہر کیا کہ سبجیکٹ کمیٹی کانگریس کے آئین میں ترمیمات کو قبول کر لے گی اور اگر ایسا ہوتا ہے تو سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور منموہن سنگھ خود بخود کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ارکان بن جائیں گے۔ کل کے برعکس آج انہوں نے پون کھیڑا کے موضوع پر کوئی بات نہیں کی۔
دریں اثنا، کانگریس کے سینئر رہنما جے رام رمیش نے صحافیوں کو بتایا کہ راہل گاندھی آج رائے پور پہنچ جائیں گے اور شام کو ہونے والی سبجیکٹ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کل صبح 10.30 بجے کانگریس صدر کھڑگے اجلاس سے خطاب کریں گے اور ان کے بعد کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی خطاب کریں گی۔
آج صبح اجلاس میں شرکت کرنے تین کو چھوڑ کر تمام ارکان دو بسوں سے آئے اور پہلی بس میں سب سے اگلی سیٹ پر راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت بیٹھے تھے، جبکہ بس سے سب سے پہلے اترنے والی امبیکا سونی تھیں۔ اس بس میں پون بنسل اور اجے ماکن بھی موجود تھے۔ ان تمام ارکان کا چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے پھولوں کا ہار پہنا کر استقبال کیا۔ چدامبرم، سرجے والا اورسپل بس کی جگہ کار سے پہنچے تھے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔