قومی خبریں

دہلی کی ہوا میں بہتری کے آثار نہیں، مسلسل 85 دن سے ’پی ایم 10‘ گزشتہ سال کے مقابلے خراب: اجئے ماکن

اجئے ماکن کی جانب سے ’سانس: دن 103‘ عنوان سے شیئر کی گئی رپورٹ کے مطابق دہلی کے وزیرپور علاقے میں آج صبح ’پی ایم 10‘ کی ریڈنگ 157 ریکارڈ کی گئی، جو ’ماڈریٹ‘ یعنی درمیانی زمرے میں آتی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>گرافکس ’ایکس‘&nbsp;@ajaymaken</p></div>

گرافکس ’ایکس‘ @ajaymaken

 

کانگریس کے خزانچی اور رکن پارلیمنٹ اجئے ماکن نے دہلی کی فضائی آلودگی سے متعلق روزانہ اعداد و شمار پیش کر رہے ہیں۔ آج پھر انھوں نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک رپورٹ شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسم کے اثرات کو ہٹانے کے بعد دہلی کی ’پی ایم 10‘ ہوا گزشتہ سال کے اسی دن کے مقابلے میں خراب رہی ہے۔ ان کے مطابق 30 مئی سے یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے اور اب 85 دن مکمل ہو چکے ہیں۔ یعنی 85 دنوں سے مسلسل دہلی کی ہوا گزشتہ سال کے مقابلے خراب رہی ہے۔

اجئے ماکن کی جانب سے ’سانس: دن 103‘ عنوان سے شیئر کی گئی رپورٹ کے مطابق دہلی کے وزیرپور علاقے میں آج صبح ’پی ایم 10‘ کی ریڈنگ 157 ریکارڈ کی گئی، جو ’ماڈریٹ‘ یعنی درمیانی زمرے میں آتی ہے۔ رپورٹ میں مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے حوالے سے اس ریڈنگ کے ساتھ ’None‘ درج کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیرپور کے اس ایک مانیٹر کے 4 کلومیٹر کے دائرے میں تقریباً 14,08,080 افراد رہتے ہیں۔ تاہم رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی مانیٹر کے 4 کلومیٹر کے دائرے میں رہنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہاں رہنے والا ہر شخص اسی مانیٹر کی ریکارڈ کی گئی ہوا میں سانس لے رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ فرق بھی واضح طور پر درج کیا گیا ہے۔

اجئے ماکن کی جانب سے شیئر کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال اب تک جن 234 دنوں میں فضائی آلودگی کی پیمائش کی گئی، ان میں 161 دن ایسے رہے جب دہلی کی ہوا گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ خراب رہی۔ رپورٹ میں روزانہ کی بنیاد پر ریکارڈ کیے جانے والے فضائی آلودگی کے اعداد و شمار کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ جو اعداد و شمار ہر روز دیکھے جاتے ہیں، انہیں خاموشی سے دبایا نہیں جا سکتا۔ اس رپورٹ میں دہلی کی ’پی ایم 10‘ آلودگی کا گزشتہ سال کے مقابلے میں روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا گیا ہے اور اس میں موسمی اثرات کو الگ کر کے ہوا کے معیار کا موازنہ کیا گیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔