
جئے رام رمیش / آئی اے این ایس
رام مندر چندہ چوری معاملہ پر کانگریس نے ایک بار پھر مرکز کی مودی حکومت کو نشانے پر لیا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے ’چڑھاوا چوری، عقیدہ سے دھوکہ‘ عنوان کے ساتھ طویل سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’کہتے ہیں نہ کہ چوری کبھی چھپتی نہیں، اور کسی نہ کسی شکل میں اس کی قلعی کھل ہی جاتی ہے۔ ایودھیا کے شری رام مندر میں عطیات کی چوری معاملے میں ہر روز ہو رہے نئے انکشافات مرکز اور اتر پردیش کی حکومتوں کے ذریعہ بی جے پی-آر ایس ایس-وی ایچ پی سے منسلک لوگوں کو بچانے کی کوششوں کا پردہ فاش کر رہے ہیں۔‘‘
کانگریس لیڈر نے اپنی پوسٹ میں موجودہ حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کئی سوالات بھی برسراقتدار طبقہ کے سامنے اٹھائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’معاملہ اب صرف چوری کا نہیں رہ گیا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا جانچ کے نام پر ملک کی عوام اور سپریم کورٹ دونوں کو گمراہ کیا گیا؟ واضح ہے کہ 2 ایس آئی ٹی بنائی گئی... ایک لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے اور دوسری عدالت کو دکھانے کے لیے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’20 جولائی کو سپریم کورٹ میں حکومت کی طرف سے کہا گیا کہ پہلی ٹیم جانچ نہیں کر رہی تھی، پھر 4 اگست کو وزیر اعلیٰ نے اسمبلی میں اسی ٹیم کی ابتدائی جانچ کا حوالہ کیوں دیا؟ ایسا کس بنیاد پر کیا گیا؟ کیا ایوان کو غلط جانکاری دی گئی، یا سپریم کورٹ کو گمراہ کیا گیا؟ اگر جانچ ہی نہیں ہوئی تھی تو کس عبوری رپورٹ کی بنیاد پر 6 جولائی کو ٹرسٹ نے چمپت رائے کو کلین چٹ دے دی تھی؟‘‘
جئے رام رمیش نے اس سوشل میڈیا پوسٹ میں یکے بعد دیگرے کئی سوالات داغے ہیں، جو بہت کچھ سوچنے کو مجبور کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’مزید ایک سنگین سوال ہے۔ آئی جی کرن ایس پہلی ٹیم میں بھی شامل تھے اور سپریم کورٹ کے حکم کے بعد تشکیل ایس آئی ٹی کے چیف بھی بنے۔ اگر پہلی ٹیم جانچ نہیں کر رہی تھی، تو اس میں ان کا کردار کیا تھا؟ اور اگر اسی ٹیم یا اس کے افسران نے کوئی رپورٹ ٹرسٹ کو سونپی، تو کس اختیار اور کس حکم کے تحت؟‘‘ ساتھ ہی وہ یہ بھی پوچھتے ہیں کہ ’’اگر ان کی رکنیت والی پہلی ایس آئی ٹی نے ٹرسٹ کو رپورٹ سونپی اور اس کی بنیاد پر ٹرسٹ نے اپنے افسران کو کلین چٹ دے دی، تو دوسری رپورٹ کی ضرورت ہی کیا رہ جاتی ہے؟ اس میں کیا نتائج برآمد ہونے والے ہیں، یہ تو پہلے ہی طے مان لیا جائے گا۔‘‘