قومی خبریں

این ڈی اے کو محض 320 اراکین پارلیمنٹ کی حمایت، دو تہائی اکثریت حاصل کرنا آسان نہیں!

حکومت کے پاس 320 اراکین پارلیمنٹ کی حمایت ہے، جو آئینی ترمیم سے متعلق کسی بھی بل کو منظور کرانے کے لیے کافی نہیں ہوگا۔ دو تہائی اکثریت کے لیے این ڈی اے کو مزید 21 اراکین کی حمایت چاہیے۔

<div class="paragraphs"><p>نئی پارلیمنٹ/ آئی اے این ایس</p></div>

نئی پارلیمنٹ/ آئی اے این ایس

 

مرکز میں برسراقتدار ’نیشنل ڈیموکریٹک الائنس‘ (این ڈی اے) اب حد بندی اور خواتین ریزرویشن سے متعلق ترمیمی بل منظور کرانے کے لیے اپنی پوری طاقت جھونکتا نظر آ رہا ہے۔ اطلاع کے مطابق آئندہ سرمائی اجلاس میں یہ بل پیش کیا جا سکتا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ اس بل کو منظور کرانے کے لیے این ڈی اے کو لوک سبھا میں دو تہائی اکثریت کا ہدف حاصل کرنا ہوگا۔ راشٹریہ لوک دل کے سینئر لیڈر کے سی تیاگی کا کہنا ہے کہ ’’حدبندی بل اور خواتین سے متعلق بل، دونوں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ این ڈی اے پوری طاقت کے ساتھ انہیں منظور کرانے کی کوشش کرے گا۔ ہمیں امید ہے کہ یہ بل پاس ہو جائے گا۔ کانگریس سمیت اپوزیشن کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ حدبندی اور خواتین سے متعلق بل کی مخالفت کر کے کانگریس عوام میں اپنی ساکھ کمزور کرے گی۔‘‘

دراصل امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دسمبر کے پہلے ہفتہ میں ہی پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس شروع ہوگا۔ حالانکہ اب تک تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ بی جے پی ترجمان آر پی سنگھ نے کہا کہ دیکھیے ہم تو خواتین ریزرویشن بل کو لانا ہی چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ خواتین کی سیٹوں میں اضافہ ہو۔ حدبندی ہو اور خواتین کی نشستوں کی تعداد بڑھے۔ لیکن اپوزیشن قصداً رکاوٹیں پیدا کرتی ہے۔ آئینی ترمیم سے متعلق بل کو منظور کرانے کے لیے صرف اکثریت کافی نہیں ہے، بلکہ ایوان میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنا ضروری ہے۔ اس کے لیے حکومت کو 361 اراکین کی حمایت چاہئے۔ یہ تعداد اس لیے ہے کہ فی الحال لوک سبھا میں کل 540 اراکین پارلیمنٹ ہیں اور 3 سیٹیں خالی ہیں۔

فی الوقت حکومت کے پاس 320 اراکین پارلیمنٹ کی حمایت ہے، جو آئینی ترمیم سے متعلق کسی بھی بل کو منظور کرانے کے لیے کافی نہیں ہوگا۔ اس لحاظ سے این ڈی اے کو مزید 21 اراکین کی حمایت چاہئے۔ یعنی یہ واضح ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی حمایت کے بغیر یہ ممکن نہیں ہے۔ قیاس آرائی کی جا رہی تھی کہ این ڈی اے کی کئی اپوزیشن جماعتوں سے بات چیت چل رہی ہے، لیکن اب تک کسی بھی جماعت نے کھل کر اس بل کی حمایت نہیں کی ہے۔ پی ٹی آئی بھاشا سے جمعرات کے روز بات چیت کرتے ہوئے حکومت کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ یہ بل 15 سے 18 ووٹوں کے فرق سے منظور ہو جائے گا۔ خاص بات یہ ہے کہ اب تک مانسون اجلاس کا باضابطہ اختتام نہیں ہوا ہے۔ اجلاس 13 اگست کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔ اس طرح 94 دن گزرنے کے باوجود اجلاس کا باضابطہ اختتام نہیں ہوا، جو ایک ریکارڈ ہے۔

ان بلوں کا مقصد حدبندی کے ذریعے لوک سبھا کی موجودہ 543 نشستوں کی تعداد بڑھا کر زیادہ سے زیادہ 850 کرنا ہے۔ اس سے 2029 کے عام انتخابات سے قبل پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن نافذ کرنے کی راہ ہموار ہو جائے گی۔ ایجنسی کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ حکومت ایک ایسے فارمولے پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت تمام ریاستوں میں لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد میں 50 فیصد تک اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ اس کا مقصد حدبندی کے اثرات کے حوالے سے ظاہر کی جانے والی تشویشات کو دور کرنا ہے، خاص طور پر جنوبی ریاستوں کے خدشات کو۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔